پنتھرز کارکنان کا اجلاس منعقد
پونچھ// ضلع پونچھ کے دور دراز علاقوں کے متعدد نوجوانوں کا پنتھرز پارٹی میں شمولیت کادعویٰ کیاگیا ہے۔یہاںجاری پریس بیان کے مطابق اس سلسلہ میں منعقدہ تقریب جس کی قیادت ریاستی سیکریٹری زور آور سنگھ شہباز کر رہے تھے ،میںنوجوانون کو ہار پہنا کر پارٹی میں شامل کیاگیا۔اس موقعہ پر پارٹی کے نائب صدر ٹھاکر رام سنگھ، جنرل سیکریٹری سرجیت سنگھ کوچھڑ ،ضلع ترجمان چندر شیکھر، ضلع سیکریٹری قاضی محمد رزاق، ضلع پریس سیکریٹری محبوب نواز نے کہا کہ ریاستی سرکار کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے عوام موجودہ مخلوط سرکار سے تنگ آچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ بے روزگاری، مہنگائی اور مسلکی لڑائی کی وجہ سے پورے ملک کی طرح ریاست جموں و کشمیر میں بھی لوگ پریشا ن ہیں۔ شہباز نے کہا کہ سرکا نوجوانوں کو دو وقت کی روٹی نہیں دے پا رہی ہے اور نہ ہی بہتر ملازمت ،یہی وجہ ہے کہ تنگ آ کر ان نوجوانوں نے پینتھرز پارٹی کا دامن تھاما ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکار نے جن مدعوںپر الیکشن لڑا تھا،اُن کو پورا کرنے میںوہ ناکام ثابت ہو رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ نہ تو دفعہ 370کو ہٹایاگیا اور ہی اُس میں ترمیم کی گئی اورجموں کو الگ ریاست بنانے پر بھی سرکار نے کوئی قدم نہیں اُٹھایا اور نہ ہی بھارت میں ہر سال دو کروڑ لوگوں کو نوکریاں دی گئیں ۔انہوں نے کہا کہ کالا دھن باہر کے ملکوں سے واپس نہیں لایا گیااور نہ ہی سرحدی عوام کی پریشانیوں کوحل کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ بہوئوں، بیٹیوں اور بہنوں کی حفاظت کیلئے بھی اقدامات نہیں کئے گئے ۔اس دوران کرن جیت سنگھ کھجوریہ کو پونچھ سٹی کاصدر نامزد کیاگیا۔
ضلع راجوری میں پٹواریوں کے احتجاجی دھرنے
منیر خان
منیر خان
راجوری // پٹوار ایسوسی ایشن راجوری نے احتجاجی دھرنے دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریاستی سرکار کو چاہئے کہ وہ ان کی جائز مانگیں پوری کرے۔تحصیلدار دفتر راجوری کے باہر دھرنے پر بیٹھے پٹواریوںسے خطاب کرتے ہوئے تنظیم کے ضلع صدر افتخار مرزا نے کہا کہ ان کے مطالبات جن میں پے گریڈ24سو سے بڑھاکر 28سوکرنا اور پٹوارخانوں کا کرایہ مختص کرناقابل ذکر ہیں ، کو فی الفور پورا کیاجائے ۔ انہوں نے کہا کہ ان پٹواریوں کو فوری طور پر ترقی دی جائے جو ترقی کے اہل ہوچکے ہیں ۔ان کاکہناتھا کہ براہ راست نائب تحصیلدار بھرتی پر مکمل پابندی عائد کی جائے اور گرداورں سے ہی نائب تحصیلدار بنائے جائیں۔ افتخار مرزا نے کہا کہ ریاستی سرکار کو چاہئے کہ وہ پٹوار ایسوسی ایشن کے مطالبات پورا کرے ۔ انہوں نے انتباہ دیاکہ اگر ان کے مطالبات پورے نہ ہوئے تو بڑے پیمانے پر احتجاج کیاجائے گا۔دریں اثناء نوشہرہ میں بھی پٹواریوں نے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی دھرنا دیا اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی ۔وہیں منجاکوٹ میں بھی پٹواریوںنے احتجاجی دھرنادے کر اپنے مطالبات کو اجاگر کیا ۔
