ویسو میں مائیگرنٹ اراضی پر ناجائزقبضہ ہٹایاگیا
اننت ناگ//ضلع مجسٹریٹ کی ہدایت پرمنگلوار کوتحصیلدارقاضی گنڈ نے ایس ایچ اوقاضی کی قیادت میں ایک پولیس پارٹی کے ہمراہ خسرہ نمبر514,515کے حدودمیں ایک کنال سات مرلہ اراضی پرویسو میں ناجائزقبضہ کوہٹایا۔اس مہم کی نگرانی ایڈیشنل ضلع مجسٹریٹ غلام حسن شیخ کررہے تھے۔یہ اراضی پربھاوتی رینہ زوجہ سورگباشی شمبھوناتھ رینہ ساکن ویسو کے نام پر تھی جس پرسارہ زوجہ نثاراحمد ریشی اورمنظوراحمد اورشبیراحمدپسران غلام نبی کھانڈے ساکن ویسو نے 15سال قبل ناجائزقبضہ کیاتھا۔کیس کے سماعت فائنانشل کمشنر نے کی تھی اورانہوں نے جولائی2018میں اس اراضی سے قبضہ ہٹانے کاحکم جاری کیا تھا۔اراضی پر دونوں فریقین نے ہائی کورٹ میں دعویٰ کیاتھااورجون2015میں ہائی کورٹ نے ضلع مجسٹریٹ اننت ناگ کونقل مکانی کرچکے پنڈت کی اراضی کاتحفظ کرنے کی ہدایت دی تھی۔
پولیس میں کام کررہے ایس پی ائوز کی فریاد
سروس باقاعدہ بنانے کی پالیسی میں ترمیم کی جائے
سرینگر// پولیس میں کام کرنے والے خصوصی پولیس افسروں جنہیں ’ایس پی اوز‘کہا جاتا ہے ،نے یوٹی انتظامیہ سے ان کی سروس باقاعدہ بنانے کی پالیسی میں ترمیم کرنے کی اپیل کی ہے۔سی این ایس کے مطابق اپنی سروس کولیکر فکر مندایس پی اوز نے لیفٹنٹ گورنر اور پولیس کے ڈائریکٹر جنرل سے اپیل کی ہے کہ وہ تعلیم یافتہ نوجوانوں کے مستقبل کو بچا ئے کیونکہ بہت سے افراد عمر کی حد عبور کرنے والے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم ایس پی اوز دیگر ملازمین کی طرح سڑکیں بند نہیں کرسکتے لیکن اس مطلب یہ نہیں ہے کہ حکومت کو ہماراحق چھینناچاہیے۔انہوں نے کہا کہ مناسب جسمانی ساخت اوردسویں سے پوسٹ گریجویٹ تک تعلیم یافتہ ہونے کے باوجود ان کے ساتھ ناانصافی ہورہی ہے۔
پٹن میں قصابوں کی 2دکانیں سربمہر
سرینگر// مقررہ قیمت سے زیادہ نرخوں پر گوشت فروخت کرنے کے الزام میںپٹن میں قصابوں کی 2دکانوں کو سیل کردیاگیا۔سی این آئی کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر فوڈ بارہمولہ کی ہدایت پر منگلوارکو پٹن میں ٹیم نے کئی بازاروں کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سرکاری نرخنامہ کے بجائے قصابوں کو مہنگے داموں گوشت فروخت کرنے میں ملوث پایا ۔ ٹی ایس او پٹن کی قیادت میں ٹیم نے2قصابوں کی دکانوں کو سیل کردیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ قصبہ میں 600روپے گوشت فروخت کیا جارہا ہے جس پر کارروائی کرتے ہوئے ٹیم نے قصورواروںسے جرمانہ بھی وصول کیا ۔
عام آدمی کی مشکلات سے انتظامیہ غافل:پی ڈی پی
