سرنکوٹ +راجوری //جموں وکشمیر کے دیگر حصوں کی طرح پیر پنچال پہاڑی سلسلے میں ہوئی موسم کی پہلی برفباری کی وجہ سے مغل شاہراہ ٹریفک کےلئے بند ہوگئی ہے ۔جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب سے ہی خطہ کے موسم میں تبدیلی آئی جس کے دوران کئی گھنٹوں تک بارش و برفباری کا سلسلہ جاری رہا ۔دو خطوں کو آپس میں جوڑنے والی مغل شاہراہ کے بند ہونے کےساتھ ساتھ انتظامیہ کے درماندہ ہوئے 12افراد کو بھی باز یاب کروالیا ہے ۔انتظامیہ نے بتایا کہ دیگر علاقوں کی ہی طرح مغل شاہراہ پر پوشانہ سے پیر گلی تک برفباری ہوئی ہے جس کی وجہ سے شاہراہ اس وقت ٹریفک کی آمد ورفت کےلئے بند ہو گئی ہے ۔ڈپٹی ایس پی ٹریفک نے بتایا کہ برفباری کے دوران شاہراہ پر پھنس گئے 12افراد کو باز یاب کروالیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اطلاع ملنے کے بعد جموں وکشمیر پولیس ،ٹریفک پولیس اور فوج کی جانب سے ایک مشترکہ آپریشن شروع کیا گیا جس کے دوران 12افراد کو باز یاب کر کے پوشانہ فوجی کیمپ میں منتقل کیا گیا جس کے بعد ان کو گھروں میں بھیج دیا گیا ہے ۔دوسری جانب جموں پونچھ نیشنل قومی شاہراہ NH144Aپر بگنوٹی کے مقام پر ایک ٹرک پھنس جانے کی وجہ سے ٹریفک کی آمد ورفت بند رہی ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ٹرک کے پھنس جانے کی وجہ سے شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت بند رہی ۔انہوں نے بتایا کہ تین گھنٹوں کی محنت کے بعد حکام نے ٹریفک کی بحالی کےلئے متبادل تیار کیا جس کے بعد ٹریفک کی نقل و حرکت شروع ہوئی ۔
موسم کی پہلی بارش
شاہپور سڑک لوگوں کےلئے مصیبت بن گئی
محمد بشارت
کوٹرنکہ //سب ڈویژن کوٹرنکہ میں ہوئی شدید بارش کی وجہ سے کئی رابطہ سڑکیں مکینوں کےلئے مصیبت بن گئی ہیں ۔لوگوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ متعلقہ حکام و تعمیر اتی ایجنسیوں کی جانب سے سڑک کی حالت کومعیاری نہیں بنایا گیا جس کی وجہ سے بارشوں کی میں ان کی زمینیں اور رائشی مکانات بھی متاثر ہوجاتے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ رابطہ سڑک شاہپورکی انتہائی خراب حالت کی وجہ سے نالیوں و ملحقہ علاقہ کا پانی لوگوں کی زرعی زمینوں و رہائشی مکانات میں داخل ہو گیا ہے جبکہ سڑک پر پیدا ہوئی پھسلن کی وجہ سے گاڑیوں کی آمد ورفت بھی متاثر ہو گئی ہے ۔مکینوں نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ رابطہ سڑکوں کی حالت کو معیاری بنایا جائے تاکہ مسافروں و ٹرانسپورٹروں کےساتھ ساتھ مکینوں کو سہولیات میسر ہو سکیں ۔