عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں منشیات اور ملی ٹینسی “ایک ہی سکے کے دو رخ” ہیں، اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ تحقیقات سے منشیات کی سمگلنگ کے نیٹ ورکس اور خطے میں سرگرم ملی ٹینٹ تنظیموں کے درمیان براہ راست روابط کا انکشاف ہوا ہے۔منشیات سے پاک جموں و کشمیر مہم سے متعلق ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے، ایل جی نے کہا کہ مختلف تحقیقات کے دوران اکٹھے کیے گئے شواہد نے ملی ٹینسی اور بنیاد پرستی کی سرگرمیوں کی مالی اعانت کے لیے منشیات کی سمگلنگ کو فروغ دینے میں پڑوسی ملک کے ملوث ہونے کو ظاہر کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ کچھ سمگلروں نے غیر قانونی تجارت کے ذریعے دولت اکٹھی کی ہو اور مکانات تعمیر کیے ہوں، لیکن رقم کا بڑا حصہ بالآخر نوجوانوں کو بنیاد پرست بنانے، ہتھیاروں کی خریداری اور جموں و کشمیر اور ملک کے دیگر حصوں میں ملی ٹینسی پھیلانے میں ملوث تنظیموں تک پہنچتا ہے۔منوج سنہا نے کہا کہ انتظامیہ کا بنیادی مقصد نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو تباہ کرنے کی سازش رچی گئی ہے تاکہ “نئے جموں و کشمیر” اور ترقی یافتہ ہندوستان کے وژن کو پٹری سے اتار دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اگر جموں و کشمیر کے نوجوان برباد ہوں گے تو وہ آگے کیسے بڑھیں گے؟ ۔انہوں نے مرکز کے زیر انتظام علاقے سے منشیات کے استعمال اور ملی ٹینسی کے خاتمے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