جموں//نیشنل کانفرنس کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال نے شیر کشمیر بھون جموں میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی پی اور بی جے پی اتحاد والی حکومت آر ایس ایس کے اسرائیلی طرز کے ایجنڈاپر کام کر رہا ہے اور اس بات میں کوئی دو رائے نہیں کہ پی ڈی پی بھاجپا کی ہی ایک شاخ ہے ، جس کا خلاصہ وقت وقت پر ہوتا آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کا ایجنڈا ریاست جموں وکشمیر میں سٹیٹ سبجیکٹ قانون، دفعہ370، دفعہ35اے کو ختم کرنا اور یہاں کے آبادیاتی تناسب کو تہس نہس کرنا ہے ، جس کیلئے انہوں نے پی ڈی پی کا وجود عمل میں لایا اور آج یہ دونوں جماعتیں اپنے ناپاک عزائم کو عملی جامہ پہنانے کیلئے پر تول رہے ہیں۔ ڈاکٹر کمال نے کہا کہ پی ڈی پی نے انتخابات میں بی جے پی کو حکومت سے دور رکھنے کیلئے عوام سے ووٹ مانگے اور آج قلم دوات جماعت اسی بھاجپا کے ساتھ حکومت سازی اور ریاست دشمن کاموں کے خاکوں میں رنگ بھرنے میں مصروف ہے۔ڈاکٹر کمال نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ریاست جموں وکشمیر کے تینوں خطوں کے اتحاد کی علامت رہی ہے اور شیر کشمیر کی یہی جماعت ان تینوں خطوں کی وحدت کی واحد ضمانت ہے۔نیشنل کانفرنس ہی وہ واحد سیاسی اور عوامی نمائندہ جماعت رہی ہے جس نے ہر نازک موڑ پر یہاں کے لوگوں کی صحیح رہنمائی کی اور اسی جماعت کی عظیم قربانیوں کی بدولت ریاست میں جمہوری اداروں کا قیام اور عوام راج کو وجود عمل میں آیا۔