ڈاکٹر فاروق ،الطاف بخاری اور غلام احمد میر کا اظہار رنج و غم
سرینگر// نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے معروف عالم ِ دین اور روحانی شخصیت مولانا وحید الدین کی وفات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے ۔اپنے بیان میں ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ اس عالم دین کی وفات سے عالم اسلام زبردست ملی نقصان سے دوچار ہواہے ۔ڈاکٹر عبداللہ نے مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی اور اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ۔ادھراپنے تعزیتی پیغام میں الطاف بخاری نے کہاکہ مولانا وحید الدین خان صاحب ہمیشہ ایک عظیم عالم دین کے طور پر یاد کئے جائیں گے جنہوں نے فرقہ وارنہ ہم آہنگی اور اسلام کے متعلق شکوک وشبہات کو دور کرنے کے لئے ناقابل ِ فراموش کام کیا۔ انہوں نے مرحوم کی جنت نشینی کے لئے دعا کرتے ہوئے سوگوار کنبہ، دوست واحباب اور اُن کے عقیدتمندوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ادھر پردیش کانگریس کے صدر غلام احمد میر نے نامور عالم دین مولان وحید الدین خان کے انتقال پر رنج اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک بہت بڑا نقصان قرار دیا جسے پُر کرنا ناممکن ہے۔انہوں نے مرحوم کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ اُنہیں جوارِ رحمت میں جگہ دے۔
دارالخیر کامحمد شفیع خان کو خراج عقیدت
سرینگر//دارالخیر میروا عظ منزل سرینگر نے ادار ہ کے انتہائی سرگرم رکن الحاج محمد شفیع خان کی وفات پر دکھ اور صدمہ کا اظہار کرتے ہوئے انہیں شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ دارالخیر میرواعظ منزل کے بانی و سرپرست اعلیٰ نظر بند رکھے گئے میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق کی قیادت میں مرحوم محمد شفیع خان نے ایک والنٹیر کی حیثیت سے دارالخیر کے رفاہی، امدادی اور فلاحی پروگراموںکو پایہ تکمیل تک پہنچانے اور ادارے کواصحاب خیر صاحب ثروت افراد اور اداروں کی جانب سے مالی معاونت فراہم کرانے میں ہمیشہ پیش پیش رہے۔دارالخیر نے شفیع خان کی وفات کو ایک ملی اور سماجی نقصان قرار دیتے ہوئے اپنے جملہ ارکان خاص طور پر نظر بند رکھے گئے میرواعظ کشمیر کی جانب سے مرحوم کی اہلیہ ، فرزندان ، برادران اور پورے خان خاندان کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا گیا کہ غم و الم کی اس گھڑی میںدارالخیر کے جملہ ارکان ان کے ساتھ ہیں اور اللہ تبارک و تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ وہ مرحوم کی مغفرت فرما کر جنت الفردوس عطا کرے۔
سینٹرل یونیورسٹی گاندربل میں تعزیتی مجلس منعقد
کورونا سے فوت ہوئے اردو کے نامورادیبوں کو خراج عقیدت