محکمہ تعمیرات عامہ کے عارضی ملازمین کا احتجاج
منیر خان
منیر خان
راجوری //محکمہ تعمیرات عامہ میں عارضی بنیادوں پر کام کررہے ملازمین نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے سرکار سے مانگ کی کہ ان کی مستقلی کے احکامات جاری کئے جائیں ۔عارضی ملازمین نے ایگزیکٹوانجینئر محکمہ تعمیرات عامہ کے دفتر سے ریلی نکالی جوڈی سی دفتر پہنچی جس دوران ملازمین نے ڈپٹی کمشنر راجوری کو یاداشت بھی سونپی گئی ۔انہوں نے کہا کہ پچھلے کئی ماہ سے عارضی ملازمین کو جانسہ دیا جارہا ہے کہ انہیں جلد ہی مستقل کیا جائے گا تاہم ریاستی سرکار ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ لینے میں ناکام ثابت ہوئی ہے جو عارضی ملازمین کے لئے پریشانی کا باعث بنا ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی سرکار کو چاہئے کہ وہ جلد ہی عارضی ملازمین کی مستقلی پر اپنا فیصلہ سنائے ۔ اسی طرح سے نوشہر ہ میں بھی عارضی ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کیا ۔
رویندر رینہ کی نامزدگی پر کارکنان کا جشن
رمیش کیسر
نوشہرہ //ممبراسمبلی رویندر رینہ کے بھاجپا کے ریاستی صدر نامزد ہونے پر ان کے حلقہ نوشہرہ میں کارکنان نے جشن منایا ۔ پارٹی کارکنان نے خوشی مناتے ہوئے آپس میںمٹھائیاں تقسیم کیں اور ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کی۔اس دوران انہوںنے بازار سے ایک ریلی نکالی اور ڈھول باجے بجاکر مبارکباد پیش کی ۔ واضح رہے کہ پارٹی ہائی کمان کی باہمی مشاورت کے بعدامیت شاہ نے جموں وکشمیرمیں بھاجپاکی کمان رویندرریناکوسونپ دی گئی ہے۔خیال رہے سانحہ کٹھوعہ کے بعدکابینہ میں ہوئے ردوبدل کے بعدست شرماکوبھاجپاکوٹے سے وزارتی کونسل میں شامل کیاگیا۔رویندرریناسال2014میں نوشہرہ حلقہ سے پہلی مرتبہ ممبراسمبلی منتخب ہوئے ۔41 برس کے رویندر رینا سخت نظریات رکھتے ہیںاور وہ پاکستان کے خلاف اکثر بولتے رہتے ہیں۔ رویندر رینا بھارتیہ جنتا یووا مورچہ کے ریاستی صدر بھی رہ چکے ہیں۔
آنگن واڑی ورکروں کا احتجاجی مظاہرہ
رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ میں آنگن واڑی ورکروں وہیلپروں نے اپنے مطالبات کے حق میں حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ احتجاجی ریلی میں بڑی تعداد میں ورکر شریک تھیںجنہوںنے حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہاکہ ان کے جائز مطالبات کو پورا کیاجائے اورمشاہرہ میں اضافے کے ساتھ ساتھ سبکدوشی پر وہ تمام مراعات دی جائیں جو مستقل ملازمین کو دی جاتی ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ حکومت ان سے کام تو کرواتی ہے لیکن بدلے میں معمولی سا مشاہراہ ملتاہے ۔ واضح رہے کہ آنگن واڑٖی ورکر پچھلے کئی عرصہ سے اپنے مطالبات کے حق میں سراپا احتجاج ہیں۔
