ہائرسکینڈری سکول مگلورکٹھوعہ میں کیرئیرکونسلنگ پروگرام
کٹھوعہ// گورنمنٹ ہائرسکینڈری اسکول مگلورکٹھوعہ میں رمسا کے تحت ایک پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔اس پروگرام میں بچوں کے مستقبل کی تعمیر پر شانتی سروپ شرما نے خیالات کااظہارکیا۔اس دوران پروگرام میںگردونواح کے سکولوں کے طلباء نے بھی شرکت کی ۔بچوں نے مستقبل کی تعمیر کتنی اہمیت رکھتی ہے اس پر دیا گیا لیکچر غور سے سنا گیا۔اس موقعہ پرہائر سکینڈری اسکول کے پرنسپل کیول کرشن اور رنجیت سنگھ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
وارڈنمبر71سدھرامیں اضافی بجلی بلوں سے صارفین پریشان
عبدالرشیدکٹوچ
جموں// محکمہ بجلی کے کام کاج میں شفافیت لانے کی اشد ضرورت ہے ۔باوثوق ذرائع سے معلوم ہو ا ہے کہ اس محکمہ کے اہلکار ہی محکمہ کے خسارے کے ذمہ دار ہیں ۔ عام شہریوں کا کہنا ہے کہ اس محکمہ کو بھرشٹاچاری اور کورپٹ اہلکاروں سے صاف و پاک بنانے کی اشد ضرورت ہے ۔ کئی لوگوں کا کہنا ہے کہ اس محکمہ میں سدھار لانے کے لئے ایک اور بسنت رتھ کی زبردست ضرورت ہے ۔ یہ بھی شکایات ملی ہیں کہ جو لوگ محکمہ کے اہلکاروں کی جیب گرم کرتے ہیں ان کے بل وہ اسی حساب سے دیتے ہیں اور جو لوگ ایسا نہیں کرتے ہیں ان کو زیادہ رقومات کے بل دیتے ہیں ۔ میونسپل وارڈ نمبر 71کے علاقہ عید گاہ روڈ اور نکی محلہ اس کا واضح ثبوت ہیں ۔ اہلکاروں کی ملی بھگت سے اکثر بجلی کے میٹر خراب کردئے گئے ہیں اپنی مرضی سے بجلی کے بل بنائے جاتے ہیں ۔ زمینی صورت حال اور بجلی کے بلوں میں آسمان زمین کا فرق ہے۔اس علاقہ میں بجلی کتنی خرچ ہو رہی ہے اور بل وہ کتنی رقم کے دیتے ہیں ۔ایک محارہ ہے ’’جب باڑ ہی کھیت کو کھانے لگے‘‘یہ محاورہ اس محکمہ کے اہلکاروں پر برابر صادق آتا ہے ۔ضرورت اس بات کی ہے کہ اس محکمہ میں سدھار لانے کی اشد ضرورت ہے اس کے لئے کورپٹ اہلکاروں کونکال باہر کرنا لازمی ہے ۔ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی جو کہ ایک ذہین اور دانشور باپ کی دانشور اور بصیرت افروز بیٹی ہیں جس طرح سے انہوں نے جموں میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے لئے ایک قابل اور ایماندار افسر کو آئی جی تعینات کیا اور حد سے زیادہ بگڑا ہو ا ٹریفک نظام بتدریج بہتری کی جانب گامزن ہے حالانکہ عوام کا کہنا تھا کہ ٹریفک نظام کا درست ہونا ناممکن ہے مگر جب حکومت کسی چیز کو درست کرنے پر آتی ہے تو ناممکن سے نا ممکن چیز بھی ممکن بن جاتی ہے ۔اس طرح سے اس نظام کو بھی درست کرنے کی از حد ضرورت ہے ۔
ضلع ترقیاتی کمشنرادہم پورنے بیت الخلاء کاسنگ بنیادرکھا
