لوگوں کو بنیادی حقوق کی فراہمی وقت کی ضرورت:بھیم سنگھ
جموں//سپریم کورٹ کے سینئر وکیل اور اسٹیٹ لیگل ایڈ کمیٹی، جموں وکشمیر کے ایکزیکیو ٹیو چیرمین پروفیسر بھیم سنگھ نے وکلاء کی ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہندستانی پارلیمنٹ پر زور دیا کہ تمام بنیادی حقوق( آرٹیکل 13 سے آرٹیکل 35 تک( جموں وکشمیر کے لوگوں کو فراہم کئے جائیں جس کا 27اکتوبر، 1947کو ہندستان کے ساتھ الحاق ہوا تھا۔انہوں نے کہاکہ افسوس کے ساتھ کہا کہ اس ریاست کو دیگر 576ریاستوں ، جن کے حکمرانوں نے 1950سے قبل ہندستان کے ساتھ الحاق کیا تھا، کی طرح ہندستانی آئین میں منصفانہ جگہ نہیں فراہم کی گئی۔پروفیسر بھیم سنگھ نے کہاکہ جموں وکشمیر کے لوگ ہندستانی آئین میں دیئے گئے تمام بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔انہوں نے کہاکہ 1954میں جموں وکشمیر کے لوگوں کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم رکھنے کے لئے آرٹیکل 35میں ترمیم کرکے اس کے ساتھ ’A‘ جوڑ دیا گیا جس سے جموں وکشمیر کی حکومت اس کا اختیار مل گیا کہ وہ ریاست کے لوگوں کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم رکھ سکے اور اس طرح ریاستی حکومت کو پارلیمنٹ کے مقابلہ میں زیادہ اختیار ات مل گئے۔ یہاں تک پارلیمنٹ بھی اس میں دخل نہیں دے سکتی۔
مسلم بستیوں میں بنیادی سہولیات مہیارکھی جائیں:عاشق خان
جموں//پی ڈی پی لیڈروشیعہ فیڈریشن صوبہ جموں کے صوبائی صدرعاشق خان نے ریاستی سرکاروانتظامیہ سے پرزورمطالبہ کیاکہ ماہ رمضان المبارک کے دوران مسلم بستیوں اورعلاقہ جات میں بجلی،پانی ،راشن اوررسوئی گیس جیسی سہولیات میسرکرائی جائیں۔پریس کے نام جاری بیان میں عاشق خان نے کہاکہ ماہ رمضان کے دوران اکثریہ شکایات ہوتی ہیں سحری اورافطارکے وقت بجلی بندہوتی ہے اورپانی ،راشن اوررسوئی گیس کی قلت سے لوگوں کوپریشانیاں جھیلنی پڑتی ہیں۔انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ جہاں پرشیعہ آبادی ہے وہاں پربھی ماہ رمضان کے دوران بنیادی سہولیات مہیاکرائی جائیں ۔عاشق خان نے کہاکہ ریاستی نائب وزیراعلیٰ نے محکمہ بجلی کویہ ہدایت دی ہے کہ رمضان میں بجلی مہیارکھی جائے اس لیے محکمہ بجلی اوردیگرمحکموں سی اے پی ڈی ،پی ایچ ای وغیرہ کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ عوام کوما ہ رمضان کے دوران شہرجموں کے علاوہ دوردرازعلاقہ جات منڈی ،ساوجیاں،گگڑیاں،اڑائی،گورسائی،چندرکوٹ نیزصوبہ کے تمام اضلاع میں بنیادی سہولیات میسررکھی جائیں تاکہ روزہ داروںکودشواریوں کاسامنانہ کرناپڑے۔
ذوالفقار کا تعلیم کو فتنہ و فساد سے دور رکھنے پر زور
وزیرکی جوائنٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی پرائیویٹ سکول کوتعاون کی یقین دہانی
