فوج نے طلباء کیلئے بیداری پروگرام کا انعقاد کیا
راجوری //بچوں کے حقوق او ر بچہ مزدوری کے سلسلہ میں فوج کی جانب سے راجوری ضلع میں ایک بیداری پروگرام کا اہتمام کیا گیا ۔اس دوران بچوں کیلئے ایک آن لائن لیکچر کااہتمام بھی کیا گیا تھا ۔بچہ مزدوری کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ مذکورہ پروگرام کے دوران ماہرین نے بچوں کے حقوق کیلئے گور نمنٹ پرائمری سکول ہیلہ موڑھ اورگلہوتی کے بچوں کو عنوان کی مناسبت سے تفصیلی جانکار ی فراہم کی ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ پروگرام منعقد کرنے کا اصل مقصد بچوں کو بچہ مزدوری کے سلسلہ میں تفصیلی جانکاری فراہم کرنا تھا ۔ان پروگراموں میں بچوں کیساتھ ساتھ معززین نے بھی شرکت کی ۔
کوٹرنکہ میں بھاجپا کارکن پی ڈی پی میں شامل
محمد بشارت
کوٹرنکہ //کوٹرنکہ سب ڈویژن میں بھاجپا کے سنیئر کارکن محمد بشر چشتی نے بھاجپا کو چھوڑ کر اپنے ساتھیوں سمیت پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ۔اس دوران محمد بشر چشتی نے بتایا کہ بھاجپا کے ایجنڈوں کی وجہ سے انہوں نے تنگ آکر پی ڈی پی میں شمولیت اختیار کرلی ہے ۔موصوف نے مزید کہاکہ پی ڈی پی پارٹی قیادت کے ایجنڈے اور کارکردگی سے بہت متاثر ہوئے ہیں جس کی وجہ سے اْنہوں نے پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کے "پارٹی کے عوامی حمایتی ایجنڈے کے لئے پی ڈی پی قیادت کے اخلاص اور استقامت نے مجھے پی ڈی پی نامی تحریک میں شامل ہونے کے لئے مجبور کیا ہے۔ بشیر چشتی جو 35 سال سے زائد عرصے تک ڈھنڈوٹ اور کیول گرام پنچایتوں کے سرپنچ بھی رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی کے ایک ممبر کی حیثیت سے ، وہ لوگوں کے دکھوں کو کم کرنے اور پسماندہ افراد کی ترقی کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کے لئے مزید سخت کوشش کریں گے۔پی ڈی پی کے سینئر رہنما ایڈوکیٹ تعظیم ڈار ، ایڈوکیٹ شوکت علی اور پارٹی کے سنیئر لیڈر فاروق انقلابی نے بشیر چشتی کو پارٹی میں شمولیت پر استقبال کیا ۔
ادبی شخصیت و سابقہ زونل ایجوکیشن آفیسر کا انتقال
کئی سیاسی ،سماجی ،مذہبی اور ادبی شخصیات نے دکھ کا اظہار کیا
حسین محتشم
پونچھ / /ریاست جموں کشمیر کی ایک عِلمی، ادبی، سیاسی، مذہبی اور سماجی شخصیت آمین قمر سابق زونل ایجوکیشن آفیسر کے انتقال پر کئی سیاسی ،مذہبی ،سماجی اور ادبی تنظیموں و شخصیات نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کیلئے دعائے مغفر ت کی ہے ۔موصوف گوناگوں صلاحیتوں کے حامل تھے وہ اردو، انگریزی، پہاڑی، گوجری زبان پر مکمل دسترس رکھتے تھے اور نہایت خوبصورتی کے ساتھ اپنا پیغام دوسروں تک منتقل کرتے تھے۔ مرحوم کافی عرصہ سے علیل تھے اور ان کا سنیچر کو انتقال ہو گیا ۔ان کی نماز جنازہ آبائی گائوں میں ادا کی گئی جس میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔کہکشاں کلچرر آر گنائزیشن کے صدر شیخ سجاد نے مرحوم کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوِے کہا کہ مرحوم کے ساتھ وہ گزشتہ کئی برسوں سے رابطہ میں ہیں ۔