سرینگر//پیپلزڈیموکریٹک پارٹی نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کیلئے انتظامیہ کی کڑی تنقید کی اورکہا کہ یہ پہلے سے ہی مالی تنائو کا شکار عام لوگوں پرمزید مالی بوجھ ڈالنے کے برابر ہے۔ایک بیان میں پارٹی کے جنرل سیکریٹری غلام نبی لون ہانجورہ نے کہا افراط زر سے نمٹنے کیلئے راحتی اقدام کرنے کے بجائے عام آدمی پرمزید مالی بوجھ ڈالا گیا ہے ۔ہانجورہ نے کہا کہ ہمارااقتصادی شعبہ 5اگست 2019کے بعد پہلے ہی تباہ ہوچکاہے اور کوروناوائرس سے اِسے مزید تباہی سے دوچار رکردیااوراب جبکہ یہ دھیرے دھیرے معمول کی طرف گامزن تھا تو ایندھن اور رسوئی گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام کومالی تنائو کا شکار بنادیاگیااوراب بجلی فیس میں اضافہ کیاگیا۔انہوں نے کہا پن بجلی پیدا کرنے والی جموں کشمیر کامقابلہ بجلی کی زیادہ کھپت کرنے والی دہلی سے کرتے ہوئے کہا کہ دہلی میں ایک یونٹ بجلی کی قیمت جموں کشمیرکے مقابلے میں کم ہے ۔ہانجورہ نے کہا کہ بڈگام کے لوگوں کو اس وقت شدیددھچکا لگا جب ان کی بجلی بلیں معمول سے تین گنا زیادہ انہیں موصول ہوئی جبکہ یہاں بجلی کی سپلائی بھی خلل کا شکار ہے۔
ترال میں سرکاری سکول کواراضی فراہم
سید اعجاز
ترال//ترال میں انتظامیہ نے سرکاری تعلیمی اداروں کو نجی عمارتوں سے نکالنے کا سلسلہ شروع کر کے انہیں سرکاری اراضی فراہم کی ہے ۔اس سلسلے میں پانزو ترال میں 1995سے ایک نجی عمارت میں قائم بائز مڈل سکول کو قریب8کنال اراضی سرکار کی جانب سے فراہم کی گئی ہے تاکہ یہاں ایک بہتر سکول ،کھیل کا میدان اورپارک کو بھی تعمیر کیا جا سکے ۔ اس سلسلے میں سکول میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں محکمہ مال،دیہی ترقی ،محکمہ تعلیم کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی ۔تقریب میں ایڈیشنل ڈٹی کمشنر ترال شبیر احمد رینہ نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ۔انہوں عملے کو یقین دلایا کہ سکولوں میں بیٹھنے کی جگہ کے ساتھ ساتھ دیگر تمام سہولیات فراہم رکھی جائیں گی۔ مقامی آبادی اور سکول عملے نے انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔
ڈورو شاہ آباد میں اے ٹی ایم بیکار
عارف بلوچ
اننت ناگ//ڈورو شاہ آباد میں قائم جموں کشمیر بنک کا اے ٹی ایم آئے روز خراب رہنے کے سبب صارفین کو مشکلات کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے۔اگر کھبی کھبار اے ٹی ایم ٹھیک بھی ہوتا ہے لیکن اکثرمشین آدھا آدھا گھنٹہ پرنٹ کا بٹن دبانے کے بعد بیکار ہوجاتی ہے جس کے باعث قطار میں بیٹھے صارفین کوذہنی کوفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔سب ڈویژن میں 3 اے ٹی ایم ہیں تاہم یہ اے ٹی ایم اکثروبیشتر بیکار رہتا ہے۔ اس کے علاوہ شام ہوتے ہی سبھی اے ٹی ایم بند ہوجاتے ہیں جس کی وجہ سے لوگوں میں سخت ناراضگی پائی جاتی ہے۔صارفین نے اے ٹی ایم فوری طور قابل استعمال بنانے کا مطالبہ کیا ۔
کرالہ پورہ گزریال سڑک کھنڈرات میں تبدیل
اشرف چراغ