سرینگر//سکولی تعلیم ، حج و اوقاف اور امور قبائل کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے تعلیم کو فتنہ فساد سے دور رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ طلاب کا بنیادی حق بہتر تعلیم انہیں ہر حالت میں فراہم کیا جانا چاہئیے ۔ ان باتوں کا اظہار وزیر موصوف نے آج یہاں پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن کی طرف سے منعقد کی گئی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات روزِ روشن کی طرح عیاں ہے کہ تعلیم ہی ایک انسان کو آنکھوں کا نور اور دل کا سرور فراہم کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کی بدولت انسان بھلے اور بُرے میں تمیز کر سکتا ہے ۔ حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ اُن کے سب سے زیادہ احادیث تعلیم کے نور کو عام کرنے پر ہی فرمائے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا ہے کہ اگر علم حاصل کرنے کیلئے چین بھی جانا پڑے تو ضرور علم حاصل کرو چاہے جتنا بھی دور ہو ۔ وزیر نے بچوں کو تعلیم سے دور رکھنے اور تعلیمی ماحول میں رخنہ ڈالنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کرنے والے لوگ نہ اپنا بھلہ کرتے ہیں نہ دوسروں کا ۔ وزیر موصوف نے کہا کہ صاحب ثروت لوگ اپنے بچوں کو وادی سے باہر دوسرے علاقوں میں اعلیٰ اور معیاری تعلیم فراہم کرنے کے انتظامات کرتے ہیں اور غریب والدین اپنے بچوں کی تعلیم مکمل نہیں کر پاتے ۔ وزیر نے حکومت کی طرف سے اُن اقدامات کا ذکر کیا جو بچوں کو سکولوں میں پوری حاضری یقینی بنانے کیلئے کئے جا رہے ہیں تا کہ یہ بچے مقابلوں کے امتحانوں میں کھرے اتر سکیں ۔ نجی سکولوں کے رول کا ذکر کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ ریاست میں نجی سکول تعلیمی سیکٹر کو بڑھاوا دینے میں حکومت کے ساتھ ساتھ اہم رول ادا کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت پرائیویٹ سکولوں کے خلاف نہیں ہیں نہ اُن کے آمدنی کے ذرایع کے خلاف تا ہم وزیر نے کہا کہ ان پترائیویٹ سکولوں کی آمدنی کے ذرایع جائیز ہونے چاہئیں ۔ اس سے قبل وزیر کو اس موقعہ پر محکمہ تعلیم کا چارج سنبھالنے پر مبارک باد دی گئی ۔ تقریب پر ایم ایل اے یاور دلاور ، ایم ایل سی سیف الدین بٹ ، آئی جی ٹریفک بسنت رتھ ، سیکرٹری سکول ایجوکیشن فاروق شاہ ، چئیر پرسن جے اینڈ کے سٹیٹ بورڈ آف سکول ایجوکیشن پروفیسر وینا پنڈتا ، ڈپٹی کمشنر سرینگر سید عابد حسین ، ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن جی این ایتو ، کمشنر ایس ایم سی ، پروجیکٹ ڈائریکٹر رمسا ، پروجیکٹ ڈائریکٹر ایس ایس اے ، جوائینٹ ڈائریکٹر ایس آئی ای کشمیر و دیگر معزز شخصیات موجود تھے ۔
محکمہ سیریکلچر کے ملازمین کے احتجاج کا10واں دن
