راجوری ہسپتال کے مریضوںمیں اشیاء تقسیم
نیوز ڈیسک
راجوری //ایک ہندو تنظیم کے کارکنان نے راجوری ہسپتال کے مریضوں میں اشیاء تقسیم کیں ۔سشیل سدن، سشیل شرما و دیگر کارکنان نے ضلع ہسپتال پہنچ کر وہاں ایمرجنسی و دیگر وارڈوں میں زیر علا ج مریضوںمیں کھانے پینے کی اشیاء تقسیم کیں۔ان اشیاء میں پھل وغیرہ شامل تھے ۔
۔42سالہ شخص کااغوا
پولیس کیس درج ، تلاش شروع
رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ کے سیال گائوں میں نامعلوم افراد نے ایک شخص کو اغوا کرلیاہے ۔مقامی ذرائع کے مطابق بیالیس سالہ طالب حسین ولد محمد دین کو منگل کی دیر رات ڈیڑھ بجے اس کے گھر سے تین نقاب پوشوں نے گھر کے اندر داخل ہوکر اغوا کرلیا جس کا ابھی تک کچھ پتہ نہیں چلا ۔اس سلسلے میں پولیس کو بھی مطلع کیاگیا جس پر پولیس کی ٹیم نے موقعہ پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا اور اہل خانہ کے بیانات بھی قلمبند کئے ۔ طالب کی بیوی نے بتایاکہ تین نامعلوم افراد گھر میں داخل ہوئے اور انہوںنے اس کے خاوند کو اغوا کرلیا ۔پولیس نے اس سلسلے میں ایف آئی آرزیر نمبر 84/2018زیر دفعات 365/346کے تحت معاملہ درج کرکے مغوی شخص کی تلاش شروع کردی ہے ۔اس کام کیلئے فوج سے بھی مدد لی جارہی ہے ۔
موٹرسائیکلوں کی ٹکر میں 1لقمہ اجل ، 2زخمی
راجوری //کالاکوٹ۔نوشہرہ سڑک پر سولکی کے مقام پر دو موٹرسائیکلوں کے درمیان آپس میں ٹکر ہوجانے کی وجہ سے ایک لڑکے کی موت ہوگئی جبکہ دو دیگر زخمی ہوئے ۔پولیس ذرائع کے مطابق موٹرسائیکل زیر نمبرات JK11C 0925اورJK02AN 0478آپس میں ایک دوسرے سے ٹکرائے گئے جس کے نتیجہ میں تین نوجوان زخمی ہوئے جن کوفوری طور پر مقامی ہسپتال لایاگیاجہاںسے گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں منتقل کیاگیا تاہم ان میںسے بیس سالہ محمد آصف ولد محمد نذیر ساکن سولکی نے راستے میں ہی دم توڑ دیا ۔دیگر دو کا علاج جموں میں چل رہاہے جن کی شناخت دیپک اور وشال ولد شام لعل کے طور پر ہوئی ہے ۔پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہے ۔
ڈپٹی کمشنر راجوری کا عوامی دربار
پرویز خان
منجاکوٹ //تحصیل منجاکوٹ کے راجدھانی علاقہ میں ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری کی قیادت میں پبلک دربار منعقد ہوا۔اس موقعہ پر ان کے ہمراہ تحصیل انتظامیہ منجاکوٹ وضلع افسران بھی تھے ۔ اس موقعہ پر لوگوں نے ڈپٹی کمشنر راجوری سے ڈگری کالج کیلئے مانگ کی ۔انہوںنے پانی کی قلت کودور کرنے کیلئے ہینڈ پمپ نصب کرنے اور دیگر مسائل حل کرنے کا مطالبہ کیا ۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام مطالبات پورے کرنے کا یقین دلایا۔
سکول بس حادثے میں 5طلاب زخمی
عشرت حسین بٹ
