پٹن میں نوجوان پر چاقو سے حملہ،ملزم گرفتار
سری نگر//پٹن میں شہری کو چاقو سے حملہ کرنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ کے پی بالا پٹن میں منگل کی شام 6 بجے آصف علی بٹ ولدغلام محمد بٹ ساکن کے پی بالا رمبل میں سڑک سے کچھ بچوں کو تعلیم دینے کے لئے جا رہا تھا جس کے دوران یہاں اچانک مبینہ طور پرایک شرابی منتظر احمد بٹ ،جو درس و تدریس کے خلاف نظر آیا ،نے نوجوان کو تدریسی مرکز کی طرف نہ جانے کے لئے کہا ۔اس معاملے پر بحث کرتے ہوئے مذکورہ شخص نے اس استاد کے پیٹ میں چاقو کے وار کرکے اسے قتل کرنے کی کوشش کی ۔ کے این ایس کے مطابق اس دوران میر گنڈپولیس نے واقعے کے فوراً بعد کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ملزم کو نصف گھنٹے کے اندر گرفتار کر لیا ۔متاثرہ شخص کو ٹراما ہسپتال پٹن پہنچایا گیا جہاں سے اسے مزید علاج کے لئے ایس ایم ایچ ایس سری نگر منتقل کیا گیا ہے جہاں ڈاکٹروں کے مطابق اس کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے ۔پولیس نے اس سلسلے میں ایف آئی آر زیر نمبر96/2021زیر دفعات 307, 341, 324درج کر کے مزید تحقیقات شروع کی ہے ۔
کورونا لاک ڈائون کی خلاف ورزیاں | 143افراد گرفتار،84ہزار روپے جرمانہ وصول
سری نگر//پولیس نے کشمیرمیں لاک ڈائون کی خلاف ورزیاں کرنے پر 143افراد کو گرفتار کرکے متعدد گاڑیاں ضبط کیں اور ہزاروں روپے کا جرمانہ وصول کیا ہے۔ کشمیر میں لاک ڈاؤن ہدایات کی خلاف ورزی کرنے پر مجموعی طور پر 143 افراد کو گرفتار کیا جبکہ مختلف پولیس تھانوں میں79 ایف آئی آر درج کئے گئے۔کے این ایس کے مطابق لاک ڈائون کی خلاف ورزیوں کے مرتکب 620 افراد سے مجموعی طور پر 84ہزار930روپے جرمانہ وصول کیاگیا ۔بڈگام اور بانڈی پورہ میں ہدایات اور پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے پر7 گاڑیاں بھی ضبط کی گئیں۔لاک ڈائون کی خلا ف ورزی کرنے والوں کیخلاف کارروائیوں میں مزیدتیزی لائی جارہی ہے اوراس مقصد کیلئے سبھی پولیس تھانوںکومتحرک کیاگیا ہے اورخصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر اس بات کویقینی بنایا جارہاہے کہ لاک ڈائون اورکوروناکرفیو کے تحت عائد پابندیوں اوربندشوں کی عمل آوری اورپاسداری کو یقینی بن جائے ۔
مغل شاہراہ کو فوری طور کھولاجائے: الطاف بخاری
سرینگر// اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پرمغل شاہراہ کو عوام کے لئے کھولا جائے تاکہ کویڈ19وباء کے وقت اُنہیں درپیش مشکلات میں کمی واقع ہو۔ الطاف بخاری نے کہاکہ کشمیر لداخ سڑک کی طرح مغل شاہراہ کو بھی لوگوں کے لئے کھول دیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ ’’پیر پنچال خطہ کے لوگوں کو ٹریشری حفظان ِ صحت سہولیات دستیاب نہیں جس کی وجہ سے وہ وادی کشمیر میں علاج ومعالجہ کی غرض سے جاتے ہیں۔ مغل شاہراہ پر صرف اثر رسوخ رکھنے والے افراد کو سفر کی اجازت دینا عام آدمی کے ساتھ سراسر نا انصافی ہے‘‘۔ انہوں نے کہاکہ سرینگر جموں قومی شاہراہ کی خستہ حالت کے پیش نظر مغل شاہراہ کشمیر اور خطہ پیر پنچال کے درمیان اہم زمینی رابطہ ہے اور اِس کو بغیر کسی امتیاز کے لوگوں کے لئے کھول دینا چاہئے۔ بخاری نے کہاکہ یہ انتہائی افسوس کن امر ہے کہ جن کی اقتدار تک رسائی ہے اُنہیں اِس تاریخی شاہراہ پر چلنے کی اجازت دی جارہی ہے جبکہ عام آدمی بالخصوص قبائلی آبادی کو اُن کے بنیادی حقوق سے محروم رکھاگیاہے۔ انہوں نے کہا’’کشمیر اور خطہ پیر پنچال کے لوگ بلاخلل آزادانہ طور متبادل رابطہ استعمال کرناچاہتے ہیں لیکن بجائے اُن کی سفری آسائش کے انتظامیہ نے بندشیں عائد کی ہیں جوکہ کلی طور غیر منصفانہ ہیں‘‘۔ الطاف بخاری نے جموں وکشمیر میں یومیہ بنیادوں پر کورونا مثبت معاملات میں اضافہ اور مطلوبہ سہولیات نہ ہونے پر گہری تشویش ظاہر کی ہے۔ انہوں نے کہا’’جموں وکشمیر صورتحال انتہائی تشویش کن ہے ، کویڈ مثبت معاملات میں بہت زیادہ اضافہ ہورہا ہے، چند دنوں کے اندر یوٹی میں بہت زیادہ اموات ہوئی ہیں جن سے وباء کی شدت کا انداز ہ لگایاجاسکتاہے۔ بخاری نے انتظامیہ کی طرف سے کویڈمثبت مریضوں کے کنبہ جات کی طرف سے حیات بخش ادویات اسپتالوں میں دستیاب نہ ہونے سے متعلق کی جارہی شکایات پر انتظامیہ کی عدم توجہی اور غیر سنجیدگی پر سخت برہمگی کا اظہار کیا ہے۔ بخاری نے کہاکہ ’’ہر گزرتے دن کے ساتھ حالت خوفناک ہوتی جارہی ہے۔ متاثرہ کنبوں کی طرف سے لگاتار بستروں ، آکسیجن سلنڈروں اور حیات بخش ادویات کی دستیابی کی درخواست کی جارہی ہے ، جن کی جموں وکشمیر میں قلت ہے۔
ممتا بینرجی کو ڈاکٹر فاروق کی مبارکباد | بھاجپا کارکنوں نے جواہر نگر میں ترنمول کانگریس کیخلاف احتجاج کیا
سرینگر// نیشنل کانفرنس و رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بینرجی کو تیسری بار مغربی بنگال کا وزیر اعلیٰ منتخب ہونے پر دل کی عمیق گہرائیوں سے مبارکبادپیش کی ہے۔اِدھربھاجپا کارکنوں نے جواہر نگر میں ترنمول کانگریس کیخلاف احتجاج کیا ادھر ڈاکٹرفاروق نیکہا کہ بنگال کے عوام نے ترنمول کانگریس کو شاندار منڈیٹ دیکر جمہوریت اور سیکولرزم کی بالادستی قائم رکھی۔ انہوں نے کہا کہ مغربی بنگال کے عوام نے اپنی محبوب لیڈر ممتا بینری جی کو شاندار کامیابی سے ہمکنار کرکے فرقہ پرست طاقتوں اور تعصب پرست عناصر کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ ترنمول کانگریس نے جس طرح سخت چیلنجوں اور مشکلات کے باوجود اسمبلی انتخابات میں شاندار جیت حاصل کی اُس کیلئے وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ادھربھارتیہ جنتا پارٹی نے بدھ کو مغربی بنگال میں ممتا بینرجی کی سربراہی میں ترنمول کانگریس پارٹی کے ذریعہ بی جے پی کارکنوں کے مبینہ سیاسی قتل کے خلاف مظاہرہ کیا۔ بھاجپا کارکنوں نے جواہر نگر میں واقع پارٹی دفتر کے باہر سڑک پر جمع ہوکر سماجی دوری کے اصولوں کی پیروی کرتے ہوئے مظاہرہ کیا۔بی جے پی کارکنوں کی مبینہ ہلاکتوں پر ترنمول کانگریس کو نشانہ بناتے ہوئے ، پارٹی لیڈروں نے کہا کہ ترنمول کانگریس کارکنوں نے بنگال میں بی جے پی کے دفاتر اور کارکنوں پر حملہ کرکے بنیادی طور پر جمہوریت کا مذاق اڑا یا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہندوستان کے صدر مداخلت کریں اور مغربی بنگال میں صدر کی حکمرانی نافذ کریں۔منظور بٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جموں کشمیر بی جے پی کو ترنمول کانگریس کے کارکنوں کے ذریعہ مغربی بنگال میں ہونے والے قاتلانہ حملوں سے شدید تکلیف ہوئی ہے۔
