اونچائی سے گر کر دو لڑکے زخمی
سمت بھارگو
راجوری//راجوری میں دو لڑکے اونچائی والے علاقے سے گر کر زخمی ہوئے ہیں۔ان کی شناخت عادل احمد اور آفتاب احمد ساکنہ کھیورہ و تھنہ منڈی کے طور پر ہوئی ہے۔یہ دونوں راجوری قصبہ کے وسط میں واقع عبداللہ پل کے نزدیک بلندی والی جگہ میں کھڑے تھے جہاں سے اچانک پائوں پھسل جانے سے وہ نیچے روڈ پر جاگرے جہاں سے دونوں کو فوری طور پر اٹھاکر ہسپتال منتقل کیاگیا۔
موٹرسائیکل کی ٹکر سے خاتون زخمی
رمیش کیسر
نوشہرہ//نوشہرہ کے جھنگڑ چوک میں موٹرسائیکل کی ٹکر سے ایک خاتون زخمی ہوگئی ہے۔پولیس نے بتایاکہ چاندنی دیوی عمر پچیس سال سکنہ بھوانی جھنگڑ چوک میں کھڑی تھی کہ ایک موٹرسائیکل زیر نمبرJK11C-0835جس کو پرمجیت سنگھ ولد حکم سنگھ سکنہ قلعہ درہال چلارہاتھا،نے اسے ٹکر ماردی جس سے وہ شدید طور پر زخمی ہوئی۔اسے فوری طور پر مقامی دکانداروں نے وہاں سے اٹھاکر ہسپتال پہنچایاگیاجہاں علاج جاری ہے۔وہیں پولیس نے موٹرسائیکل کے ڈرائیور کو گرفتار کرلیاہے جبکہ گاڑی بھی ضبط کرلی گئی ہے۔
پی ڈی پی۔بھاجپا نے ریاست کو بحران میں دھکیل دیا:رانا
جاوید اقبال
مینڈھر//نیشنل کانفرنس لیڈر و ممبراسمبلی مینڈھرجاوید احمد رانا نے کہاہے کہ بھاجپا اور پی ڈی پی کے اتحاد نے ریاست کو بحرانی حالت میں دھکیل دیاہے۔مینڈھر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رانا نے کہاکہ اس اتحاد کے پہلے روز سے ہی وہ یہ کہتے آئے ہیں کہ یہ اتحاد درست نہیں۔انہوں نے کہاکہ نریندر مودی میدان کھوگئے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے جموں کشمیر کو چھوڑ دیاہے۔رانا کاکہناتھاکہ پچھلے تین برسوں میں ہوئی ہلاکتوں کی ذمہ داری بھاجپا حکومت ہے اوراس پارٹی نے پی ڈی پی کے ساتھ صرف اقتدار حاصل کرنے کیلئے حکومت تشکیل دی اور موجودہ حالات کیلئے یہی دونوں جماعتیں ذمہ دار ہیں۔انہوں نے کہاکہ یہ اتحادریاست کیلئے تباہ کن ثابت ہواہے جس نے عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے مشکلا ت میں اضافہ کیاہے۔
آدھار کارڈ بنانے والے عملہ کی نگرانی کا مطالبہ
جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر کے لوگوں نے حکام سے مانگ کی ہے کہ آدھار کارڈ بنانے والے عملے کی کڑی نگرانی کی جائے جو یہ کارڈ بنانے کے عوض لوگوں سے پیسے وصول کرتے ہیں۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ تحصیل کمپلیکس میں آدھار کارڈ بنائے جارہے ہیں تاہم کسی کی طرف سے اس عمل کی نگرانی نہیں کی جارہی جس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے عملہ پیسے بٹورنے میں مصروف ہے۔انہوں نے الزام لگایاکہ عام لوگوں کو آدھا رکارڈ کیلئے کئی کئی مہینے بعد تاریخ دی جاتی ہے جبکہ اثرورسوخ رکھنے والوں کے کارڈ اسی روز بن جاتے ہیں۔ پٹھانہ تیر کی ایک بزرگ خاتون نے بتایاکہ اس سے آدھار کارڈ کیلئے دوسوروپے مانگے گئے اور اس نے مجبوراًیہ پیسہ دیا۔اس معاملے پر ایس ڈی ایم مینڈھر تنویر خان نے یقین دلایاکہ یہ کام صاف و شفاف طرز پر انجام دیاجائے گا۔
ایس بی ایم کے تحت کاموں کی رقومات واجب الادا
طارق شال
تھنہ منڈی// بلاک تھنہ منڈی میں گذشتہ کئی ماہ سے لوگوں نے سوچھ بھارت مشن کے تحت بیت الخلاء تعمیر کئے ہیں جس کے عوض انہیں رقومات ادا نہیں کی جارہی۔بہت زیادہ تشہیر کی جارہی مرکزی سرکار کی معاونت والی اس سکیم کے تحت بلاک تھنہ منڈی کے لوگوں نے بیت الخلاتعمیر کئے تھے تاہم ان کی رقومات اب تک واگزار نہیں کی گئی۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ بیت الخلاء ریت ،بجری اور سیمنٹ ادھار لیکر تعمیر کئے اور اب رقومات کی ادائیگی مشکل بن گئی ہے۔انہو ں نے مانگ کی ان رقومات کی جلد سے جلد واگزاری کی جائے۔اس ضمن میں بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر تھنہ منڈی محمد قاسم چوہدری نے بتا یا کہ دفتر میں کچھ تکنیکی خرابی کی وجہ سے رقومات دینے میں تاخیر ہوئی ہے۔تاہم انہوں نے بتایاکہ ایس بی ایم کے تحت بلاک کو مزید چار لاکھ روپے ملے ہیں اور انہوں نے متعلقہ اسسٹنٹ کو ہدایت دی ہے کہ کاغذات تیار کئے جائیں تاکہ آئندہ دو روز کے اندر اندر تمام پنچایتوں میں ہوئے کاموں کی اجرت واگزار کی جاسکے۔
