پونچھ//عالمی یوم انسداد منشیات پرضلع انتظامیہ کی جانب سے پونچھ میں مختلف مقامات پر پروگراموں کا انعقاد عمل میںلایا گیا۔اس سلسلہ میں ایک ریلی ضلع ترقیاتی کمیشنر پونچھ کے دفتر سے نکالی گئی جس میں ضلع انتظامیہ اور ضلع پولیس کے افسران اور دیگر عملہ کے علاوہ سیول سوسائٹی ممبران،کھلاڑیوں، سماجی کارکنان اور سیاسی لیڈران کی بڑی تعداد نے حصہ لیا۔ قبل ازیں ضلع ترقیاتی کمیشنر پونچھ نے ریلی کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا جو بس اڈہ کے راستے سے ہوتے ہوئے سپورٹس اسٹیڈیم پونچھ میں اختتام پذیر ہوئی۔ جہاں ضلع ترقیاتی کمیشنر پونچھ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منشیات کا بڑھتاہوا رحجان معماران قوم کو برباد کردے گااس لیے ضروری ہے کہ مذہبی ، اخلاقی، سماجی ، نفسیاتی ، معاشرتی ، روحانی ، انفرادی اوراجتماعی حوالوں سے بھر پور قوت کے ساتھ منشیات کی روک تھام کے لئے جنگ لڑی جائے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات سمگلروں کے گرد گھیرا تنگ کیا جاچکا ہے اور اس سلسلے میں اس اثرورسوخ کو کسی خاطر میں نہیں لایاجارہاہے لیکن جب تک سماجی کارکن نشے کی طلب روکنے میں کامیاب نہیں ہوپاتے اس کی رسد روکنے میں ہماری تمام تر محنت و کاوش موثر نہیں ہوسکتی ، انہوں نے کہاکہ تعلیم یافتہ مائیں معاشرتی برائیوں کی روک تھام میں موثر کردار ادا کرسکتی ہیں،ضرورت اس امر کی ہے کہ انھیں تعلیم صحت ، معیشت، روزگار سماجی ہم آہنگی اور اس کی پاسداری جیسے امور میں شریک کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ اپنے بچوں کو نشے جیسی لعنت سے بچانے کے لئے ایک ماں سے بڑھ کر کوئی کردار ادا نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی پرورش نہ ہونے ،بے روزگاری اورڈپریشن کی وجہ سے نوجوانوں میں منشیات کی لعنت بڑھ رہی ہے۔ ضروررت ہے کہ پورا معاشرہ منشیا ت کی روک تھام میں بھرپور کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ ضلع پولیس اور ضلع انتظامیہ کی جانب سے منشیات مخالف مہم شروع کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات پوری دنیا کہ لئے چیلنج بن چکا ہے اور اس کا استعمال کرنے والوں میں نوجوان لڑکوں کے ساتھ ساتھ نوجوان لڑکیوں کا اضافہ انتہائی تکلیف دہ عمل ہے ۔انہوں نے کہا کہ ضرورت ذمہ داریوں سے آگہی کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ضرورت ہے کہ سماجی کارکن منشیات کی طلب روکنے کیلئے تمام تر اختلافات کو بھلا کر متحد ہوں اور اس کے خلاف جہاد کریں ، اگر ہم نے اپنے بچوں کو اور آنے والی نسلوں کو اس موذی مرض سے محفوظ رکھنا ہے تو ہمیں مل کر تمام وجوہات کا جائزہ لینا ہوگاجو منشیات کی طلب کو بڑھاتے ہیں ان وجوہات میں سب سے بڑی وجہ والدین یا سربراہ خاندان کا اپنے بچوں کی سرگرمیوں سے لاعلمی ہونا ہے۔انہوں نے کہا منشیات کی بیماری میں صرف عادی فرد ہی متاثر نہیں ہوتا بلکہ اس کے تمام گھر والے متاثر ہوجاتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ منشیات سے پاک صحت مند معاشرے کا قیام ہم سب کی ذمہ داری ہے اس لئے ہم سب کو آج اپنے علاقہ کو نشہ کی لعنت سے پاک کرنے کا عزم کرنا ہوگا اور نشے سے پاک صحت مند معاشرے کی تشکیل میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔علاوہ ازیںپونچھ پولیس کی جانب سے عالمی یوم انسدادمنیشات کے سلسلے میں بائیک ریلی کااہتمام کیا۔