مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کی چھوٹے شاہ زیارت پر علماءکی جانب سے معاشرے کی اصلاح کے سلسلہ میں ایک اجلاس منعقد کیا گیا ۔اس اجلاس کے دوران مختلف معاملات پر تفصیلی بات چیت کی گئی ۔مقررین نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اصلاح معاشرہ کے لئے مثبت اقدامات اٹھائے جائیں۔ اجلاس میں موجود تمام علمائے کرام نے عہد کیا کہ معاشرے سے برائیوں کو دور کرنے کےلئے کوششیں کرنے کےساتھ ساتھ تعاون بھی کیا جائے گا ۔اجلاس میں طے پایا گیا کہ میاں بشیر احمد لاروی کے ایصال ثواب کے لئے چھوٹے شاہ دربار میں عنقریب ایک محفل منعقد کی جائے گی جس میں تحصیل بھر سے عوام و علماءکی شرکت یقینی بنائی جائے گی۔ درس گاہوں کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ دینی درس گاہیں بچوں کی دینی اور اخلاقی تربیت میں موثر کردار ادا کرتی ہیں۔ اس لئے تحصیل کی تمام درس گاہوں کا ریکارڈ قائم کیا جائے اور ایک نصاب تیار کیا جائے جس کے تحت طلباءکی صلاحیتوں کو نکھارا جائے۔انہوں نے کہاکہ جس علاقے میں درس گاہ ہوگی وہاں الگ سے ٹیوشن پڑھانے کی اجازت نہیں ہوگی اور نصاب کے مطابق اساتذہ کی تقرری کی جائے گی تاکہ اس طرح دینی نظام تعلیم کو فروغ دیا جاسکے اور طلباءبہتر اندازمیں تعلیم حاصل کر سکیں۔ اجلاس میں خطیب مولانا عبدالرشید نعیمی جامع مسجد نکرمینڈھر ،مولانا سید اخیار احمد شاہ جامع مسجد دربار چھوٹے شاہ قاری مشتاق احمد عطاری بھاٹہ کس حافظ اخلاق احمد ، مولانا شمیم احمد جامع مسجد لائی مولانا شہزاد احمد عطاری ،مولانا سید مقرب اور مولانا مختار احمد علیمی جامع مسجد فیضانِ اعلی حضرت بھاٹی دھارمینڈھر نے بھی شرکت کی ۔