ایس او پی پر سختی سے عملدرآمد کیاجائے: ڈی سی بارہمولہ
فیاض بخاری
بارہمولہ //ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ بھوپندر کمار نے بدھ کو ضلع میں پبلک ہیلتھ سنٹر کے مراکز کے علاوہ حکام کے ذریعہ قائم کئی کوویڈ 19 صحت مراکز کا معائنہ کیا۔انہوںنے ضلع میں کوویڈ 19 کے بڑھتے معاملات کے پیش نظر تارزو سوپور ، دلنہ ، مہورہ اوڑی اور واریکھاہ بونیار میں 5ہیلتھ مراکز قائم کو کوویڈ مراکز کیلئے منتخب کئے تاکہ وبائی مرض سے موثر طریقے سے نمٹاجاسکے۔اس دوران ڈی سی نے تمام متعلقہ افسران کو ان مراکز میں تمام ضروری انتظامات کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے اس موقعہ پر مختلف صحت مراکز میں جاری کوویڈ 19 کے ویکسینیشن پروگرام کا بھی جائزہ لیا جس کے دوران انہوں نے متعلقہ اداروں پرزور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ یہ عمل آسانی سے جاری رہے۔ دریں اثنا ، ڈی سی نے تمام مطلوبہ ایس او پیز اور ہدایات پر عمل کرنے پر زور دیا اور کہا کہ صرف متعلقہ مشوروں کی سختی سے عمل پیرا ہونے سے وبائی بیماری سے بچاجاسکتاہے۔ انہوں نے کہا کہ معیاری عملیاتی طریقہ کار (SOP)یہ بھی کہا کہ کسی بھی قسم کی مشورے کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
احمد نگر میں 4 سالہ بچی ندی میں ڈوب فوت
سرینگر//ارشاد احمد//سرینگر کے نواحی علاقے احمد نگر میں المناک حادثہ پیش آیا جس میں 4سالہ بچی ندی میں ڈوب کر ہلاک ہوگئی۔پولیس کے اعلی حکام نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ عافیہ شوکت دختر شوکت احمد شیخ ساکنہ کنگن حال احمد نگر گھر کے باہر بہنے والی ندی میں اچانک گرگئی۔ اگرچہ افراد نے بچی کو ندی سے باہر نکالا اور فوری طور میڈیکل انسٹیچوٹ صورہ منتقل کردیا گیا تاہم وہاں ڈاکٹروں نے بچی کو مردہ قرار دیا۔
مرکزی معاونت والی سکیمیں | ناظم دیہی ترقی نے پیش رفت کا جائزہ لیا
سری نگر//ناظم دیہی ترقی کشمیر طارق احمد زرگر نے محکمہ دیہی ترقیاتی منصوبوں کے تحت عملائی جانے والی مرکزی معاونت والی سکیموں (سی ایس ایس ) سمیت مختلف سکیموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ میٹنگ میں اَپنے اَپنے ضلعی صدر مقامات سے بذریعہ ورچیول موڈ تمام اے سی ڈیز ، ڈی پی اوز اورصوبہ کشمیر کے ایگزنوں نے شرکت کی۔ میٹنگ میں مختلف فلیگ شپ پروگراموں کا تفصیلی جائزہ بشمول سی ڈی اینڈ پی وائی ٹی سیکٹر ، منریگا ، پی ایم اے وائی۔ جی ، پی ایم اے وائی جی کے تحت رورل میسن ٹریننگ پروگرام ، 14 ویں ایف سی اے کے تحت طبعی و مالی پیش رفت کے علاوہ آر ڈی اے کیسز / اے سی بی شکایات / آن لائن بھی حاصل کی گئی۔ شکایات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ افسران کو ہدایت دی گئی کہ وہ مقررہ مدت کے اندر اہداف کو حاصل کریں۔ اِس کے علاوہ اَفسروں پر زور دیا گیا کہ وہ منریگا کے تحت مشاہرے کی ادائیگی کی مقررہ مدت کے اندرواگزاری کو یقینی بنائیں ۔اُنہوں نے کہا کہ نئے کاموں کو یقینی بنائیں تاکہ کووِڈ۔ 19 میں وبائی امراض کے دوران دیہی مزدوروں کو مدد فراہم کی جاسکے۔ناظم دیہی ترقی نے اَفسران پر زور دیا کہ لوگوں کو بیداری پیدا کرنے کے لئے پی آر آئی ممبروں کے ساتھ ہم آہنگی کو یقینی بنائیں،جو ہاتھوں کو صاف کرنے ، سماجی دوری اور ماسک پہننے جیسے ایس او پیز کی پابندی سے متعلق ہے ۔
