پلانگڑھ نالہ کے کٹاؤ سے باشندگان کوخطرہ لاحق
نقصان سے قبل حفاظتی باندھ تعمیر کرنے کی اپیل
طارق شال
تھنہ منڈی//تھنہ منڈی کے پلانگڑھ نالہ کے کناروں پر بسنے والے باشندگان کو پانی کے بہاؤ سے سخت خطرہ لاحق ہو گیاہے جسکی روک تھام کے لئے مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے فوری اقدامات کی اپیل کی ہے۔محمد اعظم ،محمد آزاد،سخی محمد ،بشارت حسین اورعرفان احمد کا کہناہیکہ عید سے قبل تھنہ منڈی کے علاقہ کھبلاں اور لاح میں بادل پھٹنے سے بھاری نقصان ہوااوراس کی زد میں پلانگڑھ بھی آیاہے۔مقامی لوگوں کا کہناہیکہ پلانگڑھ ایسا علاقہ ہے جو لاح کے دونوں نالوں کے بیچ میں واقع ہے۔انہوں نے کہا کہ جب ان دونو ں نالو ں میں تیز بہاؤ کا پانی آتاہے تواس سے مٹی کا کٹاؤ ہوتاہے۔ انہوں نے کہا کہ ان نالوں کے کناروں پر بسنے والے باشندگان کو نالوں کے کٹاؤ سے سخت خطرہ لاحق ہو گیاہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہیکہ پلانگڑھ میں بھی زمینوں اور فصلوں کو نقصان پہنچاہے جبکہ مال مویشی بھی ان نالوں کی زد میں آکر بہہ گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان نالوں کا رخ پلانگڑھ کی چھوٹی سی وادی کی طرف موڑدیا گیاہے جسکی وجہ سے رہائشی مکانوں کو خطرہ لاحق ہواہے۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ راجوری سے اپیل کی ہے کہ مزید نقصا نات کی روک تھام کیلئے فوری طور پر حفاظتی باندھ تعمیر کرنے کے اقدامات کئے جائیں۔
ڈرائیوروں نے غیر قانونی اڈہ قائم کرلیا
سڑک پر گاڑیاں کھڑی کرنے سے کامسر کے لوگوں کو پریشانی کاسامنا
حسین محتشم
پونچھ//قصبہ پونچھ کے کامسر علاقیمیں مسافر گاڑیوں کے ڈرائیوروں نے من مرضی سے بس اڈہ قائم کر لیا ہے جس کی وجہ سے محلہ کے لوگوں کو کئی طرح کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔بنوت، ڈھوکری اور دیگر علاقوں کی جانب جانے والی درجنوں سوموز، آٹوز اور میٹاڈوریں کامسر سڑک پر کھڑی کر دی جاتی ہیں جس کی وجہ سے وہاں اکثر جام لگ جاتا ہے اور لوگ پریشان ہو جاتے ہیں۔اس سلسلہ میں بات کرتے ہوئے مقامی شخص مشاہد حسین نے کہا کہ سڑک پر ٹریفک جام ہونے کی وجہ سے نہ صرف انہیں وہاں سے گزرنے میں پریشانی ہوتی ہے بلکہ گھروں میں بیٹھنابھی دشوار ہوجاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اکثر جام لگ جانے کی وجہ سے گاڑیوں کے ہارن کا شور ان لوگوں کے لئے سخت اذیت کا باعث بن جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ اس حوالے سے کئی بار انتظامیہ سے شکایت کر چکے ہیں لیکن اس کا کوئی اثر نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ شکایت کے بعد انتظامیہ کی جانب سے وہاں سے گاڑیاں ہٹائی بھی گئیں لیکن پولیس کے جانے کے بعد ڈرائیوروں نے دوبارہ وہاں اڈہ بنادیا۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کی کہ وہ ذاتی مداخلت کر کے کامسر کے بجائے کسی دوسری جگہ سٹینڈ بنوائیں تاکہ ٹریفک جام سے نجات مل سکے۔
کھاد ڈیلر پرناجائز منافع خوری کا الزام
رمیش کیسر
نوشہرہ//نوشہرہ کے سیری ڈھینگ علاقے کے لوگوں نے کھاد کے ڈپو کے مالک پر اضافی رقم وصول کرنے کا الزام عائد کیاہے۔مقامی کسانوں کاکہناہے کہ کھاد ڈپو کا مالک کھاد کی پچاس کلو گرام والی بوری ساڑھے بارہ سو کے بجائے بارہ سو اسی روپے کے حساب سے فروخت کررہاہے۔انہوں نے کہاکہ تحقیقات عمل میں لاکر اس ڈیلر کا لائسنس ہی منسوخ کیاجائے اور لوٹ کھسوٹ ختم کی جائے۔رابطہ کرنے پر کوآپریٹو سوسائٹی کے منیجر نے کہاکہ مذکورہ کھاد ڈیلر کے خلاف پہلے بھی شکایات موصول ہوئی تھیں جس بناپر اس کی نوشہرہ سے کھاد سپلائی بند کردی گئی تھی اور وہ اب جموں سے براہ راست سپلائی لارہاہے۔انہوں نے یقین دلایاکہ وہ اس معاملے کی تحقیقا ت کروائیں گے۔