نقل وحمل شعبے کی ترقی کیلئے کارڈی نیشن کمیٹی تشکیل
سرینگر//انتظامیہ نے جموں کشمیر کے لاجسٹک(نقل وحمل) شعبے کی مربوط ترقی کیلئے پرنسپل سیکریٹری صنعت و حرفت کی سربراہی میں لاجسٹک کارڈی نیشن کمیٹی کے قیام کو ہری جھنڈی دکھائی۔ اس کمیٹی کو مرکزی زیر انتظام خطے جموں کشمیر میں لاجسٹک (نقل وحمل)پالیسی اور لاجسٹک منصوبوں کو حتمی شکل دینے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے جبکہ کمیٹی گرین چینلوںکے ذریعہ آسان کارگوں نقل و حرکت کی سہولت فراہم کرے گی۔ سرکاری آرڈر میں کہا گیا ہے کہ لاجسٹک کارڈی نیشن کمیٹی رسد خدمات کے فروغ کے لئے ٹرانسپورٹ نگر تیار کرنے علاوہ. لاجسٹک اور گودام کے مرکزوں کو بھی تیار کرے گی۔یہ کمیٹی خشک بندرگاہوں کو بھی تیار کرے گی۔منوج دیودی کی جانب سے جاری حکم نامہ میں کہا گیا ہے،’’ڈائریکٹر ، صنعت و حرفت جموں اپنے ماتحت ایک لاجسٹک سیل قائم کریں گے جو مرکزی وزارت تجارت ، لاجسٹک ڈویڑن سے رابطہ کرے گی۔آرڈر میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ مرکزی زیر انتظام علاقے سے متعلق مربوط لاجسٹک منصوبہ کامسودہ تیارکرکے کارڈی نیشن کمیٹی کے زیر غور لانے کیلئے پیش کرے گی۔کارڈی نیشن کمیٹی کی 9 رکنی ٹیم کی سربراہی پرنسپل سیکریٹری صنعت و حرفت کریں گے،جبکہ محکمہ زراعت و زرعی پیداوار و بہبود کسان کے پرنسپل سیکریٹری،محکمہ تعمیرات عامہ کے پرنسپل سیکریٹری، محکمہ ٹرانسپورٹ کے کمشنر سیکریٹری،صوبائی کمشنر کشمیر،صوبائی کمشنر جموں،ناظم صنعت و حرفت کشمیر،ڈائریکٹر اندسٹرئز اینڈ کامرس جموں کے علاوہ مرکزی وزارت تجارت کے لاجسٹک ڈویژن کے نمائندے اس کے ممبر ہوںگے۔
پٹن بینک ڈکیتی
بینک گارڈ سے چھینی گئی رائفل اورچرائی گئی گاڑی برآمد
سرینگر//گزشتہ روز پٹن میں بینک ڈکیتی کے دورا ن بینک محافظ سے چھین لی گئی رائفل پولیس نے ضبط کرلی ہے جبکہ اس ڈکیتی کے دوران اسلحہ بردار جس گاڑی کو اُڑاکر فرارہوئے تھے ،وہ گاڑی بھی پولیس کو ملی ہے ۔سی این آئی کے مطابق پولیس نے شمالی کشمیر کے پٹن علاقے میں گذشتہ روز پیش آئے بینک ڈکیتی واقعے میں بینک محافظ سے چھینی گئی رائفل اور موقع سے فرار ہونے کے لئے استعمال کی گئی گاڑی کو جمعہ کی صبح برآمد کیا۔یاد رہے کہ پٹن کے شیر آباد کھور علاقے میں جمعرات کو پی پی کٹ پہنے تین اسلحہ برداروں نے جموں و کشمیر بینک کی شاخ سے بندوق کی نوک پر 2 لاکھ 86 ہزار روپے لوٹ لئے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے آج ضلع بارہمولہ کے کنزر علاقے کے ووسن گاؤں کے نزدیک لٹیروں کی طرف سے فرار ہونے کے لئے استعمال کی جانے والی ماروتی گاڑی اور گارڈ سے چھینی گئی بندوق کو برآمد کیا۔
مولاناوحیدالدین خان کی وفات پرانجمن نصرۃ الاسلام کااظہاررنج
سرینگر//انجمن نصرۃ الاسلام نے برصغیر کے معروف اور نامور عالم دین مفسر قران، سینکڑوں اہم کتابوں کے مصنف،مفکر اور الرسالہ کے مدیر اعلیٰ مولانا وحید الدین خان کی رحلت پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم مولانا وحید الدین خان کی8 دہائیوں پر مشتمل طویل ترین دینی ، دعوتی، تصنیفی اور دین حق کی موثر اور سائنٹفک ترجمانی پر انہیں زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔بیان میں کہا گیا کہ مولانا وحید الدین خان کے انجمن کے سابق صدر مولانامحمدفاروق کے ساتھ قریبی روابط اور تعلقات تھے اور اکثر و بیشتر دونوں بزرگوں کے درمیان ملی مسائل و معاملات پر ملاقاتیں ہوتیں اورمثبت تبادلہ خیالات ہوتے۔بیان میں کہا گیا کہ انجمن کے موجودہ سربراہ میرواعظ عمر فاروق کو بھی مولانا خانصاحب کے ساتھ کئی بار ملاقاتوں کا شرف حاصل رہااور مرحوم ہمیشہ شفقت و محبت سے اپنی تازہ ترین علمی اور فکر انگیز تصنیفات سے نوازتے۔انجمن نے مولانا وحید الدین خان کے سانحہ ارتحال کو ’’ عالم کی موت عالم کی موت‘‘ کا مصداق قرار دیتے ہوئے مولانا کی وفات کو عالم اسلام خاص طور پر برصغیر کے علمی ، دینی اور دعوتی حلقوں کیلئے ایک ناقابل تلافی نقصان قرار دیا۔انجمن نے مولانا کے فرزند معروف دانشور اور ملی گزیٹ کے ایڈیٹر ظفر الاسلام خان اور مولانا مرحوم کے لاکھوں پرستاروں کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اللہ تبارک و تعالیٰ سے مرحوم کی جنت نشینی کیلئے خصوصی دعا کی۔