ادہم پور//ضلع ترقیاتی کمشنررویندرکمارنے کھلے میں پاخانہ کرنے کے مضراثرات کے بارے میں عوامی بیداری کے سلسلے میں پنچایت رتی کادورہ کرکے وہاں بیت الخلاء کی تعمیرکاسنگ بنیادرکھا۔اس دوران لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے ڈی ڈی سی نے کہاکہ سوچھ بھارت مشن کے تحت انتظامیہ نے متعدداقدامات اُٹھائے ہیں تاکہ لوگوں کو کھلے میں پاخانہ کرنے کے مضراثرات کے بارے میں جانکاری دی جائے۔انہوں نے افسران کوہدایت دی کہ اس سلسلے میں لوگوں کوزیادہ سے زیادہ جانکاری دی جائے۔انہوں نے کہاکہ ٹوائلٹ کمپلیکس کی تعمیرسوچھ بھارت مشن کے تحت کی جائے گی۔انہوں نے لوگوں اورسماجی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ ملک کو صاف ستھرے بنانے کے نظریے کوعام کرنے کیلئے آگے آئیں۔انہوں نے کہاکہ میں نے رتی گائوں میں کھلے میں پاخانے کی سماجی برائی سے پاک بنانے کیلئے گودلیاہے۔ انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میںمختلف ضلع افسران کومختلف پنچایتیں دی گئی ہیں۔اس موقعہ پرلوگوں اوردکانداروں نے ضلع ترقیاتی کمشنرکاشکریہ اداکیا۔اس موقعہ پر نوڈل افسربی بی بی پی سیل ادہم پور رچناشرما ودیگرمعززشہری بھی موجودتھے۔
سمارٹ پولیسنگ کے تحت پولیس آفیسران کیلئے تربیتی پروگرام
ادہم پور//شیرکشمیرپولیس اکیڈمی نے ’’سمارٹ پولیسنگ ‘‘کے عنوان سے تین روزہ ورٹیکل انٹریکشن کورس کاانعقاد کیاجس کامقصد ڈی ایس پی سے سینئرسپرانٹنڈنٹ آف پولیس سطح کے آفیسران کوتربیت دیناتھا۔اس دوران جموں وکشمیرپولیس کی مختلف ونگوں کے 21آفیسران کوسمارٹ پولیسنگ سے متعلق تربیت دی گئی۔اس دوران کورس کاافتتاح اے ڈی جی پی ،ڈائریکٹر ایس کے پولیس اکیڈمی ادہم پور محمدسلیمان سلاریہ نے کیا۔اس موقعہ پر ایس ایس پی رندھیرسنگھ،انسپکٹرجگپال شرما (انچارج فارنسیک ) بھی موجودتھے۔کورس کے دوران سمارٹ (ایس۔سنسٹیو اورسٹریکٹ، ایم۔ماڈرن وِد موبائلٹی، اے ۔الرٹ اینڈ اکائونٹبلٹی، آر۔ریلائبیل اینڈرسپانسیو ،ٹی۔ٹرینڈ اینڈٹیکنالوجی ۔سیوی )کے مختلف پہلوئوں اورسمارٹ پولیسنگ کے اہداف کے حصول سے متعلق موثراقدامات کی جانکاری پولیس آفیسران کودی گئی۔اس دوران کورس کے شرکت کرنے والے آفیسران میں رئیس احمدبٹ ایس ایس پی ادہم پور، امت شرما کے اے ایس ،آرڈی ،ایل ایس ایل آرادہم پور۔ریاسی، رندھیرسنگھ ایس ایس پی ،ایس کے پی اے یو،فیصل قریشی ،ایس ایس پی ،ایڈیشنل ایس پی ادہم پور، ونے کمار ایس پی (آپریشنز )، جموں، کمل شرماسی پی او، سی ایل آئی ،ایس کے پی اے ادہم پور، کامیشورپوری ، ڈی ایس پی ادہم پور، ڈاکٹرپلوی سچدیواسسٹنٹ پروفیسر ڈیپارٹمنٹ آف لائف لانگ لرننگ جموں یونیورستی، ڈاکٹر سونیاوانی، ڈی ایس پی ،عادل مشتاق ڈی ایس پی شامل ہیں۔
ہرش دیوسنگھ پربھاجپاکارکنوں کے حملے کی مذمت
