بانڈی پورہ//پولیس نے بانڈی پورہ ، گاندربل اور بارہمولہ میں کورونا وائرس سے متعلق معیاری عملیاتی طریقۂ کار (SOPs)کی خلاف ورزی کرنے کی پاداش میں 2دکانداروںسمیت11افراد کو گرفتار کرکے ٹریکٹر، ٹپر اور جے سی بی سمیت12گاڑیوں کو ضبط کیا ۔ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد اور ایس ایس پی محمد زاہد کی ہدایت پر پولیس تھانہ بانڈی پورہ کے ایس ایچ او کی قیادت میں اہلکاروں نے ضلع میں لاک ڈائون پر عمل نہ کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی۔ پولیس نے اُن دکانداروں کیخلاف کارروائی کی جنہوںنے دکانیں کھولی تھیں اور ایک دکاندار کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے مزید کارروائی کرتے ہوئے معیاری عملیاتی طریقۂ کار پر عمل نہ کرنے پر 5گاڑیوں کو بھی ضبط کرلیا۔ ضلع میں کورونا کی وبا کو پھیلنے سے روکنے کیلئے سخت بندشیں عائد کی گئی ہیں اور ضلع انتظامیہ و پولیس نے خصوصی مہم شروع کی ہے تاکہ لاک ڈائون کو سختی سے عائد کیا جائے۔ ادھر سی این ایس کے مطابق گاندربل پولیس نے 4 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا جنہوں نے سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کی۔ پولیس نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ لاک ڈاؤن سے متعلق ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔اس دوران پولیس اسٹیشن بارہمولہ ،پولیس پوسٹ میر گنڈاور پولیس پوسٹ کنگمدارہ نے کارروائی کی۔غیر قانونی طور مٹی نکالنے پر بارہمولہ پولیس نے چندوسہ ، سنگھ پورہ پٹن،اور کنگمدارہ علاقے میں 9افراد کو گرفتار کیا اور 3ٹریکٹر،3 ٹپراور 1 جے سی بی ضبط کئے ۔پولیس نے اس سلسلے میںکیس کو تعلقہ دفعات کے تحت درج کیاہے ۔