سُکھ پال سنگھ صراف سورنکار سنگ پونچھ کے صدرنامزد
حسین محتشم
پونچھ//سوناچانی اودر دیگر زیورات کا کاروبار کرنے والوں کی تنظیم سورنکار سنگ کے کل ہنداور صوبائی صدر جموں راج کمار ببر نے پونچھ کا دورہ کیا۔اس دوران ان کے ہمراہ شام لعل صراف چیف آرگنائزر جموں اور شام لال نائب صدر راجوری بھی تھے۔اپنے دورہ کے دوران انہوں نے سورنکار سنگ پونچھ اکائی کے تمام کارکنان کے ساتھ ایک اجلاس تنظیم کے صدر دفتر میں منعقد کیا جہاں کاروباریوں کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا اور ان کے حل کے سلسلہ میں بھی غور و خوض ہوا۔اس دوران تنظیم کی نئی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی اور تمام صرافوں نے سابقہ کارکردگی کو دیکھتے ہوئے با اتفاق رائے ایک بار پھر سکھ پال سنگھ کو اگلے پانچ سال کیلئے تنظیم کا ضلع صدر چنا۔اس موقعہ پر نرمل جیت سنگھ صراف، گر میت سنگھ صراف، راوندر سنگھ صراف ،ساہل سنگھ صراف، ممتاز احمد، مختار احمد، مشتاق احمد، گگن دیپ سنگھ اور کشش سنگھ بھی موجود تھے۔
ریاستی اسمبلی تحلیل کرنے کی مانگ
پونچھ//جموں کشمیرپنتھرز پارٹی کے ریاستی سیکریٹری زور آور سنگھ شہباز نے گورنر راج کے نفاذ پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ریاستی اسمبلی کی فوری تحلیل کی مانگ کی ہے ۔اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ یہ دیر آئید درست آئید فیصلہ تھااور اب ریاستی اسمبلی کو فوری طو رپر تحلیل کردیاجاناچاہئے کیونکہ ان کے مطابق آئین ہند کے دفعہ 53(2B)کے تحت گورنر کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ کسی بھی ایوان یااسمبلی کو تحلیل کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ سابق حکومتوں کے دوران ہوئے کاموں کی تحقیقات کروائی جائے اورایک انکوائری کمیشن قائم کیاجائے ۔انہوں نے جموں کی اسمبلی نشستوں میں اضافہ کرنے اور آئندہ سال پارلیمانی چنائو کے ساتھ ہی اسمبلی چنائو بھی کروانے پر زور دیاہے ۔
دو منشیات فروش 15دن کیلئے جیل منتقل
بختیار حسین
سرنکوٹ//ایڈیشنل ایس پی پونچھ انوار الحق کی ہدایت پر ایس ایچ او سرنکوٹ انظر میر اور ڈی وائی ایس پی ریاض احمد کی نگرانی میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے پندرہ روزکیلئے جیل بھیج دیاہے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق محمد تاج ولد محمد بشیر ساکن بچھائی والی اور وسیم اکرم ولد محفوظ حسین ساکن اقبال نگر سرنکوٹ کو منشیات کا دھندہ کرنے پر گرفتار کرنے کے بعد پندرہ دنوں کیلئے جیل بھیج دیاگیاہے۔ ایک پولیس افسر نے بتایاکہ منشیات مخالف مہم جاری رہے گی اور منشیات فروشوں کے ساتھ سختی سے نمٹاجائے گا۔
پانی ،بجلی اور سڑکوں کے معاملات
سروے کرواکے جامع منصوبے مرتب کئے جائیںگے:اعجاز اسد
جاوید اقبال
مینڈھر//ڈپٹی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد نے ضلع میں پانی اور بجلی کی ناقص سپلائی اور سڑکوں کی خستہ حالت جیسے مسائل سے عوام کو چھٹکارادلانے کیلئے جامع منصوبہ جات مرتب کرکے کل وقتی حل تلاش کرنے پر زور دیاہے ۔موصوف نے مینڈھر کے ہرنی علاقے میں عوامی دربار منعقد کیا جس میں گلہوتہ ،ہرنی ،اڑی،نکہ منجہاڑی،گورسائی ،کلر موہڑہ ، جڑانوالی گلی،پھامڑہ ناڑ و گردونواح کے بڑی تعداد میں لوگوں نے حصہ لیا۔اس موقعہ پر ضلع و تحصیل افسران بھی موجو دتھے ۔مقامی لوگوں نے پانی ، بجلی اور سڑکوں کی حالت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پانی کا شدید بحران پایاجارہاہے اور محکمہ پی ایچ ای ناکام ہوگیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ سڑکوں کی مرمت بھی نہیں ہورہی اور اسی طرح سے بجلی کی سپلائی کاکوئی شیڈیول نہیں۔گلہوتہ کے لوگوں نے کہاکہ ان کے علاقے میں نیلی ڈاب نام کی پانی کی سپلائی سکیم ہے جس کا ٹینک بناہے اور پائیپیں بھی لگی ہوئی ہیں جس کو فوری طور پر چالو کیاجائے ۔