ڈپٹی میئر جموں کی انجینئر رشید پر تنقید
جموں //جموں میونسپل کارپوریشن کی ڈپٹی میئر ایڈووکیٹ پرنیما شرما نے سابق ممبراسمبلی انجینئر رشید کے مہاراجہ ہری سنگھ سے متعلق دیئے گئے بیان پر شدید رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہاہے کہ انجینئر رشید اپنے حلقہ انتخاب لنگیٹ کے کام کرنے میں بری طرح سے ناکام ہوئے ہیں اور اب وہ جموں کے بارے میں بیانات دینے لگے ہیں ۔ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ انجینئر رشید نہ ہی کوئی مجاز اتھارٹی ہیں اور نہ ہی ان کے پاس قانونی جواز ہے کہ وہ اس حوالے سے رائے ظاہر کریں ۔انہوں نے کہاکہ مہاراجہ ہری سنگھ کے یوم پیدائش پر تعطیل کا اعلان کرنے کیلئے میونسپل کارپوریشن کی طرف سے متفقہ طور پر قرارداد پاس کی گئی ہے اور انجینئر رشید کی طرف سے یہ کہاجانا کہ اس کارپوریشن کو ہی تحلیل کردیاجائے ، کوئی معنی نہیں رکھتا۔انہوں نے کہاکہ یہ کارپوریشن کسی کا انفرادی ادارہ نہیں جو اسے تحلیل کردیاجائے ۔
سنیل ڈمپل نے بھی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا
جموں //جموں ویسٹ اسمبلی موومنٹ کے صدر سنیل ڈمپل نے صفائی کرمچاریوں کے مطالبات کی حمایت کرتے ہوئے ریاستی گورنر ستیہ پال ملک پر زور دیاکہ وہ ان کے مطالبات پورے کرانے میں مداخلت کریں ۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈمپل نے کہاکہ جموں میونسپل کارپوریشن ایک سیاسی اکھاڑہ بن گیاہے اور منتخب ہونے والے نمائندے عوامی توقعات پر پورا اترنے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ صفائی کرمچاریوں کے مطالبات پورے نہیں کئے جارہے اور انہیں نظرانداز کیاجارہاہے ۔ انہوں نے کہاکہ جموں میں گندگی ہی گندگی ہے جس سے امرناتھ یاترا کے دوران شہر کانام خراب ہواہے ۔ان کاکہناتھاکہ بھاجپا کے چوکیدار نہ جانے اس وقت کہاں غائب ہوگئے ہیں ۔