خواتین کی بیداری کا یک روزہ کیمپ
کوٹرنکہ //وومن ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی طرف سے کوٹرنکہ کے پنجنارہ علاقے میں خواتین کی بیداری کا ایک روزہ کیمپ منعقد کیاگیا ۔اس کیمپ کا اہتمام کارپوریشن کی ضلع منیجر نسرین گل نے کیا جبکہ ا س موقعہ پر عبدالرشید اور حاجی نذیر حسین مہمانان خصوصی کے طور پر موجود تھے ۔ اس موقعہ پر مقامی خواتین کو کارپوریشن کی طرف سے چلائی جارہی متعدد فلاحی سکیموں کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی اور ان پر زور دیاگیاکہ ان سکیموںسے فائدہ حاصل کرکے خواتین بااختیار و خود کفیل بنیں اور اپنا روزگار کمائیں۔اپنے خطاب میں نسرین گل نے کہاکہ کارپوریشن کے ساتھ جڑ کر ضلع راجوری کی بڑی تعداد میں خواتین روزگار کمارہی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ کارپوریشن کی طرف سے خواتین کو کم شرح سود پر قرضہ فراہم کیاجارہاہے اور انہیں تربیت فراہم کی جاتی ہے تاکہ وہ اپنا روزگار کمانے کے قابل بن سکیں۔انہوںنے خواتین پر زور دیاکہ وہ سکیموں کا فائدہ اٹھائیں۔
موٹرسائیکل کی ٹکر سے راہگیر زخمی
بختیار حسین
سرنکوٹ//سرنکوٹ ہاڑی محلہ کے مقام پر بعد دو پہر ایک موٹرسائیکل سوار نے سڑک کنارے کھڑے دوکاندارکو ٹکر مار دی جس سے وہ شدید زخمی ہواہے ۔ محمد تاج منہاس ولد علی محمد منہاس دوکاندار سڑک کے کنارے سے چل رہا تھا کہ اچانک موٹر سائیکل زیر نمبرJK02A-8353نے اسے زوردار ٹکر مار دی جس کی وجہ سے وہ سڑک پر گر پڑا۔اسے شدید زخمی حالت میں فوری طور پر مقامی لوگوں کی مدد سے سب ضلع ہسپتال سر نکوٹ پہنچایا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد اسے گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں منتقل کر دیا گیا ہے۔ سرنکوٹ پولیس نے موٹر سائیکل کے ڈرائیور عامر حسین شاہ ولد اقبال حسین شاہ کو گرفتار کر لیا ہے۔
کینسر مریض کی امداد پر ڈپٹی کمشنر کے تئیں اظہار تشکر
راجوری //جموں وکشمیر ہیومن ڈیولپمنٹ فائونڈیشن راجوری نے ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری کا کینسر مریض کے علا ج کیلئے امداد کے طور پر پچاس ہزار روپے دیئے جانے پر ان کا شکریہ ادا کیاہے ۔تنظیم کی طرف سے جاری بیان میں کہاگیاہے کہ ڈپٹی کمشنر دور افتادہ اور آج تک نظرانداز کئے گئے علاقوں کادورہ کرکے عوامی مسائل موقعہ پر ہی حل کررہے ہیں جو ایک قابل سراہنا بات ہے ۔ تنظیم کے چیئرمین سعید مغل نے کہاکہ انہوںنے گزشتہ دنوں گھمبیر مغلاں کا دورہ کرکے عوامی مسائل سنے اور ساتھ ہی تنظیم کی اپیل پر کینسر کے مریض کو امداد کے طور پر پچاس ہزار روپے کا چیک دیا ۔انہوںنے بتایاکہ اس پچاس ہزار روپے کے علاوہ پچیس ہزار روپے اس مریض کو تنظیم کی طرف سے بھی امداد فراہم کی گئی ہے ۔
