منجہاڑ ی کی عوام بنیادی سہولیات سے محروم
پانی و بجلی کی سپلائی ناقص، سڑک پر تارکول بچھاتے ہی صاف ہوگیا
جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر کے علاقہ نکہ منجہاڑی کے لوگوں نے بنیادی سہولیات فراہم نہ ہونے کی شکایت کی ہے ۔ مقامی لوگوں کاکہناہے کہ بجلی اور پانی کی سپلائی کا برا حال ہے جبکہ محکمہ تعمیرات عامہ نے ایک سڑک پر بلیک ٹاپ تو بچھایاتاہم یہ کچھ ہی دنوں میں صاف ہوگیا۔حاجی محمد اعظم ساگر ،وزیر محمد خان،حاجی مشتاق،نمبردار محمود خان،طفیل حسین خان،منیر حسین خان، اور حاجی محمد شریف قریشی نے کہا کہ نکہ منجہاڑی کا علاقہ بنیادی سہولیات سے محروم رکھاگیاہے ۔انہوںنے کہاکہ کچھ لوگ علاقے میں کام نہیں ہونے دے رہے اوران کی طرف سے ہر جگہ پر یہی کہاجاتاہے کہ علاقے میں کسی کام کی ضرورت نہیں۔انہوں نے سابق سرپنچ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نکہ منجہاڑی پنچایت کی وارڈ نمبرتین محلہ مغلاں اور وارڈ نمبر پانچ محلہ چوہدریاں میں پانی کا نام و نشان نہیں لیکن وہ ہر جگہ کہتے ہیں کہ سبھی کام ہوگئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ محلہ قریشیاں وارڈ نمبر چھ میں دو سال قبل بجلی کے پول لگائے گئے تھے لیکن اس وقت تک محکمہ نے ترسیلی لائنیں نہیں بچھائیں اور کریٹ کی تاریں درختوں سے لٹک رہی ہں جو کسی بھی وقت خطرہ کا موجب بن سکتی ہیں ۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ ہرنی سے براستہ نکہ منجہاڑی سڑک جو بھاٹہ دھوڑیاں کی طرف جاتی ہے ، کی حالت قابل رحم ہے اوراس پر بچھایاگیاتارکول کچھ ہی دنوں میں صاف ہوگیا۔انہوں نے الزام عائد کیاکہ متعلقہ ملازمین نے دس گز بلیک ٹاپ بچھانے کے بعد سڑک پر پانچ گز کا حصہ چھوڑ دیااوراسی طرح کئی حصوں پر تارکول نہیںبچھایاگیاجس کی وجہ سے گاڑیوں کو چلنے میں مشکلات کا سامنا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلہ میں ان کے ایک وفد نے ڈپٹی کمشنر سے بھی ملاقات کی اور انہیں علاقے کے مسائل سے روشناس کروایا۔انہوں نے کہاکہ سڑک کی تعمیر کی تحقیقات عمل میں لاکر ان افسران کے خلاف کارروائی کی جائے جنہوں نے غیر معیاری مواد کا استعمال کیاہے ۔
بادل پھٹنے سے متاثرین کامفت راشن کا مطالبہ
طارق شال
تھنہ منڈی //بلاک تھنہ منڈی اور بلاک پلانگڑھ کے کھبلاں اور لاح کے متاثرین نے ریاستی گورنر سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے نقصان کی بھرپائی کرتے ہوئے چھ ماہ کا مفت راشن فراہم کیاجائے ۔واضح رہے کہ تھنہ منڈی میں 8 مئی کو بادل پھٹنے اور شدید ژالہ باری سے بکروال طبقے کی بڑی تعداد میںبھیڑ بکریاں ہلاک ہوگئیں جبکہ زمینداروں کو فصلوں اور میوہ جات کا نقصان پہنچا۔اس واقعہ کے بعد 15جون کوبادل پھٹنے سے تباہی ہوئی ۔اگرچہ اس تباہی کے بعد ضلع انتظامیہ نے علاقے کادورہ کرکے امدادبھی فراہم کی تاہم متاثرین کی مانگ ہے کہ انہیں چھ ماہ کا مفت راشن فراہم کیاجائے تاکہ ان کا گزر بسر ہوسکے کیونکہ اس سال فصلوں کو زبردست نقصان پہنچاہے ۔متاثرین نے ریاستی گورنر این این ووہرا سے اپیل کی ہے کہ انہیں چھ ماہ کا مفت راشن فراہم کیاجائے ۔ اس سلسلے میں بات کرتے ہوئے تحصیلدار تھنہ منڈی قاضی قدیر الرحمن نے بتا یا کہ نقصانات کی تمام رپورٹیں ریاستی سطح پر اعلیٰ حکام کو پہنچا دی گئی ہیں اور حکومت جونہی کوئی فیصلہ لے گی تو اس کے مطابق عمل کیاجائے گا۔