منڈی// منگل کو ساتھرہ میں ایک سکول بس حادثے کا شکار ہو گئی جس کے نتیجہ میں پانچ طلبازخمی ہوئے ہیں۔ تحصیل منڈی کے ساتھرہ علاقہ میں جامعہ اسلامیہ اشاعت العلوم سکول کی گاڑی حادثے کا شکار ہوئی جس کی وجہ سے پانچ طلبا کو چوٹیں آئیںتاہم ایک بہت بڑا حادثہ ہوتے ہوتے ٹل گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق جامعہ کی گاڑی زیر نمبرJK12-5754سکولی بچوں کولے کرجندرولہ سے چنڈک کی طرف روانہ تھی جس میں تیس سے زائد سکولی بچے سوار تھے جو اچانک ساتھرہ کے مقام پر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو گئی ۔اس دوران پانچ طلباء زخمی ہوئے جنہیں ساتھرہ سب سنٹر منتقل کیاگیاجہاںسے دو طلباء کوسب ضلع اسپتال منڈی جبکہ دو طلبا کو ضلع اسپتال پونچھ منتقل کیا۔زخمیوں کی شناخت خلیل احمد، خورشید احمد ،محمد الطاف، وسیم احمد اور بلال احمد کے طور پر ہوئی ہے ۔
ٹائلوں کے کام کا افتتاح
پونچھ //ایم ایل سی پونچھ نے اپنے حلقہ اختیاراتی فنڈز سے رقومات فراہم کر کے امام بارگاہ پونچھ کی صحن میں ٹائلیں بچھانے کا کام شروع کروایاتھا جو مکمل کردیاگیاہے۔ کام مکمل ہونے کے بعد رسم افتتاح انجام دی گئی جس دوران یشپال شرما نے ربن کاٹا ۔اس دوران ایک تقریب منعقد ہوئی جس کی صدارت انجمن جعفریہ پونچھ کے صدر نے کی جہاں موصوف کو ہار اور شال پہنا ئی گئی ۔مقررین نے کہا کہ کہ یشپال شرما ایک دوراندیش لیڈر ہیںجنہوں نے پونچھ کی عوام کے حقوق کیلئے ہمیشہ جدوجہد کی۔ انہوں نے یشپال شرما کا شکریہ ادا کیا ۔ یشپال شرما نے کہا کہ ان کی ہمیشہ کوشش رہتی ہے کہ وہ عوام کی خدمت کریں ۔انہوں نے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ان کی عزت افزائی کی۔اس موقعہ پر انجمن جعفریہ کے سرپرست اعلیٰ راحت حسین نحوی، سید محمد رضا رضوی، غلام حسین جعفری،محمد بشیر میر،جعفر حسین ونتو، مقبول احمد قلی، ایڈووکیٹ افتخار علی بزمی،تحصیلدار پونچھ، ڈی وائی ایس پی ڈی آروغیرہ بھی موجودتھے ۔
ماہ صیام کی اہمیت پر سیمینار منعقد
تھنہ منڈی //گورنمنٹ ڈگری کالج تھنہ منڈ ی کے شعبہ اسلامی سٹیڈیز و عربی کی طرف سے ماہ صیام کی اہمیت پر سیمینار منعقد کیاگیا ۔اس موقعہ پر شعبہ اسلامی تعلیمات کے سربراہ پروفیسر قرۃ العین اور شعبہ عربی کے سربراہ ڈاکٹر سجاد احمد نے ماہ صیا م کی مذہبی و اسلامی اہمیت پر روشنی ڈالی اورساتھ ہی سائنسی فوائد بھی بیان کئے ۔اپنے خطاب میں کالج کے پرنسپل پروفیسر شکیل احمد رینہ نے کہاکہ ماہ صیام میں روزہ رکھنا ہر ایک مسلمانوں کیلئے فرض ہے جو نہ صرف انسان کی صحت کیلئے مفیدہے بلکہ دیگر طرح سے یہ فائدہ دیتاہے ۔پروگرام میںنظامت کے فرائض پروفیسر شاجی خان نے انجام دیئے جبکہ شکریہ کے الفاظ پروفیسر سلیم ایاز راتھر نے کہے۔
پولیس افسر کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام
عشرت حسین بٹ