جاوید مسرت سعودی عرب دورے پر
کنگ عبدالعزیز یونیورسٹی میں لیکچر دیا
راجوری //باباغلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری کے وائس چانسلر پروفیسر جاوید مسرت سعودی عرب کے دورے پر ہیںجہاںانہوںنے کنگ عبدالعزیز یونیورسٹی میں لیکچر دیا ۔’’Nanotechnology to Nanotoxicology at different tropic levels: a new paradigm‘‘اور’’disruptive technologies: Saudi vision 2030‘‘کے موضوعات پر انہوںنے توسیعی خطبے دیتے ہوئے کہاکہ سائنس اور ٹیکنالوجی کی مدد سے عالمی سطح پر زبردست تبدیلی رونما ہوئی ہے اور اس سے لوگوں کا معیار زندگی بھی بدل گیاہے ۔انہوںنے کہاکہ سعودی عرب کے وژن 2030کو حاصل کرنے کیلئے اختراعی اقدامات اپنانے کی ضرورت ہے اوراس تصور سے مملکت کی سماجی و اقتصادی ترقی میں تبدیلی رونما ہوگی ۔
منجاکوٹ میں طبی کیمپ کا اہتمام
پرویز خان
منجاکوٹ //منجاکوٹ میں ضلع ہیلتھ سوسائٹی راجوری کی جانب سے آر بی ایس کے اسکیم کے تحت طبی کیمپ منعقد کیا گیا۔اس دوران 18 سال سے کم عمر کے بچوں کی طبی تشخیص کی گئی اور 17سو سے زائد بچوں کاطبی معائنہ کرکے ان کو مفت ادویات فراہم کی گئیں۔یہ کیمپ ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری کی ہدایت پرمنعقد کیاگیاجس میںاے سی آر راجوری عبدالقیوم میر ،اے ڈی سی شیر سنگھ ،سی ایم او راجوری،سپرانٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ہسپتال راجوری محمود چوہدری،بلاک میڈیکل آفیسر منجاکوٹ کبیر اعظم و دیگر طبی عملہ بھی موجودتھا۔
ٹرانسفارمر باربار جل جانے سے عوام پریشان
بختیار حسین
سرنکوٹ //سرنکوٹ کے وارڈ نمبردومیں بجلی ٹرانسفارمر باربار جل جانے کی وجہ سے مقامی عوام سخت پریشان ہیں اور انہوںنے انتباہ دیاہے کہ اگر بجلی کے بھاری بوجھ کو کم کرنے کیلئے اقدامات نہ کئے گئے تووہ احتجاج کا راستہ اختیار کریںگے ۔مقامی نوجوانوں آسر منہاس ، مختار زرگر ، لیاقت منہاس ، طاہر مرزا نے بتایاکہ بیس سال سے سو کے وی کا ٹرانسفارمر لگاہواہے جوہر مہینے جل جاتاہے جس کے بعد مرمت کی جاتی ہے ۔ان کاکہناہے کہ اس ٹرانسفارمر سے ڈیڑھ سو کنبوں کو بجلی فراہم ہوتی ہے اور ساتھ ہی چھ ویلڈنگ مشینوں کا بوجھ بھی اسی پر ہے ۔انہوں نے کہاکہ بارہا محکمہ کے افسرا ن سے اپیل کی گئی کہ زیادہ کے وی والا ٹرانسفارمر نصب کیاجائے یا ایک کے بجائے دو ٹرانسفارمر دیئے جائیں لیکن ان کی طرف سے کوئی اقدام نہیں کیاجارہا ۔انہوںنے کہاکہ اگر یہی سلسلہ جاری رہاتو وہ احتجاج کاراستہ اختیار کریںگے ۔
ٹھیرہ ۔پوٹھی زیارت سڑک پر ناجائز تجاوزات
جاوید اقبال
