رابطہ سڑک کی تعمیر کی مانگ پوری
بی ڈی سی چیئر مین کا شکریہ ادا کیا گیا
محمد بشارت
کوٹرنکہ //بلاک بدھل اولڈ کوٹرنکہ کی پنچایت دھار میں رابطہ سڑک کی تعمیر کی مانگ پوری کرنے کے سلسلہ میں مکینوں نے بلاک ڈیو لپمنٹ کونسل چیئر مین بدھل اولڈ کوٹرنکہ جاوید اقبال چوہدری کا شکریہ اداکرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان کوجلد ہی معیاری سہولیات میسر ہونگی ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ پنچایت دھار کی وارڈ نمبر پانچ بریالہ ٹو ڈھیری کھتونی ناڑ میں عوا م کو درپیش مسائل حل کرنے کےلئے ایک لمبے عرصہ سے سڑک کی تعمیر کی مانگ کی جارہی تھی ۔سماجی کارکن یاسین چوہان نے بتایا کہ رابطہ سڑک نہ ہونے کی وجہ سے علاقہ میں تعمیر اتی سرگرمیاں متاثر ہورہی تھی ۔انہوں کہاکہ بلاک ڈیو لپمنٹ کونسل چیئر مین کی جانب سے کی گئی محنت کے بعد سڑک کی تعمیر کی مانگ پوری ہوئی ہے جسکے لئے وہ بی ڈی سی چیئرمین کے شکر گزار ہیں۔انہوں نے بتایا کہ بلاک کی تعمیر و ترقی کےلئے متعدد سڑکوں کی تعمیر کو منظوری ملی ہے ۔
مرکزی وزراءکے دوسرے دورئہ جموں وکشمیر کا خیر مقدم
حسین محتشم
پونچھ//مرکزی وزراءکی 70 رکنی ٹیم کے عوامی رابطہ مہم کے تحت 10 ستمبر سے جموں و کشمیر کے شروع ہوئے دورے کا پونچھ کے سیاسی و سماجی لیڈران نے خیر مقدم کیا ہے ۔واضح رہے کہ مرکز کی جانب سے عوام کو دفعہ 370 کی منسوخی کے فوائد سے واقف کرانے کے مقصد سے یہ دورہ کروایا جا رہا ہے،اس دوران وزراءمختلف اضلاع کا دورہ کر کے عوام سے ملاقات کریں گے۔کانگرس کے سینئر لیڈر تاج میر نے اس سلسلہ میں بات کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ برس جنوری میں مرکزی وزراءکی 36 رکنی ٹیم نے جموں و کشمیر کا دورہ کیا تھا اس دورے میں ٹیم نے جموں کے 51 علاقوں کا دورہ کیا لیکن اس دورے کا عوام کو کوئی فائدہ نہ ہوا۔انھوں نے کہا کہ اگر یہ دورہ بھی اسی طرح ہوا تو جموں کشمیر کی عوام کے ساتھ ایک اور بدا مذاق ہوگا ۔سماجی کارکن عبدالرشید شاہپوری اور چیرمین ہیومن رائٹ فورم پیر پنچال ایڈوکیٹ محمد زمان نے بھی کہا کہ وہ اس دورہ کا خیر مقدم کرتے ہیں تاہم اگر عوامی مسائیل کو حل کرنے کی غرض سے یہ دورہ ہورہا ہے تو بہتر ہے ورنہ صرف یہاں کا دورہ کر کے واپس چلے جانا عوام کی امیدوں کو ٹھیس پہنچانے کے علاوہ کچھ نہ ہوگا ۔انہوں امید ظاہر کی ہے کہ اس بار وزراءکادورہ عوام کے لئے بہتر ثابت ہوگا اور تعمیروترقی کے کاموں کو ترجیح دی جائیگی۔
پونچھ میں بارش سے موسم خوشگوار
حسین محتشم
پونچھ//عرصہ دراز تک موسم خشک رہنے کے بعد پونچھ میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔پونچھ کے مختلف علاقوں میں جمعرات اورجمع کی درمیان شب سے شروع ہوئی موسلا دھاربارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔پونچھ شہر میں صبح سویرے آسمان پر بادل چھائے رہے اور دن بھر وقفہ وقفہ سے بارش ہوئی۔ ابر رحمت برسنے سے درجہ حرارت کم ہونے اور موسم خوشگوار ہونے سے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے۔بارش سے جہاں موسم خوشگوار ہوگیا وہیں گلی، محلے اور سڑکوں میں پانی جمع ہوجانے سے راہگیروں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