مکہ مکرمہ//سعودی عرب میں حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلی شیخ ڈاکٹرعبدالرحمن السدیس نے کہا ہے کہ مسجد الحرام کا گیٹ نمبر 100 ملک عبداللہ کے نام سے منسوب کیا گیا ہے، خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اس کی منظوری دی ہے۔سعودی میڈیا کے مطابق ڈاکٹرعبدالرحمن السدیس نے کہا کہ سعودی حکمرانوں نے اپنے عہد میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی کی تعمیر، تزئین اور ہر لحاظ سے اسے پرشوکت بنانے پر بھرپور توجہ دی ہے۔ بانی مملکت شاہ عبدالعزیز کے دور سے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے عہد تک ہر حکمراں نے اس بات کا خیال رکھا ہے۔ادھرسعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود بہت جلد ریکروٹنگ کمپنیوں کو گھریلو عملے کی ملازمت کے معاہدے کی انشورنس کا پابند بنائے گی۔ انشورنس کے قواعد و ضوابط تیار کیے جا رہے ہیں،یہ کام مکمل ہوتے ہی عمل درا?مد کا اعلان کیا جائے گا۔ کارکن کی موت، فرار ہونے، ڈیوٹی پر نہ آنے یا لاپتہ ہوجانے کی صورت میں آجر کو انشورنس پیکیج کے تحت مطلوبہ اخراجات ملیں گے۔ موت کی صورت میں میت کی واپسی کے اخراجات انشورنس کمپنی ادا کرے گی۔ پروگرام کے مطابق ریکروٹنگ کمپنیوں پر یہ پابندی ہوگی کہ اگر ملازم مر جائے، ڈیوٹی سے قاصر رہے، نازک یا لاعلاج مرض میں مبتلا ہوجائے تو ان تمام صورتوں میں ریکروٹنگ کمپنی آجر کو متبادل کارکن فراہم کرے۔ انشورنس پروگرام میں گھریلو عملے کے جائز مفادات کا تحفظ شامل ہے۔ مثلا اگر وہ مکمل طور پر معذور ہو جائے یا کسی حادثے کی وجہ سے مستقل بنیاد پر جزوی طور پر معذور ہوجائے تو ایسی صورت میں اسے معاوضہ لینے کا حق ہوگا۔ اسی طرح اگر آجر کی موت کی وجہ سے اسے تنخواہ نہ ملی ہو تو ایسی صورت میں بھی اسے معاوضہ دیا جائے گا۔ اگر آجر تنخواہ کی ادائیگی کی پوزیشن میں نہ رہے تو ایسی صورت میں بھی گھریلو ملازم کے نقصان کا تدارک کرنا ہوگا۔