لوہر الال میں میلاد النبی ؐ کی مناسبت سے پروگرام منعقد
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی //تھنہ منڈی کے لوہر الال علاقہ میں حافظ محمد نصیر الدین نقشبندی اور فارسٹر حاجی نثار حسین کی نگرانی میں میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کے سلسلے میں ایک عظیم الشان پروگرام ہوا جس میں علماء کرام اور عوام کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر نماز جمعہ سے قبل نامور عالم دین اور صدر مفتی جماعت اہلسنت جموں و کشمیر مفتی محمد منظور نعیمی نے کہا کہ آپ ؐ کی ذات سے کامل و حقیقی تعلق اور آپ کی تعلیمات و سنت کے مطابق زندگی گزارنا ایمان کا جز ہے اور ہمیں نسبتِ پیغمبر کی لاج رکھتے ہوئے سنتِ رسولؐ کو اپنانا ہوگا ۔مفتی موصوف نے اپنے سیرت رسولﷺ کی روشنی میں اس بات پر زور دیا کہ محبت رسول ایمان کا جزوِ لازم ہے ہم اپنے نبی ؐ کی محبت و اطاعت کو زندگی کا مشن بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ بڑوں کے احترام واکرام اور والدین کی فرمانبرداری کو فرض عین سمجھیں اور لایعنی و فضول چیزوں سے اپنے کو ہمیشہ بچائیں چونکہ صحت و دولت اور وقت و فرصت اللہ کی عطا کردہ بیش قیمت نعمتیں ہیں ان کے بارے میں ہم سے قیامت میں سوال ہوگا۔ انھوں نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ نشہ کی لعنت سے خود کو بچائیں اور اپنے مال و جان کی حفاظت کریں کیونکہ نشہ آپ کی جوانی کو بھی برباد کردیگا اور دنیا و آخرت کو بھی تباہ کر ڈالے گا۔ مفتی منظور نے معاشرے میں پائی جارہی برائیوں کی نشاندہی کی اور عام مسلمانوں کو اصلاح معاشرہ کے کاموں کی جانب متوجہ کیا۔انہوں نے مسلم نوجوانوں میں بڑھ رہی بے راہ روی پرتفصیل کے ساتھ روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ موبائل اور انٹرنیٹ کی وجہ سے حیا سوز واقعات سامنے آ رہے ہیں لہٰذا خواتین اس بات کو ہمیشہ پیش نظر رکھیں کہ شرم وحیا ایمان کاحصہ ہے اور اپنی عفت و عصمت کی حفاظت خواتین کی سب سے بڑی ذمہ داری ہے۔
کوٹرنکہ تحصیل کاپٹوار خانہ بدحالی کا شکار
لوگوں کی زمینوں کا ریکارڈ بھی محفوظ نہیں
محمد بشارت
کوٹرنکہ //کوٹرنکہ سب ڈویژن ہیڈ کوارٹر پر قائم پٹوار خانہ کی حالت انتہائی خستہ ہونے کی وجہ سے اب لوگوں کی زمینوں کا ریکارڈ بھی محفوظ نہیں ہے ۔سرکاری عمارت کی خستہ حالی کیساتھ ساتھ پینے کا صاف پانی اور ٹائلٹ بھی تعمیر نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے پٹوار خانے میں تعینات ملازمین کیساتھ ساتھ عام لوگوں کی بھی مسائل کا سامنا کرناپڑتا ہے ۔غور طلب ہے کہ سب ڈویژن میں کئی ایک سرکاری عمارتوں کی حالت انتہائی غیر معیاری ہوچکی ہے لیکن ابھی تک متعلقہ حکام و مقامی انتظامیہ کی جانب سے ان کی مرمت کے سلسلہ میں کوئی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔مقامی معززین نے بتایا کہ کوٹرنکہ پٹوار خانے کی عمارت اور کھڑکیاں دروازے بوسیدہ ہو چکے ہیں جبکہ اس عمارت میں رکھا گیا ریکارڈ بھی اب محفوظ نہیں ہے ۔انہوں نے بتایا کہ خراب موسم کے دوران عمارت پانی ٹپکنے کی وجہ سے بھی ریکارڈ تباہ ہو نے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔مقامی معززین نے انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ پٹوار خانے میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کیساتھ ساتھ عمارت کی مرمت کروائی جائے تاکہ ملازمین و عام لوگوں کو سہولیت مل سکے
منڈی میں بجلی کی آنکھ مچولی
اضافی بل صارفین کیلئے درد سر
عشرت حسین بٹ
منڈی//تحصیل منڈی میں گزشتہ ایک ہفتہ سے عوام کو بجلی کی آنکھ مچولی کی وجہ سے سخت مشکلات درپیش ہیں ۔ایک لاکھ سے زائدآبادی والی تحصیل میں بجلی کے آنے جانے کا کوئی بھی وقت نہیں ہے۔ شام ہوتے ہی بجلی غائب ہو جاتی ہے جبکہ رات کو بھی متعدد مرتبہ متعلقہ محکمہ کی جانب سے بجلی کٹوتی کی جاتی ہے ۔ صارفین کا کہنا تھا کہ تحصیل کے متعدد علاقوں کے لوگوں کو محکمہ کی جانب سے اضافی بل ارسال کئے جاتے ہیں جو کہ یہاں کی غریب عوام کے ساتھ بہت بڑی نا انصافی ہے۔ منڈی کے سابقہ سرپنچ طارق منظور نے محکمہ بجلی کے اعلی آفسران کو تنقید کا نشانہ بنا تے ہوئے کہا کہ محکمہ کی جانب سے غریب عوام کو ہر ماہ بجلی کے اضافی بل ارسال جاتے ہیں جن کا ادا کرنا غریب عوام کیلئے مشکل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ کی جانب سے ہر گھر میں بجلی کے میٹرز بھی نصب کئے گئے ہیں لیکن اس کے باوجود نہ تو معیاری سپلائی دی جارہی ہے اور بلکہ غریبوں سے اضافی پیسہ بھی وصول کیا جارہا ہے ۔صارفین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ دیہات میں بجلی کی معیاری سپلائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ ان کو انصاف مل سکے ۔
