بھیم رائو امبیڈکر کی برسی پر خراج عقیدت پیش
جموں //ڈاکٹر بھیم رائو امبیڈکر کو ان کی 63ویں برسی کے موقعہ پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔اس سلسلہ میں صوبہ جموں کے مختلف اضلاع میں تقریبات کا اہتمام کیا گیا جن میں بہوجن سماج پارٹی کے علا وہ سیاسی و سماجی کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔اس سلسلہ میں پارٹی کے ہیڈ کوارٹر ستواری جموں میں ایک پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس میں لیڈران نے ڈاکٹر امبیڈکر کی حالات زندگی پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کو خراج عقیدت پیش کیا ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے پارٹی کے ریاستی نائب صدر چرنجیت چلگوترہ نے ڈاکٹر امبیڈاکر کو خراج عقیدت پیش کر تے ہوئے کہاکہ انہوں نے سماج کے پچھڑے ہوئے طبقہ کی فلاح و بہبود کیلئے پوری زندگی کام کیا ہے جس کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں بہوجن سماج پارٹی میں شمولیت اختیار کر کے ایس سی ،ایس ٹی اور خواتین کی فلاح و بہبود کیلئے کام کریں ۔اس پروگرام میں پارٹی کے سنیئر لیڈر و جنرل سیکریٹری آر ایل تھاپہ ودیگر پارٹی کارکن بھی موجود تھے ۔اسی طرح ضلع ادہم پور کے رام نگر علا قہ میں پارٹی کارکنوں کی طرف سے ایک پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس میں ممبر پارلیمنٹ مغربی بنگال اور ہماچل پردیش کے کو آر ڈی نیٹر راجہ رام بطور مہمان خصوصی شامل ہوئے ۔انہوں نے ڈاکٹر امبیڈکر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ کے آپسی اتحاد ،امن و بھائی چارے کی قانونی بنیاد میں انہوں نے ایک اہم رول ادا کیا ہے ۔موصوف نے کہاکہ ڈاکٹر امبیڈکر کے کام کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔
ریاست کیلئے سب ایڈونچر پروگرام 2019کو منطوری
جموں //یوتھ ہوٹل ایسوسی ایشن آف انڈیا (YHAI)کی جانب سے ریاست جموں وکشمیر کیلئے سب ایڈونچر پروگرام 2019کو منطوری دی گئی ۔اس سلسلہ میں نئی دہلی میں یوتھ ہوٹل ایسوسی ایشن آف انڈیا کے چیئر مین ڈاکٹر ایس پی ورما کی قیادت میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں ریاست سے ایسوسی ایشن کے اراکین کے علا وہ متعدد ریاستوں سے کل 190منتخب اراکین نے شرکت کی ۔اس میٹنگ کے دوران یوتھ ہوٹل ایسوسی ایشن آف انڈیاکے ریاستی صدر ایم ایس پنڈتا اور قومی صدر نے اراکین پر زور دیتے ہوئے کہاکہ وہ آپسی ہم آہنگی اور قدرتی ماحول کو بچانے کیلئے کام کریں ۔میٹنگ کے دوران آئندہ مالی برس کے دوران ریاست جموں وکشمیر کے مختلف سیاحتی مقامات کیلئے سب ایڈونچر پروگرام 2019 کیلئے تاریخوں کا اعلان کیا گیا ۔ان تاریخوں کے دوران ریاست جموں وکشمیر کے بہترین سیاحتی مقامات پر سب ایڈونچر پروگراموں کا اہتمام کیا جائے گا ۔یاد رہے کہ یوتھ ہوٹل ایسوسی ایشن آف انڈیا ملک بھر میں گزشتہ 70برسوں سے سیاحتی میدان میں کام کرہی ہے جوکہ ایک بین الا اقوامی تنظیم سے بھی منسلک ہے اور تنظیم میں92ممالک کے 4500سے زائد اراکین اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں ۔
زنجیر چھیننے کا معاملہ حل
۔24گھنٹوں کے اندر ملزم پولیس گرفت میں
حافظ قریشی