عوام کووڈ 19رہنما خطوط پر مکمل عملدرآمد کریں: کمال
سرینگر// نیشنل کانفرنس کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال نے جموں وکشمیر میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد میں ہر روز ہورہے ہوشربا اضافے اور اس وبائی بیماری کے دور دراز علاقوں میں پھیلائو پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں میں ٹیسٹنگ اور علاج و معالجہ کی بہتر سہولیات میسر ہیں اور یہاں بیماری پر قابو پاجاسکتا ہے لیکن اگر دیہات اور دور دراز علاقوں میں موجودہ رفتار سے وائرس پھیلتا گیا تو اس بیماری کے پھیلائو کو روکنا انتہائی مشکل ہوجائیگا۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ انتظامیہ کیساتھ مکمل تعاون کریں اور رہنما خطوط پر من و عن عملدآمد کریں اور کسی بھی صورت میں اس وبائی بیماری کے پھیلائو کا سبب نہ بنیں۔ ڈاکٹر کمال نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ماسک لگانے سے گریز نہ کریں اور پہلی فرصت میں کووڈ 19مخالف ٹیکہ لیں۔ ڈاکٹر کمال نے انتظامیہ اور طبی شعبہ کے اعلیٰ حکام پر زور دیا کہ وہ ہسپتالوں میں آکسیجن کی معقول سپلائی جاری رکھیں اور ساتھ ہی کورونا کی ادویات کی ہر وقت اور آسان دستیابی یقینی بنائے۔ انہوں نے انتظامیہ پر زور دیا کہ کووڈ مخالف ویکسین کی دستیابی یقینی بنائی جائے اور ٹیکہ کاری کے مزید مراکز کھولے جائیں۔
این آئی ٹی میں5روزہ لانگ شارٹ ٹرم کورس کاآغاز
سرینگر //نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی (این آئی ٹی) سرینگرمیں ’’انٹیلیجنٹ آٹومیشن ‘‘کے بارے میں پانچ روزہ طویل کورس (ایس ٹی سی) ہفتہ کو شروع ہوا ، جس میں 800 سے زائد شرکا ء کی توقع ہے۔ ورچوئل ایونٹ کا اہتمام محکمہ فزیکس این آئی ٹی سری نگر نے سیمی کنڈکٹر،سوسائٹی آف انڈیا کے تعاون سے ورچوئل موڈ کے ذریعے کیا تھا اور افتتاحی سیشن میں 400 سے زائد شرکاء نے شرکت کی۔ پروفیسر ایم اے شاہ پانچ روزہ طویل پروگرام کے کنوینر ہیں۔ اس پروگرام کی صدارت ڈائریکٹر این آئی ٹی سرینگر نے انجام دی ، پروفیسر(ڈاکٹر) راکیش سہگل نے نوجوانوں کو اس کے متعلق آگاہ کرنے کے لئے محکمہ فزکس فیکلٹی کی تعریف کی۔ڈاکٹر سہگل نے کہا ’’ان کوششوں کی تکمیل کیلئے ہم نے گذشتہ برسوں کے دوران ، این آئی ٹی سرینگر میں بہت کام کیا ہے اور سنٹرل ریسرچ سہولت مرکز سمیت مادوں کیلئے لیب تیار کیا ہے ، جہاں ہم دونوں کو تیار کرنے اور جانچنے والے مواد کو بھی کرسکتے ہیں۔’’انہوں نے کہا ’’مجھے امید ہے کہ ایک ٹیم کی حیثیت سے ، ہم انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ طلباء کیلئے مشترکہ طور پر کام کر سکتے ہیں اور اس طرح کے تحقیقی منصوبے مختص کرسکتے ہیں ، جہاں وہ کچھ کارآمد آلات تیار کرنے کے لئے محکموں میں کام کرسکیں گے جس سے عام لوگوں کو فائدہ ہوگا۔’’ڈائریکٹر این آئی ٹی سرینگر نے کہا کہ تکنیکی اداروں کی ایک بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے آس پاس کے لوگوں کی زندگی آسان ، سرمایہ کاری مؤثر اور زیادہ فائدہ مند بنائے۔