انہوں نے کہاکہ مرحوم ماہر تعلیم و ادب ہونے کے ساتھ ساتھ عالم دین تھے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم کے انتقال سے جو خلا پیدا ہوا ہے اس سے پر کرنا ناممکن ہے۔ پرنسپل گورنمنٹ ہائر سکنڈری اسکول ساوجیاں انور خان نے مرحوم کے انتقال پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نہایت ہی باکردار شخصیت کے مالک تھے ۔انہوں نے کہا کہ وہ مرحوم کے فرزندان خالد امین، عشرت امین بشارت کوہلی اور مرحوم کے دیگر تمام لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ سید شوکت حسین کاظمی کے اے ایس،سابق ضلع ترقیاتی کمشنرسید انور حسین شیراشی، سینئر لیکچرار شبہ الحسن وار، سرپنچ حلقہ پنچایت بائیلہ منڈی مبشر حسین بانڈے، پروفیسر جہانگیراصغر،لیکچرار ہارون راٹھور اور دیگران نے مرحوم کے انتقال پر اظہار افسوس کر تے ہوئے مرحوم کیلئے دعائے مغفرت کی ہے ۔
سناتن دھرم سبھا کے پردھان ستیش ساسن کو صدمہ
جواں سال بیٹا حرکت قلب بند ہونے سے فوت
حسین محتشم
پْونچھ//سناتن دھرم سبھا پونچھ کے پردھان ستیش ساسن کا جواں سال فرزند ایڈوکیٹ نتن ساسن کی حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے اچانک موت واقع ہو گئی۔ایڈوکیٹ عمیرا شیخ نائب صدر میونسپل کونسل پونچھ نے ایڈوکیٹ نتن ساسن کی انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خانوادہ کے ساتھ اظہار تعزیت کی ہے۔انہوں نے مدھومیت کور کونسلر وارڈ نمبر 11 میونسپل کونسل پونچھ اور ستیش ساسن کو ان کے بیٹے کے انتقال پر تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے والدین کو چھوڑ کر آسمانی رہائش گاہ کے لئے روانہ ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں میں دعا کرتا ہوں کہ مرحوم کی روح کو سکون ملے۔سابق ایم ایل سی یشپال شرما بار ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری ایڈوکیٹ بھانوں پرتاب، ایڈوکیٹ ابرار حسین شاہ، سہیم جعفر حیات پوری،عبدالرشید شاہ پوری نے بھی جواں سال وکیل کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
محکمہ آیوش نے کھنیتر گائوں میںمفت طبی کیمپ منعقد کیا
حسین محتشم
پونچھ//محکمہ انڈین سسٹم آف میڈیسن (آیوش)کی جانب طبی مرکز کھنیترپونچھ میں یونانی ادویات کو بڑھاوا دینے کے لئے اور کووڈ کے دوران لوگوں کو قوت مدافعت بڑھانے والی ادویات فراہم کرنے کے لئے طبی کیمپ منعقد کیا گیا جس میں کھنیتر، کھنیتردلیرا، کھنیتر دوپریاں اور دیگر گائوں کے تقریبس 400 افراد کا مفت طبی معائینہ کرکے ان میں مفت ادویات بھی تقسیم کی گئیں۔ اس کیمپ کے حوالے سے جانکاری دیتے ہوئے نوڈل آفیسر کوڈ 19 ڈاکٹر راکیش کمار نے بتایا کہ یہ کیمپ انہوں نے ڈائریکٹر آیوش ڈاکٹر موہن سنگھ کی ہدایت پر منعقد کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دوران ڈاکٹر منظور کی نگرانی میں ہوان جہاں سے چار سو (400) سے زائد افراد مستفید ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ اس دوران عوام کو ماسک پہننے اور ویکسی نیشن کے بارے میں بھی آگاہی دی۔ان پنچایتوں کے مقامی لوگوں نے کویڈ 19 بیماری کے خلاف لڑنے میں محکمہ آیوش ڈسٹرکٹ پونچھ کی کاوشوں کو سراہا۔
فوج نے غریب کنبوں میں کووڈ کٹس تقسیم کئے