جموں//پروفیسربھیم سنگھ سرپرست نیشنل پنتھرس پارٹی نے بی جے پی ورکروں کی جانب سے پنتھر س پارٹی کے چیئرمین ہرش دیوسنگھ پرحملے کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے۔یہاں جاری ایک پریس بیان میں پنتھرس پارٹی کے سینئرلیڈران نے کہاکہ ہرش دیوسنگھ پرحملہ بی جے پی لیڈران کے ذہنی انتشارکانیجہ ہے۔انہوں نے حملہ آوروں کی گرفتاری اوران کے خلاف تحت ضابطہ کارروائی کامطالبہ کیا۔بی جے پی قیادت کوہدف تنقیدبنانے والوں میں پی کے گنجو، مسعوداندرابی، چوہدری محمداقبال نائب صدور، انیتاٹھاکور، بشارت علی ،منجوسنگھ جنرل سیکریٹریز ، جگدیوسنگھ ،گگن پرتاپ سنگھ سٹیٹ سیکریٹریز ، ایس پرمجیت سنگھ مارشل، صوبائی صدرجموں پنتھرس ٹریڈیونین ،ڈاکٹرکلدیپ سنگھ ،چیئرمین جموں کشمیرنیشنل سٹڈی سنٹر ،سریندرواہی کویندرپنتھرس سینئرسٹیزن فورم،منوج گپتاضلع صدرکٹھوعہ ،پنتھرس ٹریڈ یونین اورشکتی گپتا،سینئرپنتھرس ٹریڈ ودیگران شامل ہیں۔
انٹرکالجیٹ اینول اتھلیٹک میٹ میں نمایاں کارکردگی
کامرس کالج نے 9گولڈ،4سلوراور2کانسے کے تمغے حاصل کئے
جموں//جموں یونیورسٹی کی جانب سے منعقدہ 44ویں انٹرکالجیٹ اینول اتھلیٹک میٹ 2017-18 میں گورنمنٹ ایس پی ایم آر کالج آف کامرس جموں کے کھلاڑیوں نے نمایاں کارکردگی کامظاہرہ کرتے ہوئے 9گولڈ ، 4سلوراور2کانسے کے تمغے حاصل کیے۔ یہاں جاری پریس ریلیزکے مطابق میڈل جیتنے والوں میں افتخاراحمد، روہت کمارطور، یش پال ٹنکو، روہت داس، اکھل شرمااورامت سنگھ جموال شامل ہیں۔ کالج پرنسپل ڈاکٹرپی کے شرما،اورکالج کی سپورٹس کمیٹی کے کنوینرپروفیسرسویتاجموال، ٹیم انچارج پروفیسر شری کانت اورفزیکل ڈائریکٹر ملک اعجازاقبال نے کامیابی حاصل والے کھلاڑیوں کومبارکبادپیش کرتے ہوئے ان کے شاندارمستقبل کی تمناکااظہارکیا۔
تنائوسے نجات کیلئے روحانی سکون کاحصول لازمی:دلائی لامہ
جموں کشمیرمیںتشدداورافراتفری کوپریشانیوں کاسبب قراردیا
جموں//تبت کے روحانی پیشوا اور14ویں دلائی لامہ زین یاسترونے عوام سے کہاہے کہ وہ ذہنی تنائو اورمشکل صورت حال سے نمٹنے کیلئے روحانی سکون حاصل کرنے کی کوشش کریں۔میڈیاافرادسے بات چیت کرتے ہوئے یہاں جموں میںدلائی لامہ نے کہاکہ سبھی انسان ایک جیسے ہیں اس لیے ایک پرسکون زندگی بسرکرنے کیلئے تشددکوترک کرکے روحانی حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ انسانی ضروریات یکساں ہیں اورہرشخص ذہنی سکون چاہتاہے ۔ دلائی لامہ 18مارچ 2018کو سنٹرل یونیورسٹی کی جموں کی پہلی کانووکیشن سے شرکت کرکیلئے یہاں جموں پہنچے ہیں ۔دلائی لامہ نے اپنے پیغام میں کہاکہ ’’میں جموں وکمشیرکے لوگوں کے ساتھ ہوں اور میری دعا ہے کہ یہاں امن وامان جلدلوٹ آئے اوریہاں کے عوام کوسکون اورخوشیاں نصیب ہوں۔ انہوں نے کہاکہ انسان کی زندگی کے لئے ذہنی سکون کاہونالازمی ہے۔تشدداورافراتفرقی سے انسانی زندگی میں سوائے پریشانی اورمصائب کے اورکچھ بھی حاصل نہیں ہوتاہے۔
این ایچ پی سی کے زیراہتمام طبی کیمپ کاانعقاد
