بھیم سنگھ کی پوتن اور مہاتیر محمد کو مبارکباد
جموں//نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلی پروفیسر بھیم سنگھ نے مسٹر ولادیمیر پوتن کو روس کا چوتھی مرتبہ صدر منتخب ہونے اور مہاتیر محمد کو 92برس کی عمر میں ملائشیا کا وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔پروفیسر بھیم سنگھ نے مسٹر پوتن کو تحریرکردہ ایک مبارکبادی خط میں کہا کہ آئندہ چھ برسوں کے لئے چوتھی مرتبہ روس کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کے دور اقتدار میں ہندستان اور روس کے مابین تعاون اور تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔انہوں نے خط میں کہاکہ میں ہندستان کے عوام کی طرف سے آپ کو شاندار فتح کے لئے مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ انہوں نے مسٹر پوتن کی جیت پر اعتماد کا اظہار کیا کہ ان کے (مسٹر ولادیمیر پوتن) کے دور اقتدار میں روس بین الاقوامی امن ، تخفیف اسلحہ اور بھائی چارہ کے اپنے پیغام کومغرب سے مشرق تک پھیلانے میں کامیاب رہے گا۔پروفیسر بھیم سنگھ نے ملائشیا کے وزیراعظم مہاتیربن محمد کے نام ایک دیگرخط میں کہا کہ انہیں 92 برس کی عمر میں بیلٹ پیپر کے ذریعہ ملائشیا کا وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد ۔ انہوں نے خط میں کہا کہ آپ کی یہ شاندار جیت جمہوری انتخابات کی تاریخ میں سنگ میل ہے۔ آپ کی 92برس کی عمر میں یہ جیت دنیا کی نوجوان نسل کے لئے عظیم پیغام ہے خواہ ہندستان کے ہوں، برطانیہ کے ہوں یا دیگر جمہوری ملک کے۔ آپ کی اس عمر میں ملائشیا کے وزیراعظم کے طورپر سرگرم سیاست میں واپسی سے پوری دنیا خاص طورپر اسلامی ممالک کی نوجوان نسل کو ایک خاص پیغام جاتا ہے جو بین الاقوامی مین اسٹریم میں شامل ہونے کے لئے جدوجہد کررہے ہیں۔پورے ہندستان کی طرف سے آپ کی کامیابی کے لئے نیک خواہشات پیش کی ہیں۔
اردو یونیورسٹی کے روزگار مرکوز کورس سوشل ورک میں داخلے جاری
حیدرآباد// ماسٹر آف سوشل ورک، عصری تعلیمی نظام کا ایک معروف پیشہ ورانہ کورس ہے۔ اس کی منفرد خصوصیت یہ ہے کہ کمرۂ تدریس کے علاوہ اس کا درس و اکتساب فیلڈ ورک تربیت پر مشتمل ہے۔ کورس کے تحت طلبہ کو سرکاری، غیر سرکاری اور دیگر مقامات پر وسیع فیلڈ ٹریننگ دی جاتی ہے۔اس کورس کے فارغین کے لیے روزگار کے وافر مواقع ہیں جس کی وجہ سے اس کی مقبولیت میں خاصا اضافہ ہوا ہے۔ سوشل ورک کے پیشہ ور افراد کی سرکاری اداروں کے فلاحی شعبوں، غیر سرکاری اداروں، کمپنیوں، اسپتالوں، اسکولوں اور دیگر میدانوں میں ضرورت ہوتی ہے۔گذشتہ چند برسوں سے شعبۂ سوشل ورک، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، حیدرآباد میں اردو ذریعہ سے نہایت معمولی فیس پر پی ایچ ڈی اور ایم ایس ڈبلیو کورس چلائے جارہے ہیں۔ کمرۂ تدریس اور فیلڈ ورک کے علاوہ اسکل لیب کے ذریعے طلبہ کو مختلف با معنی سرگرمیوں میں مصروف کیا جاتا ہے۔ اس سے ان کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوتا ہے اور ان کی سمت سازی میں مدد ملتی ہے۔ شعبہ کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ ایم ایس ڈبلیو کورس کے اختتام تک تقریباً طلبہ کو مقامی اور قومی سطح کے اداروں میں ملازمت مل جاتی ہے۔ انہیں ابتدائی دور میں اوسطاً 20 تا 25 ہزار روپئے تنخواہیں ملتی ہیں لیکن ان کی مسلسل سخت محنت کے باعث اس میں تیزی سے اضافہ ہوتا ہے۔ کورس کے دوران اور آخری سمسٹر کے بعد طلبہ کو 2 مہینے کے لیے کسی معروف ادارے میں انٹرن شپ کرنا ضروری ہوتا ہے۔ کئی طلبہ کو ان کے متعلقہ ادارے ہی نوکری کی پیشکش کرتے ہیں۔ یونیورسٹی کے کامیاب طلبہ حیدرآباد کے مائی چوائس، صفا سوسائٹی، پرتھم، میجک بس اور دیگر اداروں میں برسرکار ہیں جبکہ کئی طلبہ کا دیگر ریاستوں میں پیرامل فائونڈیشن، این اے ایس وی آئی، سیو دی چلڈرن (Save the Children)، کیئر، پی آر وائی اے ایس، ہیلپ ایج انڈیا، اے آئی آئی ایم ایس وغیرہ اداروں میں اہم عہدوں پر تقرر ہوا ہے۔ کئی طلبہ جنہیں اس کورس کے باعث روزگار حاصل ہوا ہے اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ کس طرح شعبہ میں حاصل کی گئی تعلیم ان کی ذمہ داریوں کو بہتر انداز میں نبھانے میں معاون ثابت ہوئی ہے۔ ان کورسز میں آن لائن داخلے دیے جارہے ہیں۔ پی ایچ ڈی کے لیے آخری تاریخ 15؍ مئی ہے جبکہ ایم ایس ڈبلیو میں 9؍ جولائی تک داخلہ دیا جائے گا۔ خواہش مند طلبہ شعبہ، کورس کا نصاب اور دیگر معلومات کے لیے یونیورسٹی ویب سائٹ www.manuu.ac.in لاگ آن کرسکتے ہیں۔
پروفیسرشہاب عنایت ملک جولائی میں یورپی ممالک کے دورہ کیلئے مدعو
جموں//اُردومرکزلندن اورہیومن ویلفیئرجرمنی نے صدرشعبہ اُردوجموں یونیورسٹی پروفیسرشہاب عنایت ملک کوجرمنی،برطانیہ اورسپین میں مختلف کانفرنسوں،سیمیناروں ،مشاعروں ،سمپوزیم ودیگرقسم کی ادبی تقریبات میں شرکت کی دعوت دی ہے۔پروفیسرشہاب عیانت ملک 5جولائی سے 14 جولائی کے دوران مذکورہ ممالک کادورہ کریں گے ۔6اور7جولائی 2018کوپروفیسرشہاب عنایت ملک فرانک فورٹ میں گوئٹے اوراقبال (شاعری اورفلاسفی) موضوع پر کانفرنس میں حصہ لیں گے جبکہ 8جولائی کو موصوف گوئٹے میوزم اورگوئٹے یونیورسٹی فرینکورٹ کادورہ کریں گے،اس کے بعد9جولائی کو ہیڈل برگ میں ایک شعری پروگرام کے ایک اجلاس کی صدارت کرنے کے بعد12اور13جولائی کو کورڈوباسپین میںشعری پروگرام کے ایک دیگراجلاس کی صدارت کریں گے۔ان پروگراموں کاانعقاد اُردومرکزلندن اور ہیومن ویلفیئرایسوسی ایشن جرمنی نے یورپ میں اُردوبولنے والے لوگوں کی ثقافتی اوراکیڈمک بہبودکے سلسلے میں کیاجارہاہے۔قابل ذکرہے کہ پروفیسرشہاب عنایت ملک ایک معروف ادیب ہیں اوراب تک دودرجن سے زائدکتابیں تصنیف کرچکے ہیں۔ موصوف ریاست جموں وکشمیرمیں اُردوکی ترقی کیلئے کافی متحرک ہیں اوراب تک متعددقومی اوربین الاقوامی سیمیناروں میں شرکت کرنے کے علاوہ ملکی سطح پرمنعقدہ سینکڑوں سیمیناروں کے اجلاسوں کی صدارت بھی کرچکے ہیں۔پروفیسرشہاب عنایت ملک بہترین منتظم کے طورپرجانے جاتے ہیںاورموصوف ملک کی مختلف ادبی وثقافتی تنظیموں کے ساتھ وابستہ ہیں ۔