بائیک ریلی کوضلع پولیس لائن سے اے ایس پی انوارالحق نے ڈی ایس پی موہن شرما ،ڈی ایس پی بھیشم دوبے اورایس ایچ اوپونچھ سچندرسنگھ کی موجودگی میں ہری جھنڈی دکھائی ۔ریلی شہرکے مختلف حصوں سے ہوتے ہوئے سپورٹس سٹیڈیم پونچھ پہنچ کراختتام پذیرہوئی۔اس موقعہ پر’’سے نوٹوڈرگ‘،سٹے الائیو، اورڈونٹ ڈرنگ اینڈڈرائیوکے پلے کارڈ لے کرسترپولیس اہلکاروں نے سڑک پربائیک چلائی۔اس دوران اے ایس پی نے سماج کے ہرفردسے اپیل کی کہ وہ منشیات کے خلاف جنگ لڑنے کیلئے آگے آئے تاکہ معاشرے کومنشیات سے پاک بنایاجاسکے۔
سرنکوٹ
سرنکوٹ // سرنکوٹ کے بوائز ہائر اسکینڈری سکول اور گرلز ماڈل ہائر اسکینڈری سکول سرنکوٹ اور ہائر اسکینڈری سکول لٹھونگ کی جانب سے منشیات مخالف الگ الگ ریلیاں نکالی گئیں،جن کاانعقادڈی سی پونچھ اعجاز اسد کی ہدایت پرکیاگیا۔ اس دوران بوائز سکول کی ریلی بس اسٹینڈپہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ اور گرلز ماڈل سکول کی ریلی ہاڑی محلہ اقبال نگر سے سکول پہنچ میں اختتام پذیر ہوئی۔وہیں دیگر سکولوں نے بھی اس مہم میں حصہ لیا۔ منشیات کو لے کر بہت سارے نوجوان اپنی جان گنوابیٹھے ہیںاور اس کے خطرناک اثرات نوجوان نسل زنگ کی طرح کھا رہے ہیں جس کا بہت بڑا نقصان نوجوان نسل کو ہو رہاہے لیکن ڈرگس جیسی لعنت کو روکنے کے لیے ڈرگس ریلیاں نکالی گئیں۔ اس موقعہ پر گرلز ہائر اسکینڈری سکول کے پرنسپل افتخار حسین شاہ نے بتایا کہ اس ڈرگس مخالف ریلی کا اہم مقصد یہ ہے کہ سماج ومعاشرے سے برائی کوجڑ سے اکھاڑا جا سکے لیکن اس مہم میں سول سوسائٹی ، نوجوانوں ، سیاسیدانوںکواس لعنت سے چھٹکارا پانے کے لیے پہل کر نی چاہے تاکہ نوجوانوں کا مستقبل سنوارا جا سکے تاہم پرنسپل بوائز ہائر اسکینڈری سکول سرنکوٹ محمد مختارخان نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر یہ ریلیاں انجام دی ہیں جس کا مقصد بچوں کے ذریعہ گھر گھر تک ڈرگس کے مضراثرات سے متعلق جانکاری فراہم کرنا ہے۔ ڈرگس کو ختم کرنے کے لیے اس وباء کی جڑ تک پہنچنا ضروری ہے کیونکہ ڈرگس کو ختم کرنے ہر انسان کو سامنے آناہو گا۔ اس وبا کے خلاف جنگ لڑنی ہو گی۔ اسی طرح دیگر سکولوں میں بھی تقریبات منعقد ہوئیں۔ تمام سکولوں کے پرنسپلوں نے انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ جنہوں نے ریلوں کو کامیاب بنانے میں اہم رول ادا کیا۔ اس میں تمام اساتذہ کرام ریلی میں پیش پیش رہے۔
مینڈھر
مینڈھر//تحصیل انتظامیہ ، پولیس اور مختلف سکولوں کے طلبا و طالبات کی جانب سے ’’منشیات سے پاک مینڈھر‘‘ کے عنوان سے ریلی نکالی گئی۔ ریلی کو ایس ڈی ایم مینڈھر ڈاکٹر تنو یر احمد خان نے تحصیلدارمینڈھرجہانگیرخان ،نائب تحصیلدارمینڈھرآفتاب حسین شاہ ، ایس آئی محمدشوکت خان کی موجودگی میںہر ی جھنڈی دکھائی ،اس کے علاوہ ڈپٹی سی او مینڈھر ، پر نسپل بو ائر سکینڈری سکول مینڈھر، ایس ڈی پی او مینڈھر ، پر وفیسر چوہد ری بھی مو جو د تھے ۔ریلی بو ائز ہا ئر سکینڈری سکو ل مینڈھر تک نکالی گئی ۔