ڈاکٹر سہگل نے اس موقعہ پر کہا کہ تمام این آئی ٹی ، آئی آئی ٹی اور دیگر تکنیکی تجزیہ کار بہت اچھا کام کررہے ہیں اور بڑی کمپنیوں کے گیجٹ کے علاوہ اب وہ میڈیکل پریکٹیشنرز کے لئے گیجٹ مہیا کررہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا 5 روزہ ایس ٹی سی شرکاء کیلئے فائدہ مند ثابت ہوگی اور یقینی طور پر ہم ایک دوسرے کے تجربے سے سبق لیں گے اور این آئی ٹی سری نگر اس طرح کے ویبنرز اور کانفرنسوں کے انعقاد کے لئے ہمیشہ آگے رہے گا۔ڈائریکٹر این آئی ٹی نے کیمپس میں بہت سے سائنسی پروگراموں کے انعقادپرڈاکٹر شاہ کے کردار کی بھی تعریف کی۔
کورونا بحران سے نمٹنے میں طبی عملہ کا کام مثالی: درخشاں
سرینگر //بی جے پی لیڈراور وقف ڈیولپمنٹ کونسل کی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے کہا کہ ہمارا میڈیکل اسٹاف کورونا بحران سے نپٹنے کیلئے ایک مثالی کام انجام دے رہا ہے جبکہ انہوں نے پولیس اور میڈیا کے رول کی بھی سراہنا کی جنہوں نے اپنی زندگیوں کو خطرے میں ڈال کر لوگوں کی خدمت میں پیش پیش ہیں ۔انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جموں و کشمیر میں ، ہم اس وائرس کے ساتھ ایک موثر انداز میں نپٹ رہے ہیں اور سب کے تعاون سے ہم جلد ہی وائرس کے پھیلاؤ کی شرح اور اموات کی تعداد کو بھی کم کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے خاتمے کی کوششوں میں مدد کیلئے سینئر سول سروسز دفاتر کو او ایس ڈی کے طور پر نامزد کرنے کا حکومتی فیصلہ خوش آئند اقدام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ غیرمثال صورتحال نے جموں و کشمیر میں بھی خوف و ہراس پھیلادیا ہے کیونکہ متاثرہ افراد کے واقعات میں غیر معمولی اضافہ اور اموات کی غیر تصوراتی گنتی ہم سب کیلئے پریشانی کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا ’’خدا کا شکر ہے کہ یہاں جموں و کشمیر میں ہمیں ابھی بھی متاثرہ لوگوں کے لئے سستی طبی سہولیات میسر ہیں اور ہمارا طبی نظام اس بحران کے دوران اطمینان بخش کام کر رہا ہے لیکن معاملات میں اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے ، ہمیں اس کے مطابق سہولیات کو اپ ڈیٹ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ہم بحرانوں میں نہ پھنسیں۔ڈاکٹر درخشاں نے فرنٹ لائن طبی عملے کی تعریف کی اور کہا کہ انہوں نے اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر دوسروں کی جانیں بچائی اور ہم سب ان کی سرشار اور انتھک خدمات پر سلام پیش کرتے ہیں ۔ ڈاکٹر اندرابی نے بڑے شہروں اور قصبوں میں لاک ڈاؤن میں توسیع کے حکومتی فیصلے کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے پولیس اہلکاروں کو بحرانوں کے دوران ان کی سرتوڑ کوششوں کی بھی تعریف کی اور فورس کیلئے بھی اسی طرح کے مراعات کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے رول کی بھی تعریف کی اور کہا کہ بہت سے صحافی لوگوں کیلئے زمینی رپوٹنگ کرتے ہیں اور کئی ایک وائرس میں بھی مبتلا ہو گے ہیں انہوں نے صحافیوں اور دیگر افراد کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ۔انہوں نے جموں وکشمیر کے رضاکاروں کو بھی سلام پیش کیا جو مریضوں تک پہنچ رہے ہیں اور غریبوں کی مدد کر رہے ہیں ۔ڈاکٹر اندرابی نے ایل جی انتظامیہ سے درخواست کی کہ وہ ایک سرکاری پبلک انکوائری ڈیسک یا سوشل میڈیا پلیٹ فارم بنائے جہاں لوگوں کو وبائی امراض سے متعلق امور کے بارے میں مستند معلومات مل سکیں تاکہ غلط معلومات کو عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کی اجازت نہ ہو۔"
