کئی مقامات پر شاہراہ پر گر آئے پتھر اور ملبہ ہٹایا گیا
محمد تسکین
بانہال// ضلع رام بن کے مختلف علاقوں میں پیر کی صبح سے درمیانے درجے کی بارش کا سلسلہ دوپہر تک جاری رہا، جس سے گرمی کی شدت میں نمایاں کمی آئی ہے اور موسم خوشگوار ہوگیا ہے ۔ بانہال ۔ رام بن سیکٹر میں بارش کے باوجود جموں ۔ سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت معمول کے مطابق جاری رہی، اگرچہ چند مقامات پر پتھر اور ملبہ گرنے سے شاہراہ کی ایک لین عارضی طور پر متاثر ہوئی۔بانہال، رامسو اور رامبن سمیت مختلف علاقوں میں صبح سے دوپہر تک وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہی جس کے باعث کئی ندی نالوں میں پانی کی سطح بڑھ گئی، تاہم کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ ٹریفک حکام کے مطابق رام بن کے کرول اور مہاڑ کے علاقوں میں بارش کے دوران سڑک پر پتھر اور ملبہ گرنے سے شاہراہ کی ایک لین کچھ وقت کے لیے بند رہی، جس کے باعث دونوں جانب سے ٹریفک کو دوسری لین کے ذریعے گزارا گیا۔ٹریفک پولیس حکام نے بتایا کہ بارش کے دوران شاہراہ کے مختلف مقامات پر گرے ہوئے پتھروں اور ملبے کو نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا کی مشینری اور عملے نے بروقت ہٹا کر متاثرہ لین پر ٹریفک بحال کر دیا۔ ٹریفک حکام کے مطابق پیر کے روز ہزاروں مسافر گاڑیوں نے دونوں طرف کے ٹریفک میں اپنی اپنی منزلوں کا سفر کیا ، جن میں امرناتھ یاترا مکمل کرکے واپس آنے والے یاتریوں کی گاڑیاں بھی شامل تھیں، جبکہ دونوں قافلے دوپہر تک بحفاظت جموں پہنچ گئے تھے۔ادھر ضلعی انتظامیہ، ٹریفک پولیس اور این ایچ اے آئی نے بارش کے پیش نظر شاہراہ کے حساس مقامات، جن میں پیڑاہ، ڈونگی پلی، کرول، مہاڑ، سیری، منکی موڑ، پیٹری چشمہ، سیتا رام پسی، ماروگ، انوکھی فال، موم پسی، رامسو اور شالگڑی چملواس شامل ہیں، پر خصوصی نگرانی جاری رکھی ہے۔ حکام نے بتایا کہ ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ یا پتھر گرنے کے واقعات سے فوری نمٹنے کے لیے ان مقامات پر کوئیک رسپانس ٹیمیں تعینات رکھنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