جموں// سیریکلچرایمپلائزایسوسی ایشن کے بینرتلے محکمہ سیری کلچرکے درجہ چہارم مستقل ملازمین نے مطالبات کے حق میں دسویں دن بھی احتجاجی مظاہرہ کیا۔اس دوران کثیرتعدادمیں محکمہ سیریکلچر کے درجہ چہارم لازمین پریس کلب کے باہرجمع ہوئے اورانہوں نے اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی۔ سراپااحتجاج ملازمین کی مانگوں جن میںڈائریکٹرسیریکلچرکوہٹانے ،بیرون ضلع درجہ چہارم ملازمین کوٹرانسفارمرنہ کرنے، لیبرکاکام نہ لینے، ڈی پی سی منعقدکرنے ، تمام درجہ چہارم ملازمین کوٹیکنکل گریڈدینے، ملازمین کوہراساں نہ کرنے وغیرہ شامل ہیں۔اس دوران مظاہرین کی قیادت بشیراحمدملک کررہے تھے جبکہ ایمپلائزجوائنٹ ایکشن کمیٹی کے لیڈران بھی ان کی حمایت کررہے ہیں۔انہوں نے محکمہ کے اعلیٰ عہدیداران سے اپیل کی ہماری جائز مانگیں پوری کی جائیں۔
وزیراعظم کی آمدکے پیش نظر :ایئرپورٹ ۔چٹھاسڑک کی مرمت کاکام ایک ہفتے میں مکمل
شہرکی بیشترسڑکیں بدحالی کاشکار،آناًفاناًسڑکوں کی مرمت عوام کے ساتھ دھوکہ
یوگیش سگوترہ
جموں//19 مئی کووزیراعظم نریندرمودی شیرکشمیریونیورسٹی آف اگریکلچرل سائنسزاینڈٹیکنالوجی جموں (سکاسٹ۔جموں) کی کنووکیشن سے خطاب کرنے کے علاوہ دیگرکئی اہم ترقیاتی پروجیکٹوں کاسنگ بنیادوافتتاح رکیں گے۔اس سلسلے میں محکمہ پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ (پی ڈبلیوڈی ) حکام نے ایئرپورٹ ۔چٹھاروڈ پردوبارہ سے کارپیٹنگ کے کام اورجموں یونیورسٹی روڈ پرکھڈے بھرنے کے کام کوایک ہی ہفتے میں مکمل کرلیاہے جوکہ پچھلے تین سالوں سے نہیں ہواتھا۔سکاسٹ جموں کی طرف سے جاتے ہوئے چارپانچ کلومیٹرسڑک کے ٹکڑے پر میکڈیمائزیشن کے کام کوریکارڈمدت میں مکمل کیاگیا اورساتھ ہی ڈیوائڈرس پرپینٹ کاکام چل رہاہے۔اس کے علاوہ چٹھاکی طرف جاتے ہوئے جموں یونیورسٹی روڈپر100سے زائد کھڈے بھی محکمہ پی ڈبلیوڈی نے بھرے ہیں کیونکہ وزیراعظم اس سڑک سے ہوکرچتھاپہنچیں گے۔مقامی لوگ چٹھاسڑک کی مرمت ہونے سے خوش ہیں اورحکومت کی تاخیرکی پالیسی پرنالاں ہیں۔وشال شرمانامی مقامی شخص نے کشمیرعظمیٰ کوبتایاکہ وی آئی پی مووئومنٹ کے سبب ایئرپورٹ روڈکیگذشتہ تین سالوں میں تین مرتبہ مرمت کی ہے لیکن ایئرپورٹ کراسنگ سے آگے آرایس پورہ،ارنیا،سچیت گڑھ جیسے درجنوں سرحدی دیہات کوجانے والی سڑک خستہ حالی کاشکارہے ۔انہوں نے کہاکہ 2014اسمبلی انتخابات میں ،اس وقت کے نائب وزیراعلیٰ نے وعدہ کیاتھاکہ اگروہ منتخب ہوئے توسڑکوں پرکھڈے دکھائی نہیں دیں گے لیکن اقتدارمیں آنے کے تین سال بعدبھی سڑکوں کی حالت ناگفتہ بہ ہے۔اسی طرح شہرکے مختلف علاقوں بشمول گاندھی نگرحلقہ میں بھی بہت سے مقاما ت پرسڑکوں پرکھڈے پڑے ہوئے ہیں جن کی وجہ سے لوگ آئے دن مشکلات جھیلتے ہیں۔روہت گپتانامی ایک شخص نے کہاکہ وی آئی پی مقامات کی سڑکوں پرکوئی کھڈے نہیں ہیں لیکن عام سڑکوں کی مرمت نہیں کی جاتی ہے جس کی وجہ سے ان پرجگہ جگہ کھڈے پڑے ہیں۔ سی بی آئی آفس ،ڈائریکٹرفلوریکلچرآفس جموں، باہوفورٹ ،ٹرانسپورٹ نگرنروال سڑکوں کی حالت بھی ناگفتہ بہ ہے اوروی آئی پی مومنٹ کے پیش نظرہی سڑکوں پرکھڈے بھرے گئے ہیں جوکہ عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے۔