پی ڈی پی۔بھاجپاایجنڈا آف الائنس سراب ثابت ہوا:مشتاق بخاری
بختیارحسین
سرنکوٹ//نیشنل کانفرنس کے ریاستی سیکریٹری و سابق وزیر سید مشتاق بخاری نے بھاجپا کی طرف سے پی ڈی پی کی قیادت والی حکومت سے حمایت واپس لینے کے فیصلے پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ایسا دیر سویر ہوناہی تھا تاہم اس اتحاد نے ریاست کو مشکل صورتحال سے دوچار کردیاہے۔سرنکوٹ میں ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے مشتاق بخاری نے کہاکہ یہ اتحاد ریاست کیلئے تباہی کاموجب بنا اور ہلاکتیں،قتل و غارت گری و عوامی مسائل میںاضافہ اسی کی دین ہے۔ان کاکہناتھاکہ پی ڈی پی اور بھاجپا کے درمیان ہوئے معاہدے سراب ثابت ہوئے ہیں اور ایجنڈا آف الائنس اور کم از کم مشترکہ پروگرام کی ہوا نکل گئی ہے جس کا پی ڈی پی صدر کی طرف سے بارہاڈھنڈورہ پیٹاجاتارہاہے۔ان کاکہناہے کہ بھاجپا نے ریاست کی عوام کو بیوقوف بنانے کی کوشش کی اور اقتدار کا مزہ لوٹنے کے بعد اپنیلئے زمین سکڑتے دیکھ کر اس نے حکومت سے حمایت ہی واپس لے لی۔بخاری نے کہاکہ پی ڈی پی نے بھاجپا کی شریک بن کر ریاست خاص کر وادی کشمیر کے لوگوں کو پریشانی کے ایک نئے بھنور میں دھکیل دیاہے اور سبز زعفرانی اتحاد کی وجہ سے آج ایسے حالات کاسامناہے جو ماضی میں کبھی نہیں دیکھے گئے۔
پونچھ میں آنگن واڑی کارکنان کااحتجاج
حسین محتشم
جموں//آنگن واڑی ورکرز اور ہیلپرز یونین پونچھ کی جانب سے اپنے مطالبات کے حق میں مظاہرہ لگاتار جاری ہے۔اس دوران ایک بار پھر سینکڑوں کارکنوں اور ہیلپروں نے فوارہ گارڈن میں جمع ہو کر حکومت مخالف احتجاج کیا اور الزام عائد کیاکہ ان کے مسائل حل کرنے کیلئے غیر سنجیدگی اختیار کی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ پڑوس کی ریاستوں میں ورکروں اور ہیلپروں کو بالترتیب چھ ہزار اور دس ہزار روپے تنخواہ دی جارہی ہے لیکن جموں کشمیر میں ان کے ساتھ ناانصافی کی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ان سے کام تو بہت لیاجاتاہے مگر بدلے میں کچھ بھی نہیں ملتا۔ان کاکہناتھاکہ مہنگائی میں کئی گنا اضافہ ہواہے لیکن ان کا مشاہرہ بالکل بھی نہیں بڑھایاجارہا جس کے نتیجہ میں ان کو گھریلو مشکلات کاسامناہے۔آنگن واڑی کارکن نسیم اخترنے کہاکہ وہ فروری سے لگاتار احتجاج کررہی ہیں لیکن حکام کو ٹس سے مس نہیں اور نہ ہی کوئی احساس ہے۔ان کاکہناتھاکہ حکام خواتین کو کمزور نہ سمجھیں بلکہ ان کے جائز مطالبات پورے کئے جائیں نہیں تو احتجاج میں مزید شدت لائی جائے گی۔
غریب کیلئے کامیابی کی واحد کنجی تعلیم:شہزاد ملک
جاوید اقبال
مینڈھر//سائیں ناتھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر شہزاد احمد ملک نے نوجوانوں کو تعلیم کی ترغیب دینے کے پروگرام کے تحت مینڈھر کے بلنوئی علاقے کا دورہ کیا۔اس موقعہ پر مقامی لوگوں اور نوجوانوں نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔مقامی لوگوں سے اپنے خطاب میں شہزاد احمد ملک نے کہاکہ تعلیم کامیابی کی واحد کنجی ہے۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیاکہ وہ تعلیم کو اپناشیوا بنائیں اور علاقے میں امن و امان قائم و دائم رکھنے میں تعاون دیں۔انہوں نے کہاکہ ایک غریب کی غریبی تعلیم حاصل کرکے ہی دور ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ وہ نوجوانوں کی طرف سے اٹھائے گئے مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے انہیں تلقین کی کہ وہ منشیات کے استعمال اوراس کے کاروبار سے دور رہیں اور نہ ہی کسی غیر قانونی سرگرمی کا حصہ بنیں۔اس موقعہ پر شہزاد ملک نے قتل کئے گئے فوجی اہلکار اورنگ زیب کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ اس نے ملک کی خاطر اپنی جان دے دی۔