ڈپٹی کمشنر نے تمام مسائل سننے کے بعد کہاکہ آج تک پانی و بجلی اور سڑکوں کی سہولت کیلئے کوئی جامع حکمت عملی مرتب نہیں کی گئی۔انہوں نے کہاکہ پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے وہ ایک سروے کروارہے ہیں جس کے بعد پروجیکٹ تیار کیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ اسی طرح سے سڑکو ں اور بجلی کے معاملات حل کرنے کیلئے بھی جامع منصوبے بنائے جائیںگے ۔انہوں نے خاص طور پر محکمہ پی ایچ ای کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ ناکارہ پڑی سکیموں کو بحال کریں اور دیگر سکیموں کیلئے ڈی پی آر تیار کریں۔اس موقعہ پر وسیم احمد خان ،تنویر خان، اقبال خان، حاجی امتیاز خان، راجہ وسیم احمد خان، حاجی محمد رشید، اشفاق حسین شاہ، ریٹائرڈ لیکچرار نذیر حسین شاہ،سفیر حسین شاہ،حاجی منشی چوہدری وغیرہ بھی موجو دتھے۔
نائب تحصیلدار ایسوسی ایشن کا وفد ڈی سی پونچھ سے ملاقی
بختیار حسین
سرنکوٹ // نائب تحصیلدار ایسو سی ایشن ضلع پونچھ کے وفد نے ضلع صدر چوہدری رشید الرحمن نائب تحصیلدار چنڈک کی قیادت میں ڈپٹی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد سے ملاقات کی۔وفد میں ضلع سکریٹری چوہدری عبدالقیوم، چوہدری محمد رشید چوہان نائب تحصیلدار لسانہ،نائب تحصیلدا محمد ایوب شیخ، آر اے ڈپٹی کمشنر آفس پونچھ، چوہدری محمد افضل نائب تحصیلدار گلپور اور محمد اکرم تانترے نائب تحصیلدار حویلی پونچھ بھی شامل تھے۔وفد نے نائب تحصیلداروں کو درپیش مسائل ڈپٹی کمشنر کے نوٹس میںلاکر انہیں حل کرنے کی اپیل کی۔اس موقعہ پر نائب تحصیلداروں نے کہاکہ انچارج نائب تحصیلداروں کی باقاعدگی، ہر نیابت میں دو یا تین پولیس اہلکاروں کی تعیناتی،چوبیس گھنٹے مجسٹریٹ ہونے کے ناطے ان کے حق میں دفاعی مقاصد کیلئے پستول یا گن کیلئے لائسنس کا اجرا جیسے مسائل حل کئے جائیں اور پولیس کو تعاون دینے کی ہدایت جاری کی جائے ۔اس کے علاوہ انہوں نے گاڑیوں سے ائورلوڈنگ ختم کرنے ،کنڈیکٹروں کیلئے شناختی کارڈ اورعمر کی قید،اضافی کرایہ وصولنے پر کڑی کارروائی کرنے،کم عمر لڑکوں کو کنڈیکٹری کی اجازت نہ دینے،شاہراہ اور مقامی سڑکوں پر ڈرائیوروں کی من مانی پر کارروائی کرنے اور ٹریفک نظام میں سدھار لانے کے اقدامات کرنے کی اپیل کی ۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام نکات کو سننے کے بعد ان مسائل کو حل کرنے کا یقین دلایا ۔انہوں نے یہ یقین دہانی بھی کروائی کہ پولیس کی طرف سے تعاون نہ دیئے جانے پر وہ ایس ایس پی پونچھ سے بات کریںگے ۔
جہانگیر میر کا اظہار تعزیت
پونچھ//پونچھ کے نامور ماہر تعلیم اور سابق ایجوکیشن آفیسر محمد یُوسف کوہلی کے انتقال پر سینئرکانگریس لیڈر اور سابق ڈپٹی چیئر مین قانون ساز کونسل جہانگیر حُسین میر نے گہرے دُکھ کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک تعزیتی پیغام میں اُنہوں نے مرحوم کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم متعدد صفات کے حامل تھے، وہ ایک قابل اُستاد، ماہر تعلیم، محنت و وفاداری کی مثال، غریب پرور، مہمان نواز، ایک بہترین منتظم اور نہایت سادہ طبیعت شخصیت کے مالک تھے۔ انہوںنے کہاکہ ضلعی سطح پر محکمہ تعلیم کے آفیسر کے اُن کے دورانیہ کو سُنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا۔ اُنہوں نے مرحوم کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی وفات سے ضلع پونچھ اپنے ایک محسن سے محروم ہوا ہے جس کا خلاء پُر ہونا مُشکل دکھائی دیتا ہے۔ موصوف نے پسماندگان سے کہا کہ وہ ان دُکھ بھرے لمحات میں اُن کے ساتھ برابر شریک ہیں۔اُنہوں نے مرحوم کی تسکینِ روح کی خاطر بارگاہِ خُداوندی میں دُعا مغفرت بھی کی۔
ایس بی ایم اور پی ایم اے وائی کی عمل آوری میں سرعت لانیکی ہدایت
عشرت حسین بٹ