کووڈ 19 | ڈسٹرکٹ لیگل سروس اتھارٹی عوام کی مدد کریں: جسٹس ماگرے
سرینگر //جموں وکشمیر ہائی کورٹ کے جج اورجے اینڈ کے لیگل سروسز اتھارٹی کے چیئرمین جسٹس علی محمد ماگرے نے ضلع بھر کے( ڈی ایل ایس اے) پر زور دیا ہے کہ وہ آئینی ذمہ داری کے طور پر لوگوں کی توقعات کے مطابق کویڈ 19 وبائی امراض کے دوران ان کی مدد کریں۔ جسٹس ماگرے نے یہ بات سیکریٹریوں اور ڈی ایل ایس اے کے ساتھ منعقد ہونے والی ویڈیو کانفرنس کے دوران کہی ۔ جسٹس ماگرے وقتاً فوقتا ًجاری کردہ ویڈیو کانفرنس کے دوران ضرورت مند لوگوں کو قانونی امداد اور دیگر ضروری خدمات کی فراہمی کے سلسلے میںہدایات پر عمل درآمد پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیتے رہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہ ہماری آئینی ذمہ داری ہے کہ ہم کویڈ 19 سے متعلقہ ایس او پیز ، رہنما خطوط اور سماجی اجتماعات سے گریز کرنے کے بارے میں لوگوں میں شعور اجاگر کریں، اس کے علاوہ ان سے یہ پوچھ گچھ بھی کریں کہ کیا انہیں صحت ، راشن وغیرہ سے متعلق کوئی مسئلہ درپیش تو نہیں ہے ۔جسٹس ماگرے نے ’پی ایل وی‘ رضاکاروں پر زور دیا کہ وہ گائوں دیہات میں لوگوں کے ساتھ رابطے میں رہیں اور اپنے دائرہ اختیار میں رہ کر ان کے مسائل کو حل کرانے میں ان کی مدد کریں۔ انہوں نے ڈی ایل ایس اے سیکرٹریوں سے بھی کہا کہ وہ پنچایتوں ، بلدیات ، پولیس ، سی ایم اوز ، بی ڈی اوز کے عہدیداروں سے رابطے میں رہیں تاکہ نچلی سطح پر ضرورت مند افراد کو فائدہ پہنچے اور ان کے ساتھ مل کر کام کیا جائے۔انہوں نے متعلقہ افراد کو ہدایت دی کہ وہ جیل کے قیدیوں کی نشاندہی کریں جو پریشانی کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ افسردگی سے پاک ماحول ہونا چاہئے اور حکومت ہند کی اسکیموں کو خط و جذبے سے نافذ کیا جانا چاہئے۔اجلاس میں ’این ایل ایس اے پورٹل پر موصولہ شکایات کا بھی مجموعی جائزہ لیا گیا ۔ علاوہ ازیں ایل ایس اے اور ڈی ایل ایس اے سے خطاب کرنے والے دیگر افراد کے علاوہ جسٹس ماگرے نے تمام ڈی ایل ایس اے کے سکریٹریوں پر زور دیا کہ وہ یہ یقینی بنائیں کہ ان کی متعلقہ ہیلپ لائنوں کے ذریعہ موصولہ تمام پریشان کن فون کالز کا جلد نپٹارہ ہو حاص طور پر کویڈ 19کے دوران دوران راشن ، ادویات شامل ہیں ۔اس موقعہ پر ممبر سکریٹری جموں و کشمیر لیگل سروسز اتھارٹی ، ایم کے شرما ، سکریٹری ہائی کورٹ لیگل سروسز کمیٹی امیت گپتا اور ڈی ایل ایس اے کے تمام سکریٹریوں نے اس میٹنگ میں شرکت کی۔
ہسپتالوںمیں عملہ اور ادویات کو یقینی بنایاجائے: قیوم وانی