پونچھ //فوج کی جانب سے سرحدی ضلع پونچھ میں ایک پروگرام کے دوران غریب کنبوں میں کووڈ کٹس تقسیم کئے ۔فوجی آفیسران نے بتایا کہ سولیاں گائوں میں ایک پروگرام کے دوران کووڈ 19کی روکتھام کیلئے مکینوں میں کووڈ کٹس تقسیم کی گئی ہیں ۔اس دوران مقامی لوگوں کو کورونا وائرس کے پھیلائو کے طریقہ کار اور اس کے بچائو کیلئے اختیار کی جانے والی احتیاطی تدابیر کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی۔فوجی ماہرین نے بتایا کہ اس پروگرام کے دوران 17کووڈ کٹس غریب کنبوں میں تقسیم کئے گئے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ سرجریکل ماسک ،فیس شیلڈ ،دستانے ،صابن بھی تقسیم کیا گیا ۔فوجی ماہرین نے عام لوگوں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ وائرس کے پھیلائو کو کم کرنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں تاکہ عام لوگوں کو بچایا جاسکے ۔
کووڈ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کارروائی
راجوری ضلع میں 57ہزار 5سوروپے جرمانہ وصول
راجوری //راجوری ضلع میں کووڈ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر انتظامیہ کی جانب سے 57ہزار روپے سے زائد کا جرمانہ عائد کیا گیا ۔ضلع انتظامیہ راجوری کی جانب سے کووڈ ایس او پیز پر عمل کروانے کے سلسلہ میں ٹیموں کا قیام عمل میں لایا گیا تھا جنہوں نے قاعدہ کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کارروائی عمل میں لاتے ہوئے جرمانہ بھی عائد کیا ۔ذرائع کے مطابق ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری کی جانب سے قائم کر دہ ٹیموں کی جانب سے مختلف علا قوں میں چھاپے مارے گئے جس کے دوران خلاف ورزی کرنے والوں پر کارروائی عمل میں لائی ۔حکا م کے مطابق ضلع میں پولیس کی جانب سے کی گئی کارروائی کے دوران 31ہزار پانچ سو روپے جبکہ ڈی ایس ای او کی جانب سے 11ہزار تین سو ،تحصیلدار تھنہ منڈی کی جانب سے چار ہزار روپے جبکہ اے ڈی سی نوشہرہ کی قیادت والی ٹیم نے 36سو روپے جرمانہ وصول کیا گیا ۔ضلع انتظامیہ نے مکینوں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ کووڈ ایس او پیز پر سختی کیساتھ عمل کیاجائے جبکہ قاعدہ کیخلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
سنیئر صحافی کے والدین کا چالیسواں
کئی سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن سے کشمیر عظمیٰ سے منسلک سنیئرصحافی جاوید اقبال خان کے والدین کی وفات کے چالیس دن بعد اجتماعی فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا گیا جس میں کئی سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی ۔اس سلسلہ میں منعقدہ پروگرام میں علماء نے مرحومین کے یصال ثواب کیلئے دعائیں اور ختمات شریف کا اہتمام کیا ہوا تھا ۔غور طلب ہے کہ سنیئر صحافی کے والد کی چار مئی کو کووڈ سے وفات ہوگئی تھی جبکہ ان کی وفات کے کچھ ہی دن بعد آٹھ مئی کو ان کی علیل والدہ کی بھی وفات ہوگئی تھی ۔اس سلسلہ میں منعقدہ اجتماعی فاتحہ خوانی میں بلاک ڈیو لپمنٹ کونسل چیئر مین منکوٹ امان اللہ چوہدری ،پی ڈی پی سنیئر لیڈر وسیم خان کے علاوہ کئی پنچایتی اراکین و علاقہ کے معززین نے شرکت کی اور مرحومین کیلئے دعائے مغفرت بھی کی ۔