کٹھوعہ //کٹھوعہ پولیس نے زنجیر چھیننے کے ایک کیس کو 24گھنٹوں کے اندر حل کر تے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے ۔ذرائع کے مطابق پولیس اسٹیشن کٹھوعہ میں درج ایک شکایت کے مطابق گزشتہ روز ڈسٹرکٹ جیل کٹھوعہ کے قریب ایک سکوٹی سوار زبردستی ایک خاتون کی زنجیر چھین کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔شکایت موصول ہو نے کیساتھ ہی پولیس نے ایک مقدمہ زیر ایف آئی آر نمبر 437/2018درج کرتے ہوئے مذکورہ ملزم کی تلاش شروع کر دی جس کے دوران پولیس نے ڈریم لینڈ پارک کٹھوعہ سے ملزم کو گرفتار کر لیا ۔ملزم کی پہچان کلدیپ سنگھ ولد موہن سنگھ کے طور پر ہوئی ہے جبکہ اس سلسلہ میں پولیس نے سکوٹی زیر نمبر PB35S-7078 کی ضبطی عمل میں لاتے ہوئے معاملہ کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہے ۔
ماحولیاتی توازن کی برقراری
گورنرکی پریس کانفرنس میں پلاسٹک بوتلوں کی جگہ گلاس استعمال
؎جموں // ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے اور سرکاری دفاتر کوپلاسٹک کے استعمال کوروکنے کیلئے ہرایک شعبہ کو راغب کرنے کیلئے ریاستی گورنر ستیہ پال ملک کی پریس کانفرنس میں اعلی ٰاحکام اور صحافیوں کو پانی دینے کیلئے پلاسٹک کی بوتلوں کے بجائے گلاسوں کا استعمال کیا گیا ۔ریاست کے شعبہ ماحولیات کے حکام کے مطابق انہوں نے مذکورہ پریس کانفرنس کے دوران لگ بھگ 300بوتلوں کے استعمال کو بچایا ہے تاکہ ان کو استعمال کے بعد پھینکا نہ جائے ۔ان حکام کے مطابق سرکاری دفاتر میں پلاسٹک کی ایک بار استعمال ہونے والی بوتلوں کے کھلے عام پھینکنے کی وجہ سے ریاست میں ماحولیات پر اثرپڑتا ہے جبکہ اس عمل کو استعمال کرنے کا واحد مقصد ریاست کے دیگر شعبوں کو اس جانب راغب کرنا ہے تاکہ وہ اپنی دفاتر میں ایسے ساز و سامان بالخصوص پلاسٹک کو استعمال نہ کر یں ۔شعبہ ماحولیات کے اعلیٰ حکام کے مطابق ریاستی انتظامیہ کی جانب سے ریاست میں پلاسٹک کے استعمال پر مکمل پابندی وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ذرائع کے مطابق انتظامیہ ریاست میں ایک بار استعمال ہو نے والی پلاسٹک کی بوتلوں پر جلد ہی پابندی لگا سکتی ہے تاکہ قدرتی ماحول کو مزید آلودہ ہونے سے بچایا جاسکے ۔کمشنر سیکرٹری ماحولیات و جنگلا ت منوج کمار دیویدی کے مطابق ریاست میں روزانہ بنیادوں پر پیدا ہو نے والی گندگی میں پلاسٹک کی بوتلوں کی مقدار سب سے زیادہ ہوتی ہے جبکہ ان بوتلوں پر پابندی کیلئے انتظامیہ ایک پالیسی پر غور کر رہی ہے۔
الیگزینڈر میموریل ہائر سکینڈری میں سکٹ مقابلہ کا اہتمام
جموں //الیگزینڈر میموریل ہائر سکینڈری میںمنتظمین کی جانب سے ہندوستان کی آزادی کی لڑائی پر سکٹ(Skit) مقابلے کا اہتمام کیا گیا ۔سکول آڈٹیوریم میں منعقدہ اس پروگرام میں بھاجپا لیڈر و سابقہ ممبرا سمبلی راجیش گپتا بطور مہمان خصوصی شامل ہوئے ۔اس مقابلے میں مختلف سکولوں جن میں بکرم میموریل سکول ،تارا پوری پبلک سکول گاندھی نگر ،لارنس پبلک سکول ،ودیگر سکولوں کے طلباء نے پروگرام کے موضوع کی مناسبت سے اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔اس مقابلے میں لارنس پبلک سکول سدھرہ نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ اسی طرح ایس ڈی تارا پوری سکول نے دوسری اور بھگواتی حقیقت میموریل پبلک ہائی سکول نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔
بڑی براہمناں میں بیداری کیمپ کا اہتمام
نیوز ڈیسک