منڈی // حال ہی میں تبدیل ہوئے ڈی ایس پی پونچھ شاہد نعیم کے اعزاز میں سماجی تنظیم احساس فائونڈیشن نے ڈاک بنگلہ پونچھ میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیا ۔تقریب کے دوران موصوف کے ایک سالہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے مقررین نے کہا کہ شاہد نعیم کی پونچھ میں تعیناتی ریاستی سرکار کا ایک اہم فیصلہ تھااورموصوف نے یہاں کی عوام کے ساتھ تال میل قائم کیا ۔فائونڈیشن کے چیئرمین پرویز ملک آفریدی نے کہاکہ بڑے دکھ سے کہنا پڑ رہاہے کہ پونچھ کے ایک سپوت کا تبادلہ کردیا گیا جس کی وجہ سے پونچھ کی عوام کو مایوسی ہوئی ہے ۔انکا کہنا تھا کہ ان کی تعیناتی سے پورے ضلع پونچھ میں قانون کی بالا دستی کو فروغ ملا ۔تقریب میں کانگریس کے سینئر لیڈر تاج میر ،منیجر وحید احمد ڈار، ارشد چوہان ،نو تعینات شدہ ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر پونچھ نواز احمد کھانڈے ،اے آرٹی او پونچھ عبدالرحیم میر،ایاز مغل، خلیل بانڈے، نصرت شاہ، شاہنواز دیوان ،عمران شاہ، سہیل ،امتیاز، آصف کرمانی وغیرہ بھی موجودتھے ۔
تھنہ منڈی میں کانگرس کا اجلاس
بلاک صدور کی نامزدگی پر اظہار تشکر
طارق شال
تھنہ منڈی // تھنہ منڈی میں بلاک کانگریس کمیٹی کا ایک اجلاس منعقد ہواجسکی قیادت پردیش کانگریس کمیٹی سکریٹری شکیل احمد میر نے کی۔اس موقعہ پرنو بلاک صدور کی نامزدگی پرپارٹی ہائی کما ن کا شکریہ ادا کیاگیا۔ کانگری ورکراِ ن نے کہا کہ موجودہ مخلوط سرکار ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہے اوراس کے دعوے کھوکھلے ثابت ہوئے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ کانگریس ہائی کمان نے تھنہ منڈی کے دو بلاکوں میں بلاک صدور نامزد کئے ہیںاور نامزد صدورمیں محمد عبداللہ خان بلاک صدر تھنہ منڈی جبکہ مرزا عبدالقیوم بلاک صدر پلا گڑھ ہیں۔ پردیش کانگریس کمیٹی سکریٹری شکیل احمد میر نے نامزد عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ اس فیصلہ سے یقینی طور پر پارٹی بنیادی سطح پر مضبوط ہوگی ۔ بعد ازآں کارکنان نے ڈاک بنگلہ سے ایک ریلی نکالی جو اقبال چوک سے ہوکر شاہدرہ موڑ میں ختم ہوئی ۔ شکیل احمد میر نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سرکار نے ترقی کے معاملہ میں تھنہ منڈی کونظر انداز کر دیاہے اور ساڑھے تین سال میں کوئی کام نہیںہوا۔انہوں نے کہا کہ تھنہ منڈی کی عوام نے سب ڈسٹرکٹ تھنہ منڈی، آئی ٹی آئی کالج، فائر سروسز سنٹر کھولنے کے علاوہ تحصیل کمپلیکس کے بجائے تھنہ منڈی میں منی سکریٹریٹ قائم کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت تک ایک بھی مطالبہ پورا نہ کیا گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری دفاتر یرغمال ہو چکے جنہیںآزاد کرا یا جائے۔ اس موقعہ پرحاجی محمد شفیع کملاک، حاجی محمد بشیر شال، محمد اعظم خان، جہانگیر خان، ظہور احمد ، بشیر کیپٹن ، منیر ٹھکر، منیر بھٹی،محمد یاسین لون، شادی خان ، راجہ گنائی، شیراز میروغیرہ بھی موجو دتھے۔