مینڈھر //ٹھیرہ سے پوٹھی زیارت کو جانے والی سڑک پر کچھ لوگوںنے سڑک پر ناجائز تجاوزات جمع کررکھی ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کاسامناہے ۔اس سلسلے میں ٹھیکیدارمکھنا چوہدری نے بتایاکہ انہوں نے گاڑی لگاکر سڑک پر جمع ملبہ صاف کروانے کی کوشش کی جس دوراندوکانوں کے مالک نے ان کے ساتھ لڑائی کرکے مار پیٹ کی ۔ٹھیکیدا رنے اس سلسلے میں پولیس کے پاس شکایت درج کروائی ہے ۔ان کاکہناہے کہ ایس ڈی ایم مینڈھر نے منکوٹ انتظامیہ کو ہدایت دی تھی کہ ناجائز تجاوزات کو ختم کروایاجائے لیکن اس سلسلے میں کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔ان کاکہناہے کہ ناجائز تجاوزات ہٹائی جائیں اور گاڑیوں کو چلنے کا راستہ دیاجائے ۔اس واقعہ کے بعد پولیس نے موقعہ پر جائزہ لیااور ناجائز تجاوزکرنے والوں کو سختی سے تنبیہ دی کہ وہ کل صبح تک سڑک سے میٹریل ہٹادیں۔
تانترے کے ہاتھوں ہائی سکول ڈنوگام کی عمارت کا افتتاح
عشرت حسین بٹ
عشرت حسین بٹ
منڈی//ممبر اسمبلی پونچھ شاہ محمد تانترے نے ڈنوگام میں ہائی سکول کی نئی عمارت کا افتتاح کیا۔ اس موقعہ پر انہوں نے عوامی دربار لگا کر لوگوں کی مشکلات کا ازالہ کرنے کا بھی وعدہ کیا۔۔واضح رہے کہ گزشتہ برس اس عمارت کا سنگ بنیادممبرموصوف نے ہی رکھا تھا جسے محکمہ تعلیم کی رمسا سکیم کے تحت تعمیر کیا گیا ۔عمارت کی تعمیر کا کام ایک سال کی مدت میں پورا کیا گیا ۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممبر اسمبلی نے کہا کہ ان کی حکومت ریاست کے دور دراز علاقہ جات میں رہنے والی عوام کے لئے ہر طرح کی سہولیات بہم پہنچانے کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈنوگام منڈی تحصیل کا ایک دور دراز علاقہ ہے جہاں کی عوام کو ساتھ سابق سیاسی رہنمائوں نے ہر طرح سے نظر انداز کیا مگر جب سے پی ڈی پی اور بی جے پی مخلوط حکومت نے ریاست کی باگ ڈور سنبھالی ہے ،ان علاقوں میں عوام کے کام ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس ترقی یافتہ دور میں جہاں ہر طرف حکومت تعلیمی نظام کو بہتر بنارہی ہے وہیں ڈنوگام کے طلباکی بہتر تعلیم کے لئے عمارت تعمیر کی گئی ہے ۔ممبر اسمبلی نے ڈنوگام میں ایک عوامی دربار بھی منعقد کیا جس دوران مسائل سنے گئے ۔شاہ محمدتانترے نے عوام کو یقین دلایا کہ وہ یہاں اجاگر ہوئے مسائل کو حل کرائیںگے ۔
ساوجیاں میں بجلی کی آنکھ مچولی سے عوام پریشان
عشرت حسین بٹ
عشرت حسین بٹ
منڈی//سرحدی علاقہ ساوجیاں گگڑیاں میں بجلی کی آنکھ مچولی سے عوام کو پریشانی کا سامناہے۔ ساوجیاں پنچایت کے وارڈ نمبر ایک،دو،تین میں رہ رہی عوام نے کہا ہے کہ ان علاقہ جات میں بجلی کی باربار کٹوتی پریشانی بنی ہوئی ہے ۔مقامی شہری عبد الحمید نے کہا کہ پہلے تو بجلی ہوتی ہی نہیں ، اگر آ بھی جائے تو انہیں موم بتی جلا کر بجلی کے بلب کو تلاش کرناپڑتاہے ۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے نہ ہونے سے طلباء کی تعلیم پر بھی کافی اثر پڑ رہاہے ۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اور محکمہ بجلی کے اعلیٰ افسران سے اپیل کی کہ ماہ صیام سے قبل اس سرحدی علاقہ کے بجلی نظام کو بہتر بنانے کے اقدامات کئے جائیں۔
