عظمیٰ نیوز سروس
جموں//بی جے پی کے سینئر لیڈر اور سابق نائب وزیر اعلیٰ کویندر گپتا نے منگل کو زور دے کر کہا کہ مودی حکومت کے گزشتہ نو سال ترقی کے لیے وقف کیے گئے ہیں جو جامع، ترقی پسند اور پائیدار ہے۔بی جے پی کے رہنما جاری سمپرک سے سمرتھن ابھیان کے تحت لوگوں سے بات چیت کر رہے تھے جس کے تحت انہوں نے وارڈ نمبر 52 میں واقع تریکوٹہ نگر میں گھر گھر مہم کا انعقاد کیا، اور مودی حکومت کی طرف سے ملک کی ترقی کے گراف کو تبدیل کرنے کے لئے کئے گئے غیر معمولی کاموں سے آگاہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کی قیادت میں حکومت تمام شہریوں کے لیے برابری اور مواقع پیدا کرنے کے اپنے عہد میں ثابت قدم رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایم مودی نے ترقی کی سیاست کو مرکزی دھارے میں لایا ہے اور اسے مرکزی نقطہ بنا دیا ہے جس کے گرد اب سیاسی گفتگو اور پالیسی ایکشن گھومتا ہے۔ پچھلے نو سال میں، عوامی خدمات کی فراہمی اور سرکاری اسکیموں کے نفاذ میں ایک مثالی تبدیلی آئی ہے۔ 2014 میں عہدہ سنبھالنے کے بعد سے، پی ایم مودی ہر پالیسی سازی اور کارروائی میں ‘بھارت کو پہلے’ رکھنے کے اپنے عزم پر قائم ہیں۔ یہ عزم حکومت کے بیرونی اور داخلی سلامتی، اقتصادی انتظام، پسماندہ گروہوں کے لیے بااختیار بنانے کی اسکیموں، ثقافتی تحفظ کی کوششوں اور اسی طرح کی دیگر چیزوں سے ظاہر ہوتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی ملک کی خوشحالی کے لیے ضروری ہے کہ اس کا بنیادی ڈھانچہ تیزی سے ترقی کرے اور پی ایم مودی کی متحرک قیادت میں حکومت نے پچھلے نو سال میں ملک کو ترقی کی معراج پر لے جانے کی ضرورت کو پورا کیا ہے، جو چند دہائیوں پہلے ایک خواب تھا۔
مودی حکومت کے 9 سال میں جامع ، ترقی پسند، پائیدار ترقی کو یقینی بنایاگیا: کویندر