کپوارہ// کرالہ پورہ گزریال سڑک کھنڈرات میں تبدیل ہو چکی ہے ۔مقامی لوگو ں کے مطابق گزشتہ سال اگرچہ متعلقہ محکمہ نے چند کلو میٹر کی مرمت کی لیکن چند ہی ماہ بعد ہی میکڈم اکھڑ گیا اور سڑک کھنڈرات میں تبدیل ہوگئی ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ آر اینڈ بی محکمہ نے 2107میں میں کرالہ پورہ سے گزریال تک سڑک پر میکڈم بچھا یا تاہم 3سال کے بعد ہی وہ اکھڑ گیا جس کی وجہ سے سڑک کھنڈرات میں تبدیل ہو گئی۔ مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے بارشو ں کے دوران راہ گیروں اورٹرانسپورٹروں کو عبور و مرور میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ منٹوںکا سفر گھنٹوں میں طے ہوتا ہے ۔لوگو ں کا کہنا ہے کہ ڈرینج نظام کا نہ ہونا بھی ایک بڑی وجہ ہے کیونکہ بارشو ں کا پانی سڑک کے بیچو ں بیچ گزر کر سڑک کو نقصان پہنچاتا ہے ۔مقامی لوگو ں نے متعلقہ محکمہ سے مطالبہ کیا کہ سڑک کی مرمت کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔
ترال میں آنگن واڑی ملازمہ بیہوش
پنچ پر بدکلامی کاالزام،انتظامیہ نے تحقیقات کا یقین دلایا
سید اعجاز
ترال//لرو ترال میں آنگن واڑی ملازمین کے ساتھ ایک مقامی پنچ کی جانب سے مبینہ طور بد تمیزی اور تلخ کلامی کے دوران ایک خاتون ملازمہ غش کھا کر زمین پر گرپڑیں جس کے بعد مذکورہ ملازمہ کو فوری طور سب ضلع ہستال ترال منتقل کیا گیاجہاں وہ منگل کی شام تک زیر علاج تھیں ۔ اس دوران واقعہ کے خلاف محکمہ میں کام کر رہی دیگر خواتین نے زور دار احتجاج کر کے پنچ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ اے ڈی سی ترال نے بتایا کہ تحقیقات کر کے جو بھی ملوث یا جائے گااس کے خلاف کارروائی ہوگی۔محکمہ آنگن واڑی ملازمین نے بتایا کہ گائوں میں 6آنگن واڑی مراکز قائم ہیں جہاںمنگل کے روز تعینات 6ملازمین محکمہ کے ایک خاص کام کو ایک ساتھ مل کر انجام دے رہے تھے ۔انہوں نے بتایا کہ اس دوران گائوں کا ایک پنچ یہاں داخل ہوا اور مختلف چیزیں پوچھنے لگا اور ہنگامہ برپا کر کے ملازمین کے ساتھ بد تمیزی کی جس دوران شمیمہ نامی ایک ملازمہ بے ہوش ہوگئیں جس کو سب ضلع ہستال ترال منتقل کیا گیا ۔ اس دوران اس واقعے کے بعد محکمہ میں کام کر رہی خواتین نے ہسپتال پہنچ کر پنچ کے خلاف احتجاج کیا ۔انہوں نے محکمہ کے اعلیٰ حکام اور ڈپٹی کمشنر سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔پولیس نے اس واقع کے حوالے سے تحقیقات شروع کی ہے ۔ادھر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ترال شبیر احمد رینہ نے بتایا کہ تحقیقات کے بعد ملوث پنچ کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
بارہمولہ پولیس کی امدادی کارروائی
50خواتین میںسلائی کی مشینیں تقسیم