جموں //جموں و کشمیر سٹیٹ وومن کارپوریشن (JKSWDC)کی جانب سے بڑی براہمناں میں خواتین کیلئے بیداری کیمپ کا اہتمام کیا گیا ۔بھڈواری گائوں میں منعقدہ اس بیداری کیمپ میں مقامی پنچایت سے نو منتخب سرپنچ شہناز اختر بطور مہمان خصوصی شامل ہوئیں ۔اس موقعہ پر جموں و کشمیر سٹیٹ وومن کارپوریشن کے اراکین کی جانب سے مختلف اسکیموں کو لاگو کئے جانے پر خصوصی توجہ دی گئی ۔اراکین نے دیہی علا قوں کی خواتین سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ کارپوریشن کے زیر نگرانی چلائی جارہی مرکزی اسکیموں کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا یا جائے تاکہ ان کی سماجی و اقتصادی حالت بہتربن سکے ۔مذکورہ بیداری کیمپ کے دوران مرکزی حکومت کی جانب سے خواتین کی فلاح و بہبود کیلئے اٹھا ئے گئے اقدامات واسکیموں کے بارے میں عوام کو بیدار کیا گیا ۔اس کیمپ میں ایس کے شرما ،غلام علی ،سلیم ،مدن چوہان اور جموں و کشمیر سٹیٹ وومن کارپوریشن کے عملے نے بھی شرکت کی ۔
کے وجے کمار کا جموں میں عوامی دربار آج
جموں//گورنر کے مشر کے وجے کمار 13 دسمبر ( جمعرات ) صبح دس بجے سے 12 بجے تک بنکٹ ہال جموں میں عوامی وفود و افراد کی ملاقات کیلئے دستیاب رہیں گے ۔ عوامی وفود اور افراد جو مشیر کے وجے کمار سے ملاقات کے خواہاں ہوں سے کہا گیا ہے کہ وہ مقررہ تاریخ اور وقت پر مشیر سے ملاقات کریں ۔
محکمہ خزانہ کے پرنسپل سیکرٹری گورنر سے ملاقی
جموں//خزانہ کے پرنسپل سیکرٹری نوین کمار چودھری نے راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک سے ملاقات کی اور ریاستی بجٹ 2019-20 کی تیاریوں کے سلسلے میں جاری عمل کے بارے میں گورنر کو مطلع کیا ۔ گورنر نے بجٹ 2019-20 کی بروقت پیش کرنے اور موثر طریقہ کار اپنانے اور ترقیاتی پروجیکٹوں کی وقت پر تکمیل یقینی بنانے پر زور دیا ۔
آر ای جی پروگرام کی عمل آوری کیلئے کمیٹی تشکیل
جموں//گورنر انتظامیہ نے جے اینڈ رورل ایمپلایمنٹ جنریشن پروگرام ( جے کے آر ای جی پی ) کی عمل آوری کیلئے ریاستی سطح کی نگرا ن کمیٹی تشکیل دینے کو منظور ی دی ۔ جی اے ڈی کی طرف سے جاری کئے گئے ایک حکمنامے کے مطابق صنعت و حرفت کے پرنسپل سیکرٹری کمیٹی کے چئیر مین ہوں گے جبکہ ڈائریکٹر انڈسٹریز جموں /کشمیر ، ڈائریکٹر جے اینڈ کے انٹر پرنیور شپ ڈیولپمنٹ انسٹی چیوٹ ( جے کے ای ڈی آئی ) ، ڈائریکٹر ( پلاننگ ) انڈسٹریز اینڈ کامرس ڈیپارٹمنٹ ، چیئر مین جے اینڈ کے گرامین بنک ، پرذیڈنٹ جے اینڈ کے ایس ایل بی سی کنوینر بنک ، پرذیڈنٹ گورنمنٹ سکیم جے اینڈ کے بنک ، منیجنگ ڈائریکٹر جے اینڈ کے سٹیٹ کواپریٹو بنک کمیٹی کے ممبران ہوں گے ۔ سیکرٹری /سی ای او کھادی اینڈ ولیج انڈسٹریز بورڈ کمیٹی کے کنوئینئر ہوں گے ۔ ریاستی سطح کی نگران کمیٹی کی خدمات صنعت و حرفت محکمہ فراہم کرے گا ۔
التوامیںپڑے عدالتی معاملات جلد نمٹائے جائیں:فاروق شاہ
جموں//سیکرٹری ڈائزرسٹر مینجمنٹ ، ریلیف ، باز آباد کاری اور تعمیر نو ( ڈی ایم آر آر آر ) ڈاکٹرفاروق شاہ نے محکمہ میں التوا میں پڑے کورٹ کیسوں کی پیش رفت کا جائیزہ کیلئے اعلیٰ سطحی افسروں کیساتھ ایک میٹنگ منعقد کی۔ اس موقعہ پر سیکرٹری موصوف کو محکمہ سے متعلق مختلف کورٹ کیسں کے نمٹارے میں حائل رکاوٹوں اور وجوہات کے بارے میں جانکاری دی گئی ۔ فاروق شاہ نے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ تمام التوا میں پڑے کیسوں کو ترجیح بنیادوں پر نمٹانے کے اقدامات کریں ۔ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے افسران کے علاوہ محکمہ کے لاء افسران نے میٹنگ میں شرکت کی ۔