سری نگر // سول سوسائٹی فورم کے چیئرمین عبدالقیوم وانی نے کوویڈ 19 بحران کے انتظام کے لئے گذشتہ سال تشکیل دی گئی کویڈ ایڈوائزری کمیٹی کی کارکردگی پر بے اطمینانی کا اظہار کیا ہے۔قیوم وانی نے متعدد وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بنیادی طور پر کویڈ 19 کی دوسری سخت لہر کی سائنسی پیش گوئی کے باوجود سرینگر میں ہنگامی طور پر 500 بستروں پر مشتمل ایک کوویڈ ہسپتال قائم کرنے میں ناکام ہونے سے کمیٹی کا کردار غیر اطمینان بخش بن کے رہ گیاجبکہ اب ہمکو دوسری لہر نے اپنی گرفت میں لے لیا ہے۔بیان کے مطابق ’جب محکمہ صحت میں 40 فیصد ڈاکٹر اور تکنیکی عملہ جو کہ اسکمز صدر ہسپتال ، درگجن ہسپتال جیسے معروف اسپتالوں میں بھی ریٹائر ہوچکے ہیں اور اس وبائی حالت میں فیکلٹی اور تکنیکی عملے کی کمی کا سبب بنے ہیں تو یہ صورتحال ہمیں مریضوںہسپتالوں میں نگہداشت کی جاننے کے لئے کافی ہے۔
یوم شہادت حضرت علی کرم اللہ تعالیٰ وجہہ | جمعیت ہمدانیہ اور حقانی ٹرسٹ کا خراج عقیدت
سرینگر//جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے حضرت علی کرم اللہ تعالیٰ وجہہ کے یوم شہادت پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ حضرت علیؓ کی شجاعت، سخاوت، مہمان نوازی ، عدل و انصاف لاثانی ہے۔ مولانا شوکت حسین کینگ، مولانا خورشید احمد قانونگو ، سید محمد اشرف کاملی نے بھی تاریخ ساز اسلامی فتوحات، اسلامی اور روحانی کمالات ، عالم انسانیت خصوصاً مسلمانوں کیلئے مشعل راہ ہے۔ادھرحقانی میموریل ٹرسٹ نے گلہائے عقیدت نچھاور کرنے کے سلسلے میں مولانا شوکت حسین کینگ کی صدارت میں آن لائن کانفرنس کا انعقاد کیا جس میں اعجاز احمد ککرو، مولانا خورشید احمد قانونگو ، مقبول فیروزی ،ڈاکٹر محمد امین تابش ،مولانا مبارک حسین نعمانی ،سید بلال کرمانی،مولاناشبیر احمد ڈھنگی وچھ، شعراء شہباز ہاکباری، شبیر احمد میر ،امتیاز انجم،مولانا سمیع اللہ بٹ سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔مقررین نے کانفرنس میںحضرت علی کرم اللہ تعالی وجہہ کی عظمت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں حضرت علی کرم اللہ وجہہ کا علمی مقام و مرتبہ، ان کی قرآن فہمی، حقیقت شناسی اور فقہی صلاحیت تمام اولین وآخرین میں ممتاز ومنفرد تھی۔
جمعتہ الوداع ، شب قدر اور عید الفطر | ساگرکی انتظامیہ سے ضروریات زندگی دستیاب رکھنے کی اپیل
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ جمعتہ الوداع ، شب قدر اور عید الفطر کے پیش نظر لوگوں کو تمام سہولیات جن میں خصوصاً راشن ڈیپوؤں پر وافر مقدار میں غذائی اجناس کی دستیابی کو یقینی بنائیںاور بغیر خلل بجلی ، پینے کا پانی اور صحت وصفائی کے خصوصی انتظامات بھی کئے جائیں۔ انہوں نے انتظامیہ پر زور دیا کہ کووڈ 19کے پیش نظر جن علاقوں کو ریڈ زون قرار دیا گیاہے اُن میں غذائی اجناس اور دیگر ضروریاتِ زندگی کی سپلائی یقینی بنائی جائے ۔انہوں نے کہاکہ چونکہ فرزندانِ توحیدان مقدس ایام میں رات گئے تک تراویح ، قرآن خوانی ، شب خوانی اور عبادات میں مصروف ہوتے ہیں اِس لئے بجلی کی بلا خلل سپلائی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ عالم اسلام کی سربلندی ، انسانیت کی بقااور جموں وکشمیر کے لوگوں کی خوشحالی اور کورونا وائرس سے نجات کیلئے دعا کریں۔
اپنی پارٹی کا اظہارتعزیت