پنچایت اکائونٹس اسسٹنٹ تعینات ہوئے امید وار
۔11ماہ سے سی آئی ڈی کی تصدیق کے منتظر
حسین محتشم
پونچھ//گزشتہ برس سے جموں کشمیر کے نوجوانوں کو سرکاری ملازمت دیئے جانے کے سلسلہ میں سرکار کی طرف سے نکالے گئے ایک نوٹیفیکیشن کے بعد امتحان دے کر کامیاب ہونے والے صوبہ جموں کے تقریبا 600 امیدوار پنچایت اکاؤنٹس اسسٹنٹ تعینات ہوئے تھے جس کے بعد سے اب تک ان نوجوانوں سے مختلف قسم کے لوازمات طلب کئے جا رہے ہیں کیونکہ ان نوجوانوں کی سی آئی ڈی تحقیقات ابھی تک مکمل نہیں ہوئی ہے اور نوجوان آج بھی تعیناتی کے منتظر ہیں ۔6 جولائی 2020 کو پنچایت اکاؤنٹس اسسٹنٹ کی اسامیوں کیلئے اشتہار جاری کیا گیا، اس کے بعد 31 اگست 2020 فارم بھرنے کی آخری تاریخ تھی، نومبر 2020 میں نتائج کا اعلان کیا گیا اور جولائی 2021 کو تقریبا 600 کامیاب نوجوانوں کی فہرست جاری ہوئی۔ اس دوران منتخب امیدواروں سے کہا گیا تھا کہ وہ سی آئی ڈی کی تصدیق کیلئے اپنی تصدیق نامہ جمع کرائیں نوجوانوں نے تمام لوازمات پورے کئے لیکن ابھی تک ان کو تعینات نہیں کیا گیا۔فہرست میں شامل پونچھ کے منتخب امیدواروں کو اس بارے میں کوئی اندازہ نہیں ہے کہ سی آئی ڈی کو اس عمل کو مکمل کرنے میں مزید کتنا وقت لگے گا اور وہ کب محکمہ میں شامل ہو سکیں گے۔انہوں نے بتایا کہ انھیں سمجھ نہیں آتی کہ ان کو دفاتر میں تعینات کرنے میں تاخیر کیوں ہو رہی ہے۔ یہاں یہ بتانا ضروری ہے کہ یہ پوسٹیں فاسٹ ٹریک کی بنیاد پر پْر کی جانی تھیں لیکن تقریبا گیارہ ماہ گزر چکے ہیں اور یہ عمل ابھی تک نامکمل ہے۔ امیدواروں نے بتایا کہ ہمیں اس بارے میں کوئی اشارہ نہیں ہے کہ سی آئی ڈی کی تصدیق کا عمل کہاں تک پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں کم از کم اس کی تصدیق کے عمل کی تفصیلات کے بارے اطلاع ہونی چاہیے۔ انھوں نے لفٹینٹ گورنر سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے اس سلسلہ کو جلد سے جلد مکمل کروانے کی اپیل کی۔
نوجوان کی لاش بر آمد
رمیش کیسر
نوشہرہ //سب ڈویژن نوشہرہ میں جموں وکشمیر پولیس نے ایک 24سالہ نوجوان کی لاش پنکھے سے لٹکی ہوئی ملنے کے بعد معاملہ درج کر کے مزید تحقیقات کا عمل شروع کر دیا ہے ۔پولیس نے بتایا کہ سب ڈویژن کے سرحدی دیہات بریری مں پنیت شرما ولد وجے شرما نامی ایک نوجوان کی لاش گھر میں پنکھے کیساتھ لٹکی ہوئی ملنے کے بعد اہل خانہ نے پولیس کو اطلاع فراہم کی جس کے بعد پولیس کی ایک ٹیم موقعہ پر پہنچی اور لاش کو اپنی تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کروایا ۔پوسٹ مارٹم کے بعد لاش کو اہل خانہ کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ اس سلسلہ میں ایک کیس درج کر کے مزید تحقیقا ت شروع کر دی گئی ہیں ۔
قلعہ درہال میں بینک شاخ کھولنے کا مطالبہ
رمیش کیسر
نوشہرہ //سب ڈویژن نوشہرہ کے قلعہ درہال علاقہ کے مکینوں نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ علاقہ میں جموں وکشمیر بینک کی شاخ کھولی جائے تاکہ صارفین کو دیگر علاقوں میں دربدر نہ ہونا پڑے ۔مکینوں نے بتایا کہ 2014میں سابقہ حکومت کی جانب سے قلعہ درہال کو تحصیل کا درجہ دیا گیا تھا لیکن ابھی تک مذکورہ مقام پر بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ تحصیل میں ابھی تک جموں وکشمیر بینک کی شاخ نہیں کھولی جاسکی جس کی وجہ سے صارفین دیگر علاقوںمیں قائم کر دہ بینکوں میں جانے پر مجبور ہیں ۔غور طلب ہے کہ قلعہ درہال تحصیل سرحدی علاقہ میں ہونے کیساتھ ساتھ گنجان آباد بھی ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ان کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے جموں وکشمیر بینک کی شاخ کھولی جائے ۔