بارہمولہ //سویک ایکشن پروگرام کے تحت بارہمولہ پولیس نے ضلع بارہمولہ کے ضرورت مند لوگوں میںسلائی مشینیں تقسیم کیں۔ڈی آئی جی بارہمولہ سلیمان چودھری نے ڈی پی ایل بارہمولہ میں تقسیم کاری کی تقاریب کا افتتاح کیا ۔ اس کے علاوہ ایس ایس پی بارہمولہ ، اے ایس پی بارہمولہ ، ڈی و ائی ایس پی (ڈی اے آر) بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ضلع بارہمولہ کی 50خواتین میں50سلائی مشینیں اور دیگر سامان سمیت تقسیم کیا گیا۔اس موقع پر ڈی آئی جی شمالی کشمیر سلیمان چودھری نے سویک ایکشن پروگرام کے زیراہتمام پولیس کی طرف سے کئے گئے مختلف اقدامات پر روشنی ڈالی جس میں برادری اور خاص طور پر نوجوانوں کو مہارت کے مطابق مختلف پلیٹ فارم مہیا کرکے شامل کیا گیا ہے۔ایس ایس پی بارہمولہ نے گفتگو کرتے ہوئے سویک ایکشن پروگرام کے بارے میں مختصرجانکاری دیتے ہوئے کہا کہ سویک ایکشن پروگرام میں پولیس کی طرف سے وقتا فوقتا مختلف طریقوں اور اقدامات جن میں کوڈ 19 سے بچنے کیلئے حفاظتی کٹ ، کھیلوں کا سامان اور کمپیوٹر وغیرہ کی تقسیم شامل ہے۔شرکا نے سویک ایکشن پروگرام کے تحت مختلف پروگراموں کے انعقاد کے ذریعہ باصلاحیت نوجوانوں کو پلیٹ فارم مہیا کرنے کے علاوہ بے سہارا لوگوں کی بہتری کے لئے ایسے پروگراموں کو سراہا۔
نوروز پر بنیادی سہولیات دستیاب رکھیں:نیشنل کانفرنس
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر نے صوبائی انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ نوروز کی تقریب کے پیش نظر لوگوں خصوصاً شیعہ آبادی والے علاقوں میں لوگوں کوبنیادی سہولیات خاصکر بجلی ، پینے کا پانی ، صحت وصفائی ، ٹرانسپورٹ ، طبی سہولیات کے ساتھ ساتھ وافر مقدار میں چاول ، آٹا ، کھانڈ اور رسوئی گیس کی سپلائی تمام راشن ڈیپووں پر دستیاب رکھے۔ اِدھر اراکین پارلیمان محمد اکبر لون، حسنین مسعودی، سینئر لیڈران آغا سید روح اللہ، وسطی زون صدر علی محمد ڈار، شمیمہ فردوس،ضلع صدر اننت ناگ الطاف احمد کلو، صدرِ ضلع پلوامہ غلام محی الدین میر، عرفان احمد شاہ، قمر علی آخون، جاوید احمد ڈار ، پیر آفاق احمد اورتنویر صادق نے بھی انتظامیہ سے اپیل کی ہ وہ نوروز کے سلسلے میںسہولیات میسر رکھیں تاکہ لوگوں کو کسی بھی قسم کا مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
منشیات مخالف مہم
اونتی پورہ اور کولگام میں6افراد گرفتار
سرینگر//اونتی پورہ اور کولگام میں منشیات مخالف مہم کے دوران پولیس نے 6افراد کو گرفتارکرکے اُن کے قبضے سے ممنوعہ مادہ برآمدکرلیا ہے ۔پولیس تھانہ اونتی پورہ نے ریشی پورہ علاقے میں چیکنگ کے دوران ایک موٹر سائیکل زیر نمبرJK18-0221کو روکا جس میں 2افراد سوار تھے ،جن کی شناخت پرویز احمد شیخ ،عامر مقبول ساکن ریشی پورہ اونتی پورہ کے نام سے ہوئی۔ چیکنگ کے دوران افسران نے ان کے قبضے سے4 کلو گرام بھنگ جیسا نشیلی مادہ برآمد کر لیا۔ انہیں گرفتار کرکے پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیااورموٹر سائیکل بھی ضبط کر لیا گیا ۔ پولیس تھانہ اونتی پورہ میں کیس زیر ایف آئی آر نمبر32/2021 درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ۔ اسی طرح سے کولگام پولیس نے ایک اور کارروائی میں پولیس تھانہ کیموہ نے کھڈونی اور ریلوے پل ونپوہ کے نزدیک الگ الگ دو جگہوں پر چارافراد کو گرفتار کیا جن کی شناخت عرفان رشید ڈار ،عابد حسین ریشی ساکنان ہانجی پورہ میربازار،عنصر احمد میر اور بلال احمد گنائی ساکن پیٹھ بگ دیالگام اننت ناگ کو گرفتار کیا جن کے قبضے سے 12 کلو گرام خشخا ش پوست اور 5 گرام ہیروئن برآمد کر لیا۔اس سلسلے پولیس نے کیموہ تھانے میں کیس زیر ایف آئی آر نمبر11,12/2021درج کرلیا ۔
نشہ مکت بھارت ،ضلع انتظامیہ بڈگام کی طرف سے پروگرام
سرینگر//شیخ العالمؒ ہال بڈگام میںنشہ مکت بھارت پروگرام کا انعقاد ضلع انتظامیہ کی طرف سے کیا گیا۔ پروگرام میں ڈپٹی کمشنر بڈگام شاہباز احمد نے اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے اس لعنت سے دور رہنے کا مشورہ دیا۔ ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر سید فرہانہ اصغر نے مہمانوںکا استقبال کرتے ہوئے اس پروگرام کو گھر گھر پہنچانے کے وعدے لئے۔ پروگرام میں وادی کے مشہور اداکار غلام محمد بجل اور طارق شیرا نے ڈرامہ پیش کرکے لوگوںکے دل جیت لئے وہیں اداکاروں کی طرف سے روف، نغمے اور لڑی شاہ پیش کیا گیا۔ پروگرام میں اے ڈی سی بڈگام ڈاکٹر ناصر احمد، سی ایم او بڈگام ڈاکٹر تجمل، ایس ایچ او بڈگام محبوب حسین ،جنرل منیجر ڈی آئی سی محمد اشرف ، اے سی ڈی نزہت قریشی نے بھی شرکت کی۔ پروگرام کے آخر پر طارق شیرا، غازی اعجازاور مہمانوں میں انجلز کلچرل اکیڈیمی اور لول کلچرل فورم کی طرف سے اسناد تقسیم کی گئی۔
سرینگر میں پولیس کی جانکاری مہم، سٹیکرتقسیم
سرینگر//سرینگر میں پولیس نے نوجوانوں میں منشیات کے استعمال اور لت کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر منشیات کی لت چھڑوانے کی مہم کا آغاز کیا۔ پروگرام کا آغاز سب ڈویژن حضرتبل ، شہید گنج اور صدر میں عام لوگوں کو منشیات کے استعمال اور منشیات فروشی کے اثرات سے آگاہ کرنے کے لئے معلوماتی سٹیکر تقسیم کرکے کیا گیا۔ایس پی حضربل سدھانشو ورما،ایس ڈی پی او حضربل شفاعت محمد،ایس ڈی پی او صدراظہر رشید، ایس ڈی پی او شہید گنج شاہجان چودھری کے ساتھ متعلقہ ایس ایچ اوز اور علاقائی افسران نے کچھ ممتاز اداروں جیسے فور فرینڈس سکول گلی کدل ، گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول راولپورہ ، گورنمنٹ ہائی سکول نٹی پورہ ، آکاش کوچنگ انسٹی ٹیوٹ راجباغ ، ایجوکیشن سولوشن کوچنگ انسٹی ٹیوٹ کرن نگر ، ہری سنگھ ہائی سٹریٹ مارکیٹ ، اقبال میموریل انسٹی ٹیوٹ ببمنہ ، امر سنگھ کالج سرینگرکا دورہ کیا اورسامعین کے ساتھ مختصرتبادلہ خیال کیا ۔