سرینگر//سنٹرل یونیورسٹی کے شعبۂ اردو میں ایک تعزیتی اور دعائیہ مجلس کا اہتمام کیا گیا، جس میں حالیہ دنوں میںجن اردو ادیبوں و پروفیسروں کی وفات ہوئی ہے، ان کیلئے دعاے مغفرت کی گئی۔ اس تعزیتی نشست میں پروفیسر ظفرالدین مولانا آزاد نیشنل اردو یونی ورسٹی، حیدرآباد، مشرف عالم ذوقی، معروف فکشن نگار و ان کی اہلیہ ، دہلی، پروفیسر شاہد حسین کی اہلیہ،پروفیسر مولیٰ بخش علی گڑھ مسلم یونی ورسٹی، ظہیر انور، معروف ڈراما نگار کلکتہ، انجم عثمانی، ناول نگار و سابق ڈائریکٹر دور درشن شاہد احمد ، شوکت حیات مقبول فکشن نگار اور ڈاکٹر فہیم احمد صدیقی، شعبۂ اردو، پرتیبھا نِکیتن کالج، ناندیڑ، مہاراشٹر شامل ہیں ،کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ مجلس کی صدارت پروفیسر محمد غیاث الدین ، صدرِ شعبہ و ڈین اسکول آف لینگویجز نے کی ۔اس موقعے پر ڈاکٹر الطاف حسین نقش بندی نے ان تمام کی مغفرت کے لیے خصوصی دعا کی۔ اس مجلس میںڈاکٹر عرفان عالم، پرویز احمد اعظمی، ڈاکٹر نصرت جبین، ڈاکٹر محمدراشد عزیز، ڈاکٹر الطاف حسین اور ڈاکٹر ظفر عبداللہ وانی نے شرکت کی۔
یچوری کے بیٹے کی کورونا سے موت
عمر عبداللہ ، تاریگامی اور دیگر لیڈران کی تعزیت
سرینگر//سی پی آئی ایم کے سینئر لیڈر سیتا رام یچوری کے بڑے بیٹے آشیش کی جمعرات کو کورونا انفیکشن سے موت ہوگئی ہے۔سی پی آئی ایم کے سینئر لیڈرمحمد یوسف تاریگامی نے کہا ’’یہ المناک خبر سن کر میں حیرت زدہ اور پریشان ہوں۔ اتنی چھوٹی عمر میں اپنے پیارے کو کھونے کا بے حد درد کوئی الفاظ دور نہیں کرسکتے ہیں‘‘۔انہوں غم کی اس گھڑی میں سیتارام یچوری اور کنبہ کے دیگر افراد سے دلی تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔عمر عبداللہ نے اپنے ایک ٹویٹ میں آشش یچوری کی موت پر اظہار دکھ کرتے ہوئے کہا کہ میں سیتا رام یچوری اور ان کے خاندان کے ساتھ کھڑا ہوں۔ مصیبت کی اس گھڑی کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا لیکن ہمارے پاس ہمدردی اور تعزیت پرسی کے لفظوں کے سوا کچھ بھی نہیں ہے۔
شوپیان کے کئی پنچایتی ممبران اپنی پارٹی میں شامل
سرینگر//ضلع شوپیان سے تعلق رکھنے والے معروف پنچایتی ممبران اور سیاسی کارکنان نے لال چوک سرینگر میں منعقدہ تقریب کے دوران اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں میں نائب سرپنچ وارڈ 5اے سیڈو، ہیر پورہ شوپیا ن نذیر احمد گورسی، پنچ وارڈ نمبر3سیڈو شوپیان محمد رفیق اور محمد لطیف کوہلی شامل ہیں۔ ظفر اقبال منہاس نے اِن کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ اپنی پارٹی نے ہمیشہ عوامی مفادات کے حامل مسائل کو اجاگر کیا اور ہمیشہ لوگوں کی مشکلات حل کرنے کے لئے آواز بلند کرتی رہے گی۔
انجمن علماء وائمہ مساجدکا اظہار تعزیت
سرینگر //علماء کرام وائمہ مساجد کے متحدہ فورم انجمن علماء وائمہ مساجدجموں وکشمیر نے مفتی شوکت احمد استاد حدیث جامعہ عربیہ اشرف العلوم حیدر پورہ سرینگر کے چاچاکے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انجمن کے امیر حافظ عبد الرحمن اشرفی خادم دارالعلوم سید المرسلین چوگام قاضی گنڈ نے کہاکہ غم کی اس گھڑی میں انجمن علماء غم زدہ خاندان اور خاص کر مفتی شوکت احمد کیساتھ برابرکے شریک ہیں ۔ انہوں نے مرحوم کیلئے جنت نصیبی اور لواحقین کیلئے صبرجمیل کی دعاء کی ہے ۔