سرینگر//اپنی پارٹی صدر الطاف بخاری نے بدھ کو سابق افسر اور سماجی کارکن عنایت اللہ بخشی ساکن ہائوسنگ کالونی صنعت نگرکی وفات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں بخاری نے متوفی کو شریف النفس اور ایک باعزت شہری قرار دیا ہے جوکہ علاقہ میں سماجی بہبود اور سخاوتی سرگرمیوں کے لئے یاد کئے جائیں گے۔ بخاری نے مرحوم کی جنت نشینی کے لئے دعا کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ دریں اثناء پارٹی لیڈر محمد اشرف ڈار اور سرینگر میونسپل کارپوریشن کارپوریٹر راولپورہ اور زونل صدر امیرا کدل ا عجاز احمد راتھر نے بھی بخشی کی وفات پر دکھ کا اظہار کیا ہے ۔ بخاری نے پارٹی کے ضلع نائب صدر کپوارہ عبدالرحیم وانی کے برادرِ نسبتی محمد اکبر وانی کی وفات پر بھی دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔ تعزیتی پیغام میں بخاری نے اُن کی وفات کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہاکہ متوفی شریف النفس شخص تھے جو فلاحی وسخاوتی سرگرمیوں کے لئے جانے جاتے تھے۔ انہوں نے کہا’’ میں دلی طور لواحقین کے ساتھ تعزیت کرتا ہوں اور مرحوم کے ایصال ِ ثواب کے لئے دعا گوہوں‘‘۔پارٹی صدر کے دیگر لیڈران نے بھی سوگوار کنبے سے تعزیت کی۔
صحافی ایوب جاوید کو صدمہ،والد انتقال کر گئے
پلوامہ/سید اعجاز/سینئر صحافی ایوب جاوید ساکن ڈانگر پورہ پلوامہ کے والد بدھ کی صبح انتقال کر گئے۔ایوب جاوید نے یہ خبر خود سوشل میڈیا پر دی۔اس دوران متعدد سیاسی ،سماجی اور صحافتی برادری جن میں پلوامہ جرنلسٹ ایسو سی ایشن،جرنلسٹ ایسو سی ایشن ترال اورشوپیان نے غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی اور سوگواران کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے ۔
گنڈ جہانگیر بانڈی پورہ کی سڑکیں خستہ حال
سرینگر//بانڈی پورہ کے گنڈ جہانگیر علاقے کی سڑکیں خستہ حال ہونے کی وجہ سے لوگوں کو کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق حالیہ بارشوں سے سڑکوں پر پانی اور کیچڑ جمع ہے جس سے لوگوں کو عبورومرور میں کافی مشکلات کا سامنا کرناپڑتا ہے۔ لوگوں نے بتایا کہ انہوں نے کئی دفعہ انتظامیہ کو آگاہ کیالیکن کوئی سدباب نہیں ہوا۔
چرارشریف میںشہری گرفتار،چرس برآمد
سرینگر//بڈگام پولیس نے منشیات مخالف مہم کے دوران ایک شخص کو گرفتار کیا اور اس کے قبضے سے 200گرام چرس برآمدکی۔کاکا رنگ میں ناکہ چیکنگ کے دوران چرار شریف تھانہ نے ایک نے مشتبہ شخص سے تلاشی کے دوران 200گرام چرس برآمد کی۔ مذکورہ شخص کی شناخت سہیل احمد ملک ساکن علمدار کالونی چرارشریف کے بطور کی ہے اور اس سلسلے میں ایف آئی آر نمبر 31/2021کے تحت کیس درج کرلیا۔
کولگام میں بھنگ کی کاشت تباہ
سرینگر// کولگام پولیس نے ایگزیکٹو مجسٹریٹ ونپوہ کی نگرانی میں قاضی گنڈ کے لرم گنجی پورہ علاقوں میں15کنال اراضی پرخشخاش ور بھنگ کی کاشت کو تباہ کردیا۔اس موقع پر پولیس نے ان تمام لوگوں کو مشورہ دیا جنہوں نے ضلع کولگام میں کہیں بھی خشخاش اوربھنگ کاشت شروع کی ہے ، وہ خود تباہ کردیں ۔ عوام نے پولیس کی اس کارروائی کو سراہا ۔پولیس نے لوگوں سے گزارش ک ہے کہ وہ اپنے آس پڑوس میں منشیات سے متعلق معلومات کو اُن کی نوٹس میں لائیں۔