بنیادی سطح پر معیاری تعلیم کی فراہمی
’تعلیم و تدریس‘ کے نام سے نیا پروگرام متعارف
پونچھ //ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد کی طرف سے تعلیم و تدریس کے نام سے ایک نئی پہل متعارف کروائی گئی ہے جس کا مقصد بنیادی سطح پر معیاری تعلیم کی فراہمی ہے ۔اس سلسلے میں ڈائٹ پونچھ کے زیر اہتمام ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں ڈائٹ پرنسپل مشتاق چوہدری ،ڈپٹی چیف ایجوکیشن افسر لعل حسین ، ڈی ای پی او ازرار حسین شاہ ، تمام پرنسپل ، زونل ایجوکیشن افسران ،ہیڈ ماسٹراور ٹیچروں کے علاوہ ماہرین تعلیم این ایچ قریشی ، ایم این قریشی ، کے کے کپور ، محمد امین کوہلی ، جے جے سنگھ و غیرہ بھی موجو دتھے ۔اس موقعہ پر ان اصولوں کو اپنانے پر زور دیاگیاجس سے اساتذہ بنیادی سطح پر معیاری تعلیم کو یقینی بناسکتے ہیں۔اپنے خطاب میں ڈپٹی کمشنرنے کہاکہ اس پہل کا مقصد تعلیمی شعبے میں تبدیلی لانا اور معیاری تعلیم کویقینی بناناہے اور خاص ترجیح بنیادی تعلیم پر دی جائے گی ۔ انہوںنے افسران پر زور دیاکہ وہ ایسے پروگرام زونل سطح پر بھی کریں ۔اس بات کافیصلہ لیاگیاکہ تعلیم و تدریس پروگرام کے تحت سکولوں کا معائنہ زونل ایجوکیشن افسران ، ڈائٹ ایچ اوڈیز ، چیف ایجوکیشن افسر اور ڈائٹ پرنسپل کریںگے ۔یہ فیصلہ بھی ہواکہ سکول سربراہان روزانہ کی بنیاد پر ادارے کا مجموعی معائنہ کریںگے اور ٹیچر ڈائری تیار کی جائے گی ۔تقریب میں فیصلہ ہواکہ ہر مہینے میں ایک بار طلباء کے والدین واساتذہ کے درمیان میٹنگ ہواکرے گی اور تعلیم و تدریس کا مکمل پرنٹ تیار کرکے اداروں میں تقسیم کیاجائے گا۔
کار نے راہ چلتی لڑکی کو کچل دیا
پونچھ //پونچھ کے کنوئیاں علاقے میں ایک کار نے راہ چلتی لڑکی کو کچل دیا ۔دن کے تین بجے کار زیر نمبرJK12A 5253ایک لڑکی کو ٹکر ماردی جس سے وہ شدید طور پر زخمی ہوئی اور بعد میں جموں منتقلی کے دوران اس کی موت ہوگئی ۔اس کی شناخت گلناز اختر دختر عبدالعزیز ساکن ہاڑی بڈھا سرنکوٹ کے طور پر ہوئی ہے ۔حادثے کے فوری بعد اسے مقامی ہسپتال لیجایاگیا جہاں ڈاکٹروںنے ابتدائی طبی امدادفراہم کرکے اسے گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں منتقل کیا تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ بیٹھی ۔ اس سلسلے میں پولیس نے کیس درج کرکے مفرور ڈرائیور کی تلاش شروع کردی ہے ۔
راجوری کے تعلیمی اداروں و سرکاری دفاترکے اوقات کارتبدیل
سمت بھارگو
راجوری //حکا م نے راجوری کے سرکاری دفاتراور باباغلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی سمیت تعلیمی اداروں کے اوقات کار میں تبدیلی لائی ہے ۔ڈپٹی کمشنر راجوری کے دفