شمالی ضلع کپوارہ میں ضلع سطح کے کھلونے میلے کا انعقاد
کپوارہ /اشرف چراغ/ شمالی ضلع کپوارہ میں انسٹچیوٹ آف ایجوکیشن اینڈ ٹرینگ کپواڑہ نے کھلونے میلے کا انعقاد کیا جس میں ضلع کے 11 تعلیمی زونوں کے 49طلاب حصہ لیکر اپنے اپنے کھلونے پیش کئے اور ان کی خصوصیات پیش کیں۔میلے کا افتاح چیف ایجوکیشن آفیسر کپواڑہ عبدالحمید فانی نے کی اور انہوں نے اس میلے کی افادیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگراموں سے طلاب میں تخلیقی شعور بیدار ہوگا۔ اس موقع پر سٹیٹ کارڈی نیٹر اشفاق انجم سامون بھی موجود تھے۔ انہوں نے بھی اس میلے کے انعقاد کرنے کے اغراض و مقاصد بیان کئے۔طلبہ و طالبات کے کھلونوں کو پرکھنے کے لیے تین ججوں کی تقرری عمل میں میں لائی گئی جن میں غلام محمد صوفی ایچ او ڈی، محمد مقبول میر، محمد یاسین میر شامل تھے۔ پہلی تین پوزیشن حاصل کرنے والے میں زون ہندوارہ کی صالح حجاز نے پہلی، پرائمری اسکول چونٹی پورہ زون ماور کے محسن منظور نے دوسری، بائز ہائی اسکول ماگام ہندوارہ کے پیرزادہ عرفان نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔انہیں انعامات سے نوزا گیا۔
عرس مبارک حضرت ابو بکر صدیق | آن لائن کانفرنس کا اہتمام
سرینگر// خلیفہ اول حضرت ابو بکر صدیقؓ کے عرس شریف کی نسبت سے حقانی میموریل ٹرسٹ نے آن لائن کانفرنس کااہتمام کیاجس میں کئی علمائنے شرکت کی۔علماء نے حضرت صدیق اکبرؓکی سیرت طیبہ پر روشن ڈالتے ہوئے کہا کہ تاریخ عالم میں بہت کم شخصیات ایسی نظر آتی ہیں جن کی سادگی اور کفایت شعاری کی نظیر نظر نہیں آتی ہے اور دوسری طرف ایثار و استقامت اور دین کی آبیاری میں ان کی خدمات نظر آتی ہوں۔ کانفرنس کی صدارت مولانا شوکت حسین کینگ نے کی۔ انہوںنے حضرت ابو بکر صدیقؓ کے عرس مبارک کی نسبت سے کہا کہ آیات قرانی اور احادیث نبوی سے ان کی فضیلت عیاں ہے ۔ مولانا خورشید احمد قانونگو نے کہا کہ فضائل و مناقب میں خلیفہ اول حضرت صدیق اکبرؓ لاثانی ہیں ۔ سید الرحمان شمس نے حضرت ابو بکرؓکی عظمت بیان کرتے ہوئے کہا کہ ایک جید مغربی مصنف نے حضرت صدیقؓ کی شان میں بجا طور لکھا ہے کہ پہاڑ اپنی جگہ سے ہل سکتا ہے لیکن ایمان اور استحکام کے معاملات میں حضرت صدیق ؓ کو اپنی جگہ سے ہلاناناممکن تھا ۔انجمن مصباح الاسلام کے صدر مولانا مبارک حسین نعمانی نے کہا کہ حضرت ابوبکر صدیقؓ کی اسلامی خدمات اور عظمت کا بیان قران مقدس اور احادیث مقدسہ میں آیا ہے۔ مرکز اسلامی کے روح رواں اوردانشور سید بلال کرمانی نے حضرت ابوبکر صدیقؓکے فضائل بیان کرتے ہوئے کہا کہ حضرت ابوبکر صدیقؓ کے خاندان کو جو شرف حاصل ہے وہ صحابہ میں کسی کونصیب نہیں ہوا۔ ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ سید حمید اللہ حقانی نے حضرت صدیق اکبرؓکی عظمت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آپ ایثار و استقامت ، نظام خلافت اور آپ کی اسلامی خدمات سے آپؓ کی عظمت و رفعت عیاں ہوتی ہے۔ٹرسٹ کے جنرل سکریٹری بشیر احمد ڈار نے تمام شرکا ء کا شکریہ ادا کیا۔