جموں//این ایچ پی سی سیوا ۔II کی طرف سے ضلع کٹھوعہ کے بنی بلاک میں ایک طبی کیمپ منعقدکیا گیاکیمپ میں بناڈ ،کھلگرام ، کھادی کاردو ودیگرگائوں کے لوگ مستفید ہوئے۔کیمپ کا افتتاح این ایچ پی سی کے جنرل منیجر راجن کمار نے چیف انجینئر این ایچ پی سی اور پنچایت پردھان کی موجودگی میں کی۔کیمپ میں مفت طبی جانچ کے علاوہ لوگوں کومفت ادویات بھی دی گئیں۔اس موقعہ پر زیادہ تر عورتوں نے اپنی طبی جانچ کروائی۔جنرل منیجر نے لوگوں کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ یہ کیمپ لوگوں کو فایدہ پہنچانے کے لئے قائم کیا گیا ہے ۔
عبدالغنی وکیل کامحکمہ سماجی بہبودکی کارکردگی پراظہارعدم اطمینان
جموں// جموں کشمیر بچائو تحریک کے صدر اور سابق وزیر عبدالغنی وکیل نے ایک بیان میں محکمہ سماج و بہبود کی کارکردگی کوغیرتسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہاکہ محکمہ کی طرف سے چلائی گئی مختلف سکیموں کے فوائد غریب عوام تک نہیں پہنچ رہے ہیں۔آنگن واڑی ورکرس اور ہلپر کئی مہینوں سے احتجاج پر ہیں، تنخواہیں واگزار نہیں کی جا ررہی ہے لیکن سرکار کو ٹس سے مس نہیں ہوتی ہے۔ دو سال قبل سرکار نے جموں کشمیر کے لئے تین ہزار آنگن واڑی سنٹروں کی منظوری دی ہیں لیکن ابھی تک سنٹروں کو قائم نہیں کیا گیا۔وکیل نے کہا میرے دور اقتدار میں ساڑے چھ ہزار سنٹر قایم کئے گئے اور ساڑے تیرہ ہزار بچیوں کو روزگار فراہم ہوا۔ عبدالغنی وکیل نے کہا کہ المیہ یہ ہے کہ مرکزی سرکار نے ۳۰۰ کروڑ کی رقم آنگن واڑی سنٹروں پر غریب بچوں کے لئے کھانے پینے کا سامان خریدنے کے لئے واگزار کئے ہیں لیکن ابھی تک ریاستی سرکار نے کسی قسم کی خریدوفروخت نہیںکی ہے اس طرح اندیشہ ہے تین سو کروڑلیپس ہو سکتے ہیں۔عبدالغنی وکیل نے وزیر اعلیٰ سے اپیل کی ہے کہ وہ خود محکمہ سماج و بہبود کو بچانے کے لئے مداخلت کریں کیوں کہ غریب عوام کا پیسہ استعمال نہیں ہو رہا ہیںاور ان بزرگوں ،بیوائوںاور یتیموں کو بھی انصاف دلایا جائے جو کئی مہینوں سے پنشن سے محروم ہیں۔
نوراتروں اور نو رہ کے موقعہ پر
گورنراوروزیراعلیٰ اورنیشنل کانفرنس کی عوام کومبارکباد
جموں//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے نوراتروں اور نو ریہ کے موقعہ پر ریاستی عوام کو مبارک باد دی ہے۔ وزیرا علیٰ نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اس طرح کے تہواروں کے دوران ہمیں اپنے گناہوں کی معافی طلب کرنے کا موقعہ ملتا ہے۔وزیر اعلیٰ نے اُمید ظاہر کی ہے کہ یہ دو تہوار ریاست میں امن، اخوت، روا داری، ترقی و خوشحالی کا پیغام لے کر آئیں۔علاوہ ازیںگورنر این این ووہرا نے نواتروں اور نو ریہ کے موقعہ پر ریاستی عوام کو مبارک باد دیتے ہوئے اُن کی ترقی اور خوشحالی کی دُعا کی ہے۔اپنے ایک پیغام میں گورنر نے کہا کہ نواتروں کو ریاست کے لئے ایک خصوصی اہمیت حاصل ہے کیوں کہ لاکھوں کی تعداد میں شردھالؤ ان ایام کے دوران شری ماتا ویشنو دیوی کے پوتر استھاپن پر حاضری دیتے ہیں۔