ریلی میں شریک اسکولوں کے طلبا و طالبات بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے منشیات کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ پولیس کی جانب سے منشیات فروشوں کے خلاف کی جانے والی کارروائیاں قابل تعریف ہیں، امید ہے بہت جلد مینڈھرکو منشیات پاک کیا جائے گا اور منشیات کی کا دھندہ کر نے والو ں کے خلاف مز ید کا روائی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ منشیات سے پاک معاشرہ ہی صحت مند معاشرے کا ضامن ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ان اشیاء کی فروخت پر پابندی عائدکرتی ہے لیکن اس پابندی پر عملدرآمد کروانے والے اپنے ناجائز مفادات کی خاطر عملدرآمد نہیں کرواتے جس کے باعث ان اشیاء کی کھلے عام فروخت کا سلسلہ جاری ہے۔ انھوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ مضر صحت اشیاء کی کھلے عام فروخت کا نوٹس لیتے ہوئے ملوث افراد کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے۔ شرکانے مطالبہ کیا کہ مینڈھر سے منشیات کے مکمل خاتمے تک اپریشن جاری رکھا جائے۔ اس موقع پر کئی تحصیل افسر ریلی کے ساتھ مو جو د تھے۔
ڈگری کالج پونچھ
گورنمنٹ ڈگری کالج پونچھ نے عالمی یوم انسدادمنشیات کے سلسلے میں سمپوزیم کاانعقاد کیاجس میں رضاکاروں، این سی سی کیڈٹوں، گرین ویلی کوچنگ انسٹی چیوٹ کے طلباء نے شرکت کی۔اس دوران پروگرام کی صدارت پروفیسرسیدمسرت حسین شاہ ،پرنسپل ڈگری کالج پونچھ نے کی اس موقعہ پر عبدالحمیدشیخ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر مہمان خصوصی جبکہ ڈاکٹرشمیم بھٹی ڈپٹی سی ایم اوپونچھ ،سپیشل گیسٹ تھے۔
اس دوران سلمیٰ ڈار، صاحبہ پروین،من پریت سنگھ نے موضوع سے متعلق خیالا ت کااظہارکیا۔اس موقعہ پرڈاکٹر شمیم احمدبانڈے نے پروگرام کی نظامت کی۔ اس دوران ڈاکٹرمحمداعظم ایچ اوڈی زولوجی، پروفیسرخادم حسین،ایچ اوڈی زولوجی، ڈاکٹرفاروق احمد، این ایس ایس پروگرام آفیسر، ڈاکٹرارونگ زیب انجم ،پروفیسرفتح محمدعبداسی، ایم ایس قاضی،سیکریٹری گرین ویلی کوچنگ انسٹی چیوٹ، نزاکت حسین،پروفیسرمحمدرزاق ودیگرمعززین بھی موجودتھے۔
راجوری
عالمی یوم انسدادمنشیات کے موقعہ پر راجوری ضلع میں مختلف تقریبات وریلیوں کااہتمام کیاگیا۔اس سلسلے میں اہم تقریب ضلع ہیڈکوارٹرمیں منعقدہوئی جہاں ایک ریلی کااہتمام کیاگیاجوضلع ہسپتال راجوری سے شروع ہوئی۔ریلی کے انعقادکیلئے محکمہ طبی تعلیم اور ضلع ہسپتال راجوری کے باہمی اشتراک کیا۔اس ریلی کوہری جھنڈی ایڈیشنل ایس پی راجوری محمدیوسف نے میڈیکل سپرانٹنڈنٹ ڈاکٹرمحمودبجاڑ اور ڈی ای سپی ہیڈکوارٹرگوبندرتن کی موجودگی میں دکھائی۔ریلی کھیوڑہ بازاراورگوجرمنڈی سے ہوتی ہوئی ڈاک بنگلہ راجوری پہنچ کراختتام پذیرہوئی جہاں پرمقررین نے خیالا ت کااظہارکرتے ہوئے منشیات کے مضراثرات پرتبادلہ خیال کیا۔علاوہ ازیں ہمالین ایجوکیشن کالج نے ایک تقریب منعقدکی جس میں ایڈیشنل ایس پی راجوری محمدیوسف نے پاورپوائنٹ پرزنٹیشن کے ذریعے جانکاری دی۔اس کے علاوہ ڈرائیوروں وکنڈیکٹروں کیلئے بھی بیداری پروگرام کاانعقادبس اسٹینڈراجوری میں کیاگیا۔اس موقعہ پر اے ایس پی محمدیوسف ،ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر،گوبندرتن ،انچارج پولیس چوکی سٹی،ایس آئی دانش مقبول نے منشیات کے مضراثرات کے بارے میں خیالا ت کااظہارکیا۔اسی طرح کالاکوٹ میں ایس ایچ اوکالاکوٹ مشتاق احمدکی قیادت میں تقریب منعقدکی گئی۔سندربنی میں ایس ایچ اوتلک راج کی نگرانی میں پروگرام منعقدکیاگیا۔اس دوران تمام پروگراموں کی نگرانی ایس ایس پی راجوری یوگل منہاس کررہے تھے۔