منشیات مخالف مہم | رعناواری میںشہری گرفتار
سرینگر// منشیات مخالف مہم کے دوران سرینگر پولیس نے ایک شہری کو گرفتار کیا ہے اور اس کے قبضے سے ممنوعہ مادہ برآمد کیا ہے۔ایس ایچ او رعناواری کی سربراہی میں پولیس نے کاٹھی دروازہ کے مقام پر ایک ناکہ لگایا جہاں انہوں نے بلال احمد شاہ عرف ساگر ساکن مخدوم صاحب کے نام سے ایک شخص کو روکا۔تلاشی کے دوران مذکورہ شہری کے قبضے سے 134 گرام چرس برآمد کیا گیا۔ اسے گرفتار کرکے پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا اورایف آئی آر نمبر 05/2021 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ۔
سوپور میں3 جیب کترے گرفتار
غلام محمد
سوپور//شمالی قصبہ سوپور میں پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے جیب کتروں کے ایک گروہ کو بے نقاب کیا ہے اور تین ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قصبہ کے بھیڑ بھاڑ والے علاقوں میں چوریوں کی مسلسل پیش آنے والی وارداتوں کی اطلاعات پر پولیس تھانہ سوپور نے گذشتہ دو روز سے پیش آنے والے معاملات میںدو ایف آئی آر درج کئے ہیں اور مقدمات کی تفتیش کے دوران ایف آئی آر نمبر 32/2021 U / S 379 IPC اور ایف آئی آر نمبر 33/2021 U / S 379 آئی پی سی کے تحت تین مشتبہ افراد کی شناخت کی جن میںنثار احمد مٹہانجی ساکن اشٹنگو بانڈی پورہ ، دانش منظور گنائی ساکن پوتکھاہ مقام سوپور اور وسیم احمد صوفی ساکن سیر جاگیر سوپور سے پوچھ تاچھ کی اور انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ اس جرم کے مرتکب ہوچکے ہیں۔
پولیس اہلکارکی دیانتداری | 15ہزارروپئے وارث کے سپرد
سوپور//سوپورمیں پولیس کے ایک اہلکار نے دیانتداری کا ثبوت پیش کرتے ہوئے 15ہزار روپے کی رقم کواُس کے حقیقی وارث کو لوٹا دئے۔ ڈی ایس پی( پی سی) سوپور محمد امین کے ذاتی محافظ ا شتیاق احمد نے سوپور میں 15000 روپئے رقم پاکر سوشل میڈیا کا سہارا لیکر رقم کو اصلی وارث تک پہچانے کیلئے لوگوں سے تعاون طلب کیا ۔ مذکورہ پولیس اہلکار کا پوسٹ وائیرل ہوا اور متعلقہ شخص نے مذکورہ پولیس اہلکار کے ساتھ رابط قائم کیا ۔ چھان بین کے بعد ڈی ایس پی کی موجودگی میں اصلی وارث نے اپنے پیسے وصول کئے۔لوگوں نے پولیس اہلکار کی سراہنا کی ہے۔
کھریو میں 4قمار باز گرفتار
سرینگر/سید اعجاز/اونتی پورہ پولیس نے 4قمار بازوں کو گرفتار کرکے اُن کے قبضے سے دائو پر لگائے گئے18120 روپئے ضبط کئے گئے۔تھانہ کھریو کی پولیس پارٹی نے منڈکپال کھریو میں قمار بازی کے ایک اڈے پر چھاپہ مارا اور 4 جواریوں کو گرفتار کرلیاجن کی شناخت غلام محی الدین کھانڈے ساکن منڈکپال ، عمر فاروق بٹ ساکن پانپور ، شوکت احمد لون ساکن شار شالی اور جان محمد کھانڈے کے طور پر ہوئی ہے۔پویس نے اُن کے قبضے سے 18120روپئے اور تاش کے پتے برآمد کئے۔ انہیں گرفتار کرکے تھانہ کھریو منتقل کردیا گیا ہے اور ایف آئی آر نمبر 05/2021 کے تحت کیس درج کیا گیا ہے۔
سوپور میں لاپتہ ہوئے دونوں کمسن بچے بازیاب
سرینگر//پولیس نے تین روز قبل لاپتہ ہوئے سوپور کے دو گمشدہ کمسن بھائیوں کو بارہمولہ میں بازیاب کرکے انہیں والدین کے حوالے کیا ہے۔14اور12سال کی عمر کے دو سگے بھائی فیضان احمد اور رضوان احمد ولد محمد اشرف ساکن نوپورہ سوپورسنیچر کو لاپتہ ہوئے تھے جس کے بعد اْن کے والدین نے پولیس کے پاس گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی۔ شکایت موصول ہونے کے ساتھ ہی پولیس نے دونوں کی تلاش بڑے پیمانے پر شروع کی تھی جس کے بعدگذشتہ شام اْنہیں بارہمولہ میں بازیاب کیا گیا۔پولیس کے مطابق دونوں بھائیوں کو پولیس کے حوالے کیا گیا ہے۔ گمشدہ بچوں کے والدین نے پولیس کی سر اہنا کی ہے۔
کولگام میں کووڈ ۔19ویکسنیشن مہم کا آغاز
کولگام//ڈسرکٹ پولیس لائنز کولگام میں فرنڈ لاین پولیس اہلکاروں کیلئے کووڈ 19ویکسینیشن مہم کا افتتاح کیاگیا۔ڈسڑکٹ پولیس لائینز کولگام میں جموں و کشمیر پولیس کے اُن اہلکاروں کو کوویڈ 19 کو ویکسین دئے گئے جنہوں نے کورونا وائرس کی وباکی روک تھام کے سلسلے میں ڈسرکٹ اسپتال کولگام کے اہلکاروں کے ساتھ بڑھ چڑ کر حصہ لیا تھا۔ایس پی کولگام نے تمام پولیس اہلکاروں کو مشورہ دیا کہ وہ فرنٹ لائن ورکرز کو حفاظتی ویکسین لگوانے کے لئے اس موقعہ سے فائدہ اٹھائیں۔
کولگام میں نادارکنبوں میں کووڈسیفٹی کٹ تقسیم
کولگام//سویک ایکشن پروگرام کے تحت کولگام پولیس نے ضرورت مند لوگوں تک کووڈ 19سیفٹی کٹ پہنچنے کیلئے اپنی کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے راجپورہ اور کاکہ پورہ علاقے کے ساتھ تعلق رکھنے والے پسماندہ طبقوں میں سیفٹی کٹ تقسیم کئے ۔اس تقسیم کاری تقریب کا اہتمام پولیس اسٹیشن کاکہ پورہ اور تھانہ پولیس راجپورہ میں ہوا ۔ڈی ایس پی ہیڈکواٹر کولگام شیخ محمد شفیع اور ایس ڈی پی او لیتر فرقان قادری ،ایس ایچ او کے علاوہ ان علاقوںکے ذی عزت شہریوں نے بھی شرکت کی ۔ تقریب کے دوران غریبی سے نیچے زندگی بسر کرنے والے گھرانوں میں کورونا سیفٹی کٹ تقسیم کئے گئے۔ پولیس افسران نے تقسیم کاری کی اس تقریب کے دوران ان ضرورت مند اور غریب کنبوں کے لوگوں کو اپنی ذمہ داریوں کے بارے میں سنجیدہ رہنے کی ضرورت پر زور دیا۔