گورنر نے تمام کشمیری پنڈتوں کو بھی مبار ک باد دی ہے جو نوریہ کو نئے سال کی شروعات کے طور پر مناتے ہیں۔گورنر نے دُعا کی کہ یہ دِن ریاست میں امن، اخوت، بھائی چارے اور ترقی کی ایک نئی نوید لے کر آئے۔دریں اثناصدرِ جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے نوراترہ اور نورے کے موقعے پر ہندو برادری کو مبارکباد دی ہے ۔انہوں نے کشمیری پنڈتوں کو بھی مبارکباد دی جو اس دن کو نورے کے دن کے طور مناتے ہیں اس کے علاوہ نئے سال کی شروعات اور موسمِ بہار کی بھی شروعات اسی بڑے دن سے ہوتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ پوتر دن ہم آہنگی ، بھائی چارے ، امن ، ترقی اور خوشحالی کا ایک نیا پیغام لے کر آئے گا۔پارٹی کے لیڈران دیوندر سنگھ رانا، ایڈوکیٹ رتن لعل گپتا ،سابق وزیر اجے سدھوترا،سابق ممبران قانون سازیہ بھوشن لال بھٹ نے بھی مبارکباد پیش کی ہے۔
گورنر کا ڈی سی رینہ کے ساتھ اظہاریکجہتی
جموں//گورنر این این ووہرا نے ڈی سی رینہ ممبر شری امر ناتھ جی شرائین بورڈ کی اہلیہ کی وفات پر دُکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔اپنے ایک تعزیتی پیغام میں گورنر نے سوگوار کنبہ کے ساتھ ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے آنجہانی کی آتما کی شانتی کے لئے دُعا کی۔
موجودہ حکومت نے گاندھی نگرحلقے کا ترقیاتی منظرنامہ تبدیل کیا: کویندر گپتا
جموں//جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر کویندر گپتا نے کہا ہے کہ حکومت نے ریاست کے تینوں خطوں میں جامع ترقی کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے ہیں تا کہ عوام کو بہتر بنیادی سہولیات دستیاب ہوسکیں۔سپیکر موصوف آج چٹھہ میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ مرکز کی فراخدلانہ امداد اور ریاستی حکومت کی جامع کوششوں کی بدولت کئی اہم پروجیکٹ ہاتھ میں لئے گئے جن میں سے کئی ایک کو مکمل کر کے عوام کے نام وقف کیا گیا۔سپیکر نے اس موقعہ پر گاندھی نگر حلقہ میں ہاتھ میں لئے گئے ترقیاتی پروجیکٹوں کا تفصیلی خاکہ پیش کیا۔ ا نہوں نے کہا کہ جیون نگر میں 5.28 کروڑ روپے کی لاگت سے ایک پارک تعمیر کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گنگیال میں200 بستروںوالا راجیو گاندھی ہسپتال مکمل کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں حلقہ میں290 ٹرامسفارمر نصب کئے گئے ہیں۔انہو ںنے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ لوگوں کے مسائل کو کم سے کم مدت میں حل کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات اُٹھائیں۔
گُنی کی واٹر سپلائی سکیم کا معائنہ
لال سنگھ کاقدرتی آبی وسائل کو تحفظ دینے پرزور