پیر پنجال عوامی پارٹی کا اجلاس منعقد
اسمبلی تحلیل کرکے الیکشن کروانے پر زور
محتشم حسین
پونچھ// پیر پنجال عوامی پارٹی کے صدر دفتر پونچھ میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جسکی صدارت ایڈووکیٹ چوہدری محمد یونس چوہان نے کی ۔میٹنگ میں تمام اراکین نے بھاجپا ۔ پی ڈی پی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے اسے نا اہل اور مفادپرست اتحاد قرار دیااورکہا کہ اسکے دور اقتدار میںریاست کے حالات بد سے بدتر نہج پر پہنچ گئے اور ریاست کے عوام کا عظیم نقصان ہوا۔انہوں نے کہاکہ اس دور کو اگر ریاست کا سیاہ دور کہاجائے تو بجا ہو گا۔ان کاکہناتھاکہ تین سال کے بعد بھاجپا نے اپنااعتما د واپس لے کر گورنر راج نافذ کردیا جس سے جمہوری عمل کو نقصان پہنچا ۔ انہوں نے کہاکہ گورنر کو ریاستی اسمبلی کی تحلیل عمل میں لاکر الیکشن کروانے چاہئیں تاکہ جمہوری نظام کو بحال کیاجاسکے ۔ کا رکنان نے مطالبہ کیا کہ مرکزی حکومت تمام فریقین سے بات چیت کر کے مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے اقدامات کرے تاکہ قتل و خون کا سلسلہ رک سکے اور امن قائم ہو۔ کارکنان نے ایک قرار دادپاس کر کے صحافی شجاعت بخاری کے قتل کی پر زور الفاظ میں مذمت کی اور مرحوم کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ انسانیت کا قتل ہے جس کی دنیا کوئی بھی مذہب اجازت نہیں دیتا ۔ انہوں نے سابق وزیر لال سنگھ کی صحافیوں پر تنقید اور دھمکی کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایسے عناصر کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی کی جائے ۔ ان کاکہناہے کہ ایسی بیان بازی سے آرایس ایس اور بھاجپا کا اندرونی عکس عوام کے سامنے بے نقاب ہوتا ہے جو ملک اور ریاست کے امن کے لئے خطر ناک ثابت ہو سکتا ہے۔انہوںنے گورنر موصوف سے اپیل کی کہ سابق حکومتوں نے گزشتہ کئی دہائیوں سے سے خطہ پیر پنجال کو نظر انداز کیا ہوا ہے جس پر خصوصی توجہ دی جائے اور منطور شدہ پروجیکٹوںپرنئی بجلی پروجیکٹ ، گگر کوٹ بجلی پروجیکٹ اور جموں پونچھ قومی شاہراہ اور دیگر پروجیکٹوں کو جلد ازجلد مکمل کیاجائے ۔اس موقعہ پر مشتاق احمد فانی ریاستی جنرل سیکریٹری ، جعفرید کھاری خزانچی، ضلع صدر پونچھ چوہدری محمد شفیع کھٹانہ ، ضلع نائب صدر پونچھ چوہدری افضل ،نیاز احمد چوہان تحصیل صدر حویلی ،محمد فرید تحصیل صدر منڈی ،سابق سرپنچ چوہدری عبدالحمید ، محمد شریف خان ، عظیمدحسین شاہ اور نوجوان لیڈر یاسرعرفات وغیرہ بھی موجو دتھے۔
سوئوچھ بھارت مشن کے تحت بیت الخلائوں کی تعمیر
پونچھ کے 3بلاک اوڈی ایف قرار،دودنوں میں بقیہ بلاکوں کو بھی درجہ مل جائیگا
بختیار حسین
سرنکوٹ// محکمہ دیہی ترقی کے تحت صفائی ستھرائی کے مقصد کیلئے چلائی جارہی مرکزی معاونت والی سکیم سوئوچھ بھارت مشن (گرامین ) میں پونچھ میں 95فیصد اہداف طے کرلئے گئے ہیں جبکہ آئندہ دودنوں میں سوفیصد ہدف پورے کرلیاجائے گا ۔اس سکیم کے تحت پونچھ کے لورن، ننگالی صاحب اور منکوٹ کو او ڈی ایف (اوپن ڈیفیکیشن فری )کادرجہ مل گیاہے جبکہ بقیہ بلاکوں میں بھی دو دنوں میں اہداف پورے کئے جانے کیلئے ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے ۔اس سکیم کے تحت ہر غریب گھرانے کو بارہ ہزار روپے فراہم کئے جاتے ہیں جس سے اسے بیت الخلاء کی تعمیر کرناہوتی ہے ۔ شیندرہ کے طارق مغل کاکہناہے کہ اگرچہ اس سکیم کے تحت پوری طرح سے لوگوں کو فائدہ نہیں ملاالبتہ ہر گھر میں بیت الخلاء تعمیر ہوگئے ہیںجو ہر خاندان کی عزت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ لسانہ بلاک میں اچھا کام ہواہے تاہم ضرورت اس بات کی ہے کہ بیس لائن سروے سے باہر رہ جانے والے گھرانوں کو بھی یہ سہولت فراہم کی جائے ۔ چندی مڑھ کے بابر خان کاکہناہے کہ بلاک بفلیاز میں ایس بی ایم کے تحت تیزی سے کام ہواہے لیکن ابھی بھی کچھ گھر ایسے ہیں جن میں بیت الخلاء نہیں بنے۔ رابطہ کرنے پر ڈی پی او پونچھ مظاہر حسین شاہ کاظمی نے بتایاکہ ڈپٹی کمشنر کی طرف سے ہدایت ملی ہے کہ دو دنوں میں اہداف پورے کئے جائیں اور اس سلسلے میں ملازمین و افسران دن رات ایک کرکے کام کررہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ابھی تک پچانوے فیصد اہداف طے کرلئے گئے ہیں اور ضلع کے تین بلاک لورن، ننگالی صاحب ومنکوٹ کو اوڈی ایف کا درجہ دیاگیاہے جبکہ بقیہ بلاکوں کو بھی دو دنوں میں اوڈی ایف قرار دیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ محکمہ کی کوشش ہے کہ کوئی بھی مستحق کنبہ بیت الخلاء کے بغیر نہ رہے اور ہر ایک تک اس کا حق پہنچے ۔
گوجربکروال طبقہ سے گورنر کامشیر تعینات کرنیکی مانگ
نیوز ڈیسک
پونچھ// ریاستی گورنر این این ووہرا سے گوجر طبقہ سے کسی کو ایڈوائزر بنائے جانے کی اپیل کرتے ہوئے گوجر لیڈر شمشیر ہکلہ پونچھی نے مانگ کی ہے کہ وہ گوجر طبقہ سے بھی کسی شخص کو اپنا صلاح کار تعینات کریں ۔یہاں جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں آباد گوجر بکروال طبقہ کی زبان،ادب ، تہذیب ، تمدن اور مسائل دوسرے طبقوں سے مختلف ہیں، اس طبقہ کی الگ پہچان ہے جو اسے دوسرے طبقوں سے منفرد بناتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ طبقہ اقتصادی، تعلیمی،سماجی اور سیاسی طور پر بالکل پسماندہ ہے اس لئے ضروری ہے کہ ان کے مسائل کو سمجھنے کیلئے کسی شخص کو گورنر کا مشیر تعینات کیاجائے ۔انہوں نے گورنر سے اپیل کی کہ وہ گوجر بکروال طبقہ کے کسی سبکدوش افسر کو اپنا صلاح کار مقرر کریں تاکہ گوجر بکروال طبقہ کے مسائل و مشکلات کو حل کرنے کے لئے سنجیدگی سے اقدامات کئے جاسکیں اور اس طبقہ کی ترقی یقینی بن سکے ۔انہوں نے کہا کہ اس طبقہ کو گورنر راج کے دوران اپنے مسائل کے حل کی پوری امید ہے۔
بھوانی کو بلاک کادرجہ دینے کی مانگ
رمیش کیسر
نوشہرہ//نوشہرہ کے بھوانی علاقے کے لوگوں نے بلاک ڈیولپمنٹ دفتر کی منظوری کی مانگ کی ہے ۔ مقامی لوگوں کاکہناہے کہ یہاں بلاک ڈیولپمنٹ دفتر نہ ہونے کی وجہ سے ترقیاتی کام نہیں ہورہے ۔ بھوانی کے بابو رام چوہدری ، اجے کمار، بہادر ناتھ و دیگرشہریوں نے بتایاکہ بھوانی میں نیابت گزشتہ پانچ سال سے کام کررہی ہے اور یہاں نائب تحصیلدار و دیگر عملہ بیٹھتاہے لیکن سرکار کی طرف سے ابھی تک ترقیاتی بلاک کی منظوری نہیں دی گئی ہے جس کی وجہ سے چھ پنچایتوں کے عوام کو نوشہرہ بلاک دفتر جاناپڑتاہے جو یہاں سے کافی دور ہے ۔ان کاکہناہے کہ اگر بھوانی کو سی ڈی بلاک کی منظوری دی جائے گی تو اس سے بھوانی اے ، بھوانی بی ،کھاہ ، کلسیاں ، نہڈن و چوکی پنچایتوں کو فائدہ ملے گا اور یہاں ترقیاتی کام ہوسکیں گے ۔انہوںنے کہاکہ قلعہ درہال بلاک نو پنچایتوں پر مشتمل ہے اوراسی طرح سے بھوانی کو بھی بلاک کادرجہ دیاجاسکتاہے۔