فی الوقت پروفیسرشہاب عنایت ملک رساجاودانی میموریل لٹریری سوسائٹی کے صدر، ممبراُردوکونسل جے اینڈکے اکیڈمی آف آرٹ کلچراینڈلنگویجز،ممبر جے اینڈکے اُردوکونسل برائے فروغ اُردوزبان، ممبر قومی کونسل برائے فروغ اُردوزبان نئی دہلی ،وزارت فروغ انسانی وسائل ، ممبر بورڈ آف سٹڈیزاِن اُردوپنجاب یونیورسٹی چندی گڑھ، ممبربورڈ آف سٹڈیزاِن اُردوچندی گڑھ یونیورسٹی،ممبربورڈآف سٹڈیزاِن اُردوپنجاب یونیورسٹی پٹیالہ اورکشمیریونیورسٹی سرینگر ہیں۔پروفیسرشہاب عنایت ملک اُردوکے بے باک کالم نویس بھی ہیں اورآئے روز اُردواخبارات میں سیاسی وسماجی موضوعات پران کے مضامین چھپتے رہتے ہیں۔حال ہی میں پنجاب اُردویونیورسٹی مالیرکوٹلہ نے پروفیسرشہاب عنایت ملک کومحبِ اُردوایوارڈسے نوازا۔اس سے قبل پروفیسرشہاب عنایت ملک سال 2006 میں پگواش کانفرنس کے سلسلے میں پاکستان کادورہ بھی کرچکے ہیں۔
۔450جعلی بندوق لائسنس ضبط، دوگرفتار
جموں//پولیس نے جموں کے نواحی علاقہ میں واقع ایک دکان سے مبینہ طورپرجعلی بندوق لائسنس تیارکرنے والے دوافرادکوگرفتارکیاہے۔پولیس ذرائع کے مطابق ونوداورراجوکے قبضے سے 450سے زائد جعلی گن لائسنس برآمدکئے ہیں جنھیں ضبط کیاگیاہے۔ایک پولیس آفیسرنے بتایاکہ جعلی بندوق لائسنس تیارکرنے کے ریکٹ کابھانڈاپھوڑدیاہے اورلائسنسوں کوضبط کرکے ملزمان کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت معاملہ درج کرکے مزیدتحقیقات شروع کردی ہے۔
ڈسٹرکٹ لیول ٹاسک فورس کمیٹی کااجلاس
ڈی سی سانبہ نے 75کیسوں کومنظوری دی
سانبہ//ضلع ترقیاتی کمشنر سانبہ راجندرسنگھ تارا نے ڈسٹرکٹ لیول ٹاسک فورس کمیٹی کی میٹنگ کی صدارت کی ۔اس دوران میٹنگ میں 5.25کروڑروپے کے 75کیسوں کومنظوری دی گئی ۔میٹنگ کے دوران ضلع ترقیاتی کمشنرنے بے روزگارنواجوں کو سکیموں سے متعلق زیادہ سے زیادہ جانکاری فراہم کرنے پرزوردیا تاکہ وہ روزگاریونٹ قائم کرکے اپناروزگارکماسکیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت کامقصد ہے کہ بے روزگارنوجوانوں کوروزگاریونٹ قائم کرنے کیلئے قرضہ دیاجائے ۔انہوں نے کہاکہ حکومت نوجوانوں کواپنے قدموں پرکھڑاکرنے کی متمنی ہے۔انہوں نے فائنانس کے سلسلے میں بنکوں کے رول کی بھی ستائش کی۔اس دوران میٹنگ میں اے ڈی سی تلک راج شاستری، سی پی او،جی ایم ڈی آئی سی ،پرنسپل آئی آئی ٹی ، کے وی آئی بی اورکے وی آئی سی کے آفیسران اوربنکوں اورایس سی /ایس ٹی کارپوریشن کے ممبران بھی موجودتھے۔
جموں مسلم فرنٹ کی ماہ رمضان میں سیزفائرکی تائید
جموں//جموں مسلم فرنٹ کے صدرقاضی عمران اورجنرل سیکریٹری محمدحسین ملک نے وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کی طرف سے ماہ رمضان کے دوران امن بحال رکھنے کیلئے جنگ بندی کی تجویزکی ستائش کرتے ہوئے اس کی تائیدکی۔فرنٹ کے لیڈران نے کہاکہ اگرجموں وکشمیرحکومت ایساکرتی ہے تویہ قابل ستائش قدم ہوگا۔انہوں نے رمضان کے مہینے کے دوران امن کویقینی بنانے اورٹورزم انڈسٹری کوبحال کرنے کیلئے سیزفائرلازمی ہے۔فرنٹ کے چیئرمین شجاع ظفرنے سیکورٹی فورسزاورپولیس سے اپیل کی کہ وہ احتیاط برتیں ۔انہوں نے کشمیرمیں قتل عام کوافسوسناک قراردیاتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ امن بحال کرنے میں تعاون دیں۔