کٹھوعہ//حلقہ انتخاب بسوہلی کے ہٹلی گاؤں میں پینے کے پانی کی کمی سے نمٹنے کا ذکر کرتے ہوئے جنگلات و ماحولیات کے وزیر چودھری لال سنگھ نے آج گُنی کے واٹر سپلائی سکیم کا معائنہ کیا اور متعلقین کو ہدایت دی کہ وہ علاقے کے لوگوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کریں۔سکیم کے جائیزے کے دوران لال سنگھ نے فلٹریشن پلانٹ کی موجودہ حالت کا معائنہ کیا۔تمام علاقوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کے حکومت کے عزم کو دہراتے ہوئے وزیر نے کہا کہ اس سلسلے میں تمام تر ممکنہ کوششیں کی جارہی ہیں اور پینے کے پانی کی تمام سکیموں کو چالو کرنے اور انہیں بہتر بنانے کے لئے ضروری سازو سامان اور رقومات خرچ کی جارہی ہیں۔وزیر نے اس موقعہ پر افسروں کو ہدایت دی کہ وہ علاقے کی تمام چھوٹی اور بڑی واٹر سپلائی سکیموں کی کارکردگی کا ازخود نگرانی کریں اور انہیں مکمل کرنے کے لئے فوری اقدامات اُٹھائیں۔قدرتی آبی وسائل کو تحفظ دینے پر زور دیتے ہوئے وزیر موصوف نے اے سی ڈی کٹھوعہ کو ہدایت دی کہ وہ تمام تالابوں اور پانی کے قدرتی ذخائیر کو محفوظ رکھنے کے لئے ایک منصوبہ تیار کریں تا کہ موسم گرما کے لئے پانی محفوظ رکھا جاسکے۔کنزرویٹر ایسٹ سرکل خواجہ قمر الدین، اے ڈی سی راجیو کھجوریہ، سی ای او، آر ٹی او، ڈی ایف اوز، ڈی وائی ایس ایس او، انجنئیر ساحبان، ضلع انتظامیہ کے افسران بھی وزیر موصوف کے ہمراہ تھے۔
ذوالفقار کی مرکزی وزیربرائے قبائلی امورسے ملاقات
نئی دہلی//قبائلی امور کے وزیر چوہدری ذوالفقار علی نے مرکزی وزیر برائے قبائلی امورjual oram سے ملاقات کی اور انہیں ریاستی قبائلی قوم سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا جن میں تعلیمی سہولیات سرفہرست تھیں۔وزیر نے کہا کہ ریاستی قبائل جموں وکشمیر کی کُل آبادی کا12 فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے پہلے ہی شیڈول ٹرائب طبقے کی بہبودی کے لئے کئی اقدامات اُٹھائے ہیں لیکن وسائل کی عدم دستیابی کی وجہ سے ابھی تک بہتر نتائج سامنے نہیں آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قبائلی آبادی کو پینے کے صاف پانی، بجلی، تعلیمی سہولیات اور طبی نگہداشت جیسی سہولیات پوری طرح دستیاب نہیں ہیں اس لئے مرکزی حکومت کی فوری مداخلت کی اشد ضرورت ہے تا کہ تمام بنیادی سہولیات اس طبقے کو فراہم کی جاسکیں۔چوہدری ذوالفقار علی نے کہا کہ قبائلی آبادی ریاست کے تینوں خطوں میں بکھری پڑی ہے۔ اس لئے اُن کے لئے ریاست کے ہر خطے میں سینٹر آف ایکسی لینس قائم کرنے کی اہم ضرورت ہے تا کہ اس آبادی کے بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کی جاسکے۔ذوالفقار نے ریاست کے ہر ضلع میں وکیشنل ٹریننگ سینٹر قائم کرنے کا مطالبہ کیا۔مرکزی وزیر نے ذوالفقار علی کے مطالبات بغور سُنے اور انہیں یقین دلایا کہ مرکزی حکومت ان مطالبات کو پورا کرنے کے اقدامات کرے گی۔