منڈی//بلاک ڈولپمنٹ افسر پونچھ عاشق رفیق ملک نے بلاک کے ملازمین کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کرکے انہیں اس بات کی ہدایت دی کہ ایس بی ایم اور پی ایم اے وائی کی عمل آوری میں سرعت لائی جائے۔ انہوں نے ملازمین کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ میں چلائی جارہی ان سکیموں کے تحت سرعت لائی جائے اور اہداف کو مقررہ مدت میں پورا کیاجائے ۔انہوں نے ملازمین سے کہا کہ انہیں ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اعجاز احمد اسد کی طرف سے ہدایات جاری ہوئی ہیں کہ وہ عام لوگوں کے تعمیراتی کاموں کو جلد مکمل کریں ۔انہوں نے کہاکہ ملازمین کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ ہر ایک گائوں دیہات میں جاکر بیت الخلائوں سے محروم کنبوں کو ایس بی ایم سکیم کے تحت بیت الخلاء تعمیر کرواکردیں اوراسی طرح سے پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت گھروں کی تعمیر کا عمل تیزکیاجائے ۔ انہوں نے عوام سے کہاکہ اگر ان سے کوئی ملازم رشوت طلب کرتاہے تو وہ اس کے خلاف شکایت کریں جس پر سخت کارروائی ہوگی ۔
تھنہ منڈی ہسپتال کی عمار ت کی تعمیرتعطل کاشکار
طارق شال
تھنہ منڈی // تھنہ منڈی کے ہسپتال کی اضافی عمارت کی تعمیرکاعمل تعطل کاشکا ربناہواہے۔مقامی لوگوں نے اس کی تعمیر میں سرعت لانے اور عملے کی قلت کو دور کرنے کے اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیاہے۔مقامی معززین اور سماجی تنظیموں کے ارکان کاکہنا ہے کہ کمیو نٹی ہیلتھ سنٹر تھنہ منڈی کی عمارت کے کام کو التواکاشکار بنادیاگیاہے۔ تھنہ منڈی ہسپتال کی اضافی عمارت کی تعمیر کے لئے ایک کروڑ سے زائد رقومات مختص رکھی گئی ہے جبکہ اسکی تعمیر کے لئے محکمہ تعمیرات عامہ نے ٹینڈرز لگائے ہیں تاہم کام ایک سال سے شروع نہیں ہواہے ۔مقامی لوگوں نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کام کی تعمیر میں سرعت لانے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس ضمن میں کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے ایگز یکٹو انجینئر تعمیرات عامہ راجوری مشتاق احمد رینہ نے کہا کہ ایک سال قبل تھنہ منڈی ہسپتال کی عمارت کی تعمیر کے لئے ٹینڈرز لگائے گئے تھے تاہم ایک ٹھیکیدار نے ہائی کورٹ جموں سے حکم امتناعی جاری کروایاجس کو ختم کرواکے محکمہ نے کام شرو ع کرنے کے اقدامات اٹھائے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اب بجلی کے کھمبے رکاوٹ بنے ہوئے ہیں اور جونہی ان کی منتقلی ہوگی تو کام شروع کردیاجائے گا۔
لعل سنگھ کے بیان کی چوطرفہ مذمت
تھنہ منڈی +مینڈھر// پریس کلب تھنہ منڈی اور پریس کلب مینڈھر نے بھاجپا لیڈر لعل سنگھ کے بیان کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ایسے لوگ ریاست کی سالمیت و بھائی چارے کیلئے خطرہ ہیں ۔پریس کلب تھنہ منڈی کے ارکان نے کہاکہ لعل سنگھ کی کشمیر کی صحافتی برادری کے خلاف دھمکی جمہوریت کی بقا کو تار تار کرنے کے کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری لعل سنگھ ریاست جموں کشمیر کی سالمیت کے لئے ایک خطرہ ہیں جنہوں نے کٹھوعہ کی معصوم بچی کی آبروریزی اور قتل میں ملوث افراد کی پشت پناہی کا سلسلہ جاری رکھاہواہے۔انہوں نے کہاکہ اس لیڈر کے بھائی نے ریاست کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے خلاف نازیباالفاظ کا استعمال کیاتھااور اب لعل سنگھ نے دھمکی دی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ایسے بیانات سے ذہنی کیفیت کا اندازہ ہوتاہے اور میڈیا کو ایسے عناصر کا بائیکاٹ کرناچاہئے ۔وہیںمینڈھر پریس کلب کی اس کے صدر جاوید اقبال کی صدارت میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی۔ اس موقعہ پر مقررین نے لعل سنگھ کے بیان کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہاکہ سینئر صحافی کے قتل پر لعل سنگھ کا بیان معنی خیز ہے اور اس سلسلے میں جامع تحقیقات کی جانی چاہئے ۔ انہوں نے کہاکہ کٹھوعہ عصمت ریزی و قتل کیس پر بھی بھاجپا لیڈر سے پوچھ تاچھ کی جائے ۔