ادہم پورانتظامیہ کی محکمہ پی ایچ ای کو پانی کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت
جموں//ضلع ترقیاتی کمشنر ادہم پور رویندرکمارنے محکمہ پی ایچ ای کے آفیسران کے ساتھ میٹنگ منعقدہ کرکے ضلع کے مختلف علاقوںمیں موسم گرمامیں پانی سپلائی کے انتظامات کاجائزہ لیا۔اس دوران محکمہ پی ایچ ای کوضلع ترقیاتی کمشنرنے ہدایت دی کہ تمام تردوردرازوشہری علاقوں میں پانی کی دستیابی کویقینی بنانے کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائے جائیں۔انہوں نے کہاکہ تمام تروسائل کوبروئے کارلایاجائے تاکہ لوگوں کوموسم گرماکے دوران پانی کی قلت کاسامنانہ کرناپڑے۔اس سلسلے میں پانی سے متعلق شکایات کرنے کیلئے 9419161398, 9419161148نمبرات پی ایچ ای سب ڈویژن ادہم پوراورپی ایچ ای سب ڈویژن رام نگرکیلئے 9419161837, 9419190625اور پی ایچ ای سب ڈویژن چہنینی کیلئے 9419150400, 9419169298کی ہیلپ لائن بھی جاری کی۔اس دوران میٹنگ میں چیف پلاننگ آفیسر اشوک کھجوریہ، ایس ای ہائیڈرالک سرکل، اشونی آنند،ایگزیکٹیوانجینئرپی ایچ ای ڈویژن اشوک شرما، ایگزیکٹیوانجینئر پی ایچ ای مکینکل ڈویژن سنجے شرما، اے ڈی پلاننت درشن کمارکے علاوہ متعلقہ محکمہ کے دیگراہلکاران بھی موجودتھے۔
اے ٹی ایم دھوکہ بازوں کا گروہ بے نقاب ،ایک گرفتار
جموں //پولیس نے جمعہ کے روز اصل اے ٹی ایم کارڈ وں کو جعلی کارڈوں کے ساتھ تبدیل کرنے اور ریاست جموں و شکمیر کے سانبہ ضلع کے بینک کھاتہ داروں کے کھاتوں سے رقم نکالنے والے ایک بین ریاستی فریبی گروپ کو بے نقاب کرکے ایک ممبر کو گرفتار کرنیکا دعویٰ کیا ہے ۔پولیس کے مطابق گُذشتہ روز پولیس نے سادہ کپڑوں میں ملبوس پولیس اہلکاروں نے دنیش کمار کو گرفتار کیا ،جنھیں گُذشتہ کئی مہینوں سے ایسے وارداتوں کی شکایات کے بعد اے ٹی ایموں کے نزدیک سول ڈریس میں تعینات کیا گیا تھا۔پولیس نے دینش کمار سے مختلف بینکوں کے. 18اے ٹی ایم کارڈ بھی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔مبینہ ملزم کو گیس ایجنسی سانبہ کے نزدیک پنجاب نیشنل بینک کے ایک اے ٹی ایم سے اُس وقت گرفتار کیا جب وہ ایک شخض کاکا رام کو دھوکہ دینے کی کوشش کر رہا تھا ،جو اے ٹی ایم میں نقدی نکالنے کے لئے گیا تھا۔پولیس کے مطابق کمار نے اس گروپ کا انکشاف کیا جو گاہکوں کو رقم نکالنے میں مدد کرنے کے ساتھ ہی اسکا پن نمبر نوٹ کرتے تھے اور گاہکوں کے اے ٹی ایم کارڈ اُسی رنگ کے جعلی کارڈ کے ساتھ بدلتے تھے۔ بعدازاں ، وہ ان کارڈوں کا استعمال گاہکوں کے کھاتوں سے رقم نکالنے میں کرتے تھے۔ پولیس نے سانبہ پولیس اسٹیشن میں مبینہ ملزم کے خلاف متعلقہ دفعہ جات کے تحت معاملہ درج کیا ہے اور گروہ کے دیگر ممبران کی تلاش شروع کر دی ہے۔