حکومت ریاست کی کلہم ترقی یقینی بنانے کی وعدہ بند:ڈاکٹرنرمل
جموں//نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے کہا ہے کہ حکومت ریاست کی کلہم ترقی کو یقینی بنانے کی وعدہ بند ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں تمام تر اقدامات جاری ہیں اور لوگوں کو معیاری بنیادی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ ایجنسیوں کو ہدایت جاری کی گئی ہیں کہ وہ مختلف سیکٹروں میں شروع کئے گئے کئی فلیگ شِپ اقدامات کو بروقت مکمل کریں۔ڈاکٹر سنگھ کئی وفود سے بات چیت کر رہے ہیں جو ان سے ملنے اور انہیں اپنے درپیش مسائل سے با خبر کرنے کے لئے آئے تھے۔یہ وفود کٹھوعہ، راجوری، رام بن، اننت ناگ، بڈگام، پونچھ، کشتواڑ اور ریاست کے دیگر علاقوں سے آئے تھے۔ایم ایل اے بنی جیون لال بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔نائب وزیر اعلیٰ نے موقعہ پر ہدایات جاری کیں کہ لوگوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں۔
’جموں وکشمیرمیںپیشہ ورطبی ماہرین پر تشدد‘موضوع پرسیمینار
حکومت ڈاکٹروں کو مناسب سیکورٹی فراہم کرے گی: پون کوتوال
جموں//صحت و طبی تعلیم کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر پون کوتوال نے کہا ہے کہ حکومت ڈاکٹروں کو اپنے فرائض انجام دیتے وقت مناسب سیکورٹی فراہم کرے گی۔ڈاکٹر کوتوال نے ان باتوں کا اظہار ’’وائلنس ایگینسٹ ہیلتھ کئیر پروفیشنلز اِن جے اینڈ کے‘‘ کے موضوع پر منعقدہ ایک پروگرام کے افتتاح کے دوران کیا جس کا اہتمام آئی آئی پی اے اور اے ایچ اے نے مشترکہ طور کیا تھا۔لیبر کمشنر اور سیکرٹری انفارمیشن ڈاکٹر عبدالرشید، سیکرٹری آئی آئی پی اے جموں انجنئیر جے پی ایس جوہر، سابق سیکرٹری ہیلتھ اور اے ایچ اے جموں کے سرپرست ڈاکٹر وی پی گپتا، رجسٹرار اکیڈیمکس جی ایم سی جموں ڈاکٹر یش پال شرما نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ڈائریکٹوریٹ ہیلتھ سروسز، جی ایم سی جموں، اے ایس سی او ایم ایس، طبی ماہرین، جوڈیشری، پولیس ، میڈیا اور بیورو کریسی سے وابستہ افراد بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔اپنے خطاب میں کوتوال نے کہا کہ طبی ماہرین کے ساتھ تشدد تبھی ہوتا ہے جب ایک شخص جذبات کے عالم میں پریشان ہوتا ہے بالخصوص آؤٹ پیشنٹ ڈیپارٹمنٹ میں ایسے واقعاے انجام پاتے ہیں جہاں مریضوں کا رش زیادہ ہوتا ہے۔کوتوال نے کہا کہ حکومت ریاست میں تمام سطحوں پر طبی سہولیات میں بہتری لانے کی کوششیں کر رہی ہے تا کہ مریضوں کے رش سے نپٹتے ہوئے انہیں بہتر طبی نگہداشت فراہم کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک ڈاکٹروں اور ہسپتال کی جائیداد کے تحفظ کا سوال ہے تو اس مقصد کے لئے با ضابطہ ایک قانون وضع کرنا ہوگا۔