سنیل شرمانے اپ گریڈکئے گئے گرڈسٹیشن کاافتتاح کیا
محکمہ کولوگوں کوبہتربجلی سپلائی یقینی بنانے کی ہدایت دی
جموں//وزیربرائے بجلی سنیل کمارشرمانے کنال روڈ میں اپ گریڈکئے گئے گرڈسٹیشن کاافتتاح کرتے ہوئے 50ایم وی اے ٹرانسفارمرنصب کیا۔اس موقعہ پرسنیل شرمانے کہاکہ گرڈسٹیشن سے کنال روڈ، تالاب تلو، جیول ،بخشی نگر، چٹھا،ستواری، شکتی نگر ،ریشم گھرودیگرعلاقہ جات کے لوگوں کوفائدہ پہنچے گا۔یہ 50ایم وی اے ٹرانسفارمر ،گرڈسٹیشن پر3.49کروڑروپے کی لاگت سے نصب کیاگیاہے۔اس دوران خطاب کرتے ہوئے سنیل شرمانے کہاکہ آفیسران کوہدایت دی کہ وہ بہترین منصوبہ جات ترتیب دے کر ترقیاتی کام کریں ۔انہوں نے انجینئروں سے کہاکہ وہ لوگوں کوبہتربجلی سپلائی کرنے کیلئے اقدامات کریں۔انہوں نے کہاکہ نیاٹرانسفارمرنصب کرنے سے متعددعلاقہ جات کے لوگوں کودرپیش بجلی کی پریشانی دورہوجائے گی۔انہوں نے محکمہ کے آفیسران کی لوگوں کوبہتربجلی سپلائی یقینی بنانے کیلئے کاوشوں کوسراہا۔اس موقعہ پر چیف انجینئر اویناش کماردوبے،ایس ای گرمیت سنگھ،ایس ای سدھیرگپتا،ایکسین ست پال اوردیگرسینئرآفیسران بھی موجودتھے۔
5 قماربازگرفتار،5900روپے ضبط
جموں//پولیس نے سانبہ ضلع میں پانچ قماربازوں کوگرفتارکرنے کادعویٰ کیاہے۔پولیس ٹیم نے رام گڑھ کے کوٹلی گائوں میں چھاپہ ماراجس کے دوران 5900روپے اورکھیلنے والے پتے بھی ضبط کرنے کے ساتھ پانچ قماربازوں کی گرفتاری عمل میں لائی۔جن کی شناخت جسبیرسنگھ ،کوی سنگھ،سرجیت سنگھ،انکوش گپتااورٹونی کے طورپربتائی گئی ہے۔
خاتون نے بیٹے کے ساتھ مل کرعاشق کوقتل کیا
جموں//سانبہ ضلع میں ایک خاتون نے اپنے عاشق کواپنے بیٹوں اوراس کے دوستوں کے ساتھ مل کر مبینہ طورپرقتل کردیاہے ۔بتایاجاتاہے کہ اس کے خاتون کے ساتھ پچھلے چھ برسوں سے ناجائزتعلقات تھے جس کے خلاف خاتون کاپریوارتھا۔پولیس نے خاتون سمیت چھ افرادکوگرفتارکرلیاہے۔اس سلسلے میں پولیس کوایک گربچن سنگھ ساکن مکھن پورچاڑکاں تحصیل بشناہ نے شکایت درج کرائی تھی اوربتایاکہ اس کاکرایہ دار راج کمارساکن چھتیس گڑھ لاپتہ ہے۔بڑی براہمناں پولیس نے معاملہ درج کرکے انل مگوترہ کی قیادت میں خصوصی ٹیم تشکیل دی اورتحقیقات شروع کی جس کے دوران خاتون نے اقرارجرم کیاکہ اس نے اپنے بیٹے کے ساتھ مل کر کمارکوہلاک کیااورلاش کودفن کردیا۔پولیس نے 302آرپی سی کے تحت معاملہ درج کرلیا۔