سرنکوٹ//مغل شاہراہ کی بحالی کو لے کر خطہ پیر پنچال کے ہر ایک حصہ سے آوازیں بلند ہورہی ہیں جبکہ ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ نے کہاکہ وہ انہوں نے اس سلسلہ میں ایک مکتوب اعلیٰ حکام کو روانہ کیا ہے او ر اب وہ جواب کا انتظار کررہے ہیں ۔شاہراہ لگاتا ر بند رہنے اور انتظامیہ کی سستی کو معززین نے تنقید کرتے ہوئے کہاکہ شاہراہ کومشکل وقت میں استعمال کرنے کیلئے تعمیر کیا گیا تھا تاہم انتظامیہ کی جانب سے رواں براس جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیاجارہا ہے ۔انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ کئی دنوں سے شاہراہ سے برف ہٹالی گئی ہے لیکن اس کے باوجود بھی اس پر ٹریفک بحال نہیں کی جارہی ہے ۔ا س سلسلہ میں مولانا اخلاق حسین قادری نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ نامعلوم وجوہات کی بنیاد پر سڑک کو بند رکھا جانا قابل تشویش ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت لوگ کووڈ سے مجبور ہیں جبکہ انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ شاہراہ کی بحالی کو یقینی بنائے تاکہ مجبور میں لوگوں کو ہسپتال ودیگر سہولیات میسر ہو سکیں ۔ ان کا کہنا تھا اس سڑک سے ملکی سالمیت کو کوئی نقصان نہیں بلکہ ملکی مفاد کے لئے یہ سڑک تعمیر کی گئی تھی۔سرنکوٹ کی کئی دیگر شخصیات نے انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ عوامی مفادکیلئے مغل شاہراہ کو جلدازجلد بحال کیاجائے ۔ضلع انتظامیہ پونچھ نے بتایا کہ سڑک سے برف ہٹا کر مکمل کیا گیا ہے تاہم اس سلسلہ میں ایک مکتوب اعلیٰ حکام کو ارسال کیا گیا ہے اور اب وہ جواب کے منتظر ہیں ۔
مغل شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت شروع کی جائے :شکیل میر
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // چیئرمین میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی شکیل احمد میر نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ مغل شاہراہ کو مسافروں کی آوا جاہی کے لئے فوری طور پر بحال کیا جائے۔میر نے کہا کہ راجوری پونچھ کا ہیلتھ سسٹم زیادہ تر کشمیر سے جڑا ہوا ہے کیونکہ یہاں سے اکثر مریض صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ میں خصوصی علاج و معالجہ کیلئے جاتے ہیں انکی دقت دور کرنے کیلئے بھی مغل شاہراہ کو کھولنا از حد ضروری ہے۔اس کے علاوہ گوجر، بکروال اور پہاڑی برادری جو اپنے مال مویشیوں کے ساتھ موسم گرما کے ایام گزارنے کیلئے ڈھوکوں میں جاتے ہیں ، کی سہولت کیلئے بھی مغل روڈ کو جلد از جلد کھولا جائے۔انھوں نے ڈپٹی کمشنر پونچھ ، ایس ایس پی پونچھ اور ایس ایس پی ٹریفک سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ مغل شاہراہ کو مسافروں کی آوا جاہی کے لئے کھولنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں تاکہ لوگوں کی پریشانیوں کا ازالہ ہو سکے۔ انھوں نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے یہ مطالبہ کیا کہ مغل شاہراہ کو سارے موسموں میں قابل سفر بنایا جائے اور خطہ پیر پنجال کے لوگوں کو سہولت دی جائے۔چیئرمین موصوف نے کہا کہ کورونا خدشات کے پیش نظر دہرہ کی گلی کے مقام پر کرونا چیک پوسٹ بھی لگائی گئی ہے جہاں پر لوگوں کی کرونا ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں لہذا ایسی صورت میں شاہراہ کو بلاوجہ بند کرنے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