راجوری //ضلع مجسٹریٹ راجوری کی قیادت والی ضلع سطحی کوآرڈی نیشن کم سکریننگ کمیٹی نے ملی ٹینسی ، آر پار شلنگ اور فرقہ وارانہ کشیدگی سے جڑے 90مسائل کو حل کرتے ہوئے متاثرہ کنبوں کو ایکس گریشیاء ریلیف دینے کی راہ ہموار کی ۔میٹنگ میں ایس ایس پی راجوری یوگل منہاس ، اے ڈی ایم عبدالقیوم میر ، پی او آئی سی ڈی ایس محمد رشید ، سب ڈیویژنل مجسٹریٹس ، فوج ، سی آر پی ایف ، بی ایس ایف ، سیکورٹی فورسز کے نمائندے ، سی ایم او ، ڈی ایس ڈبلیو او اور دیگر افسران بھی موجود تھے جنہوںنے تفصیلاًتبادلہ خیال کرتے ہوئے ان معاملات کو حل کیا ۔اس دوران آر پار شلنگ کی وجہ سے تباہ ہونے والے رہائشی مکانات کے 44کیس اورمال مویشی کی ہلاکت کے 14کیس معاوضے کیلئے کلیئر کئے گئے ۔اس کے علاوہ ایس آر او تینتالیس کے تحت 12کیس حل کئے گئے جن کے متاثرین کو معاوضہ دیاجائے گا جبکہ اسی طرح سے ہلاکت اور زخمی ہونے کے 8دیگر معاملات کو بھی حل کیاگیا ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ایس آر او تینتالیس کے تحت72کیس پہلے ہی حل کئے گئے ہیں جو پچھلے بیس سال سے زیر التواتھے ۔ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ متاثرین کو مقررہ مدت میں امداد فراہم کرنے کو یقینی بنائیں ۔ کمیٹی نے فرقہ وارانہ کشیدگی کے دوران نقصانات پر چھ کیسوں کو بھی حل کیا ۔