اس موقعہ پرنشہ آور اشیا کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کے لئے سٹیکرز تقسیم کردیئے۔ایس پی حضرت بل نے طلباء سے کہا کہ وہ اپنے عزیزوں کو منشیات مضر اثرات سے واقف کرنے کیلئے سرگرم کردار ادا کرتے ہوئے معاشرے سے منشیات کے خاتمے کے لئے آگے آئیں۔ ان سے کہا گیا کہ وہ کسی بھی امداد کے لئے ہیلپ لائن فون نمبروں پر رابطہ کریں۔مہم کے دوران پولیس افسران نے عام لوگوں سے کہا کہ وہ منشیات فروشوں کی شناخت میں پولیس کی مدد کریں تاکہ معاشرے کو منشیات سے پاک بنایا جاسکے۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا تبت بقال خاندان کیساتھ تعزیت کا اظہار
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے وادی کے معروف تاجر اور سماجی شخصیت الحاج خواجہ غلام قادر تبت بقال ساکن حبک نسیم باغ کے انتقال پُر ملال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس سانحہ ارتحال پر مرحوم کے جملہ سوگوران کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے نئی دلی سے مرحوم کے فرزند عمر نذیر تبت بقال کیساتھ ٹیلی فون پر رابطہ کرکے تعزیت کی اور ڈھارس بندھائی۔ پارٹی جنرل سکرٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی ،پارٹی لیڈران سلمان علی ساگر، عمران نبی ڈار اور احسان پردیسی نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ دریں اثناء پارٹی لیڈر تنویر صادق نے حول جاکر مرحوم عبدالرشید لون کے اہل خانہ کی ڈھارس بندھائی اور تعزیت کی۔ پارٹی کے یوتھ صدر سلمان علی ساگر نے بھی مرحوم کے گھر جاکر تعزیت کی اور ڈھارس بندھائی۔ دونوں نے مرحوم کے فرزندان فاروق احمد اور جاوید احمد کیساتھ پارٹی قیادت کی طرف سے بھی تعزیت کا اظہار کیا۔
کولگام میں 4قمار باز گرفتار، 5500روپے ضبط
کولگام //کولگام پولیس نے سماج مخالف سرگرمیوں میں ملوث افرادکے خلاف مہم جاری رکھتے ہوئے چار قماربازوں کوہزاروں روپے سمیت دبوچ لیا۔دیوسر تھانے کو ایک مصدقہ اطلاع ملنے پرسپت گوڈی پورہ علاقے میںقماربازی کے ایک اڈے پر چھاپہ مار کرچارقماربازوں جہانگیر احمد شاہ ،عبدالاحد بٹ ،عبدا لرشید بٹ اورجاوید احمد شاہ ساکنان گندی پورہ کو گرفتار کر کے داوپر لگائی نقدی رقم5500روپئے اور تاش کے پتے بھی ضبط کرلئے۔پولیس نے اس سلسلے میں متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر زیر نمبر12/2021 دیوسرتھانے میں درج کیا گیا۔
روز لین کالونی چھانہ پورہ کی سڑک تباہ
سرینگر// روز لین کالونی چھانہ پورہ میں رابطہ سڑک کی حالت انتہائی خستہ ہوچکی ہے اور یہ سڑک کیچڑ میں تبدیل ہوچکی ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ کالونی میں ہاوس نمبر165سے لیکرہاوس نمبر170تک ڈرنیج کیلئے پائیپ لائین بچھائی گئی جس کے بعد بھاری برف باری ہوئی اور تب سے سڑک کی دوبارہ مرمت نہیں کی گئی ۔انہوں نے کہا کہ سڑک پوری طرح کیچڑ سے لبریز ہوچکی ہے جس کی وجہ سے لوگوں کا گھروں سے باہر نکلنا مشکل ہوگیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ 3ماہ سے مقامی آبادی کے ساتھ ساتھ گاڑیوںاور راہ گیروں کا عبور و مرور مشکل بن چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ رابطہ سڑک دن بہ دن خستہ ہوگئی اورکیچڑ کی وجہ سے سڑک پر پھسلن پیدا ہوگئی ہے جس کی وجہ سے بچوں اور بزرگوں کا چلنا انتہائی مشکل ہوگیا ہے ۔مقامی لوگوں نے ایس ایم سی ،پی ڈبیلو ڈی اور آر اینڈ بی حکام سے سڑک کی فوری مرمت اور اس پرروڈی بچھانے کا مطالبہ کیا ہے ۔
دھوبی گھاٹ حضرت بل میں مواصلاتی نظام ناقص
سرینگر// دھوبی گھاٹ درگارہ حضرت بل اور اس کے ملحقہ علاقوں میں موصلاتی نظام خاص کر آئر ٹیل اور جیو کی ناقص سروس کی نتیجے میں صارفین کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ صارفین نے الزام عائد کیا کہ آئیرٹیل اور جیو کی ناقص کارکردگی کے باعث کالز کرنا انتہائی دشوار ہوتا ہے ۔معلوم ہوا ہے کہ موصلاتی نظام کی خرابی کے نتیجے میں جہاں صارف کالز نہیں کر پا رہے ہیں وہیں انٹر نیٹ کو لیکر بھی انہیں کافی مشکلات کا سامنا ہے ۔ صارفین کا کہنا تھا کہ نیٹ ورک کی خرابی کے نتیجے میں صارفین کا بیرون علاقوں میں رابطہ منقطع ہو گیا ہے جبکہ کال کرنے کیلئے انہیں کسی اونچے مقام پر جانا پڑ رہا ہے ۔ مقامی لوگوں نے الزام عائد کیا ہے کہ ایک سال قبل انہوں نے خراب نیٹ ورک کی شکایت متعلقہ کمپنیوں کے اعلیٰ حکام تک پہنچائی تھی تاہم ایک سال گزرنے کے باوجود بھی اس کی طرف کوئی دھیان نہیں دیا گیا جس کا خمیازہ آج بھی مقامی صارفین کو اٹھانا پڑ رہا ہے ۔ انہوں نے ایک مرتبہ پھر دونوں کمپنیوں کے حکام سے اپیل کی ہے کہ علاقے میں نیٹ ورک ٹھیک کرانے کیلئے اقدامات اٹھائیں جائے تاکہ لوگ اور مشکلات کے شکار نہ ہو۔
ترال میں ہینڈ لوم اورہینڈی کرافٹس کا جانکاری کیمپ
ترال/سید اعجاز //ترال کے ٹائون ہال میں منگل کو ہینڈ لوم اور ہنڈی کرافٹس محکمہ کی جانب سے ایک جانکاری کیمپ منعقد ہوا جس میں خواتین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔اس جانکاری کیمپ میں حاضر لوگوں کو محکمہ پاس کئی اہم اسکیموں کے حوالے سے جانکاری دی گئی ۔تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ترال نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی اور خواتین کو ان اسکیموں سے فائدہ اٹھانے کی اپیل کی گئی ۔اس دوران محکمہ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹرپلوامہ قدیر چاڑک نے بتایا کہ ہینڈ لوم اور ہینڈی کرافٹس محکموں نے لوگوں کے لئے کچھ نئی اسکمیں متعارف کی ہیں جن کو لوگوں تک پہنچانے کے لئے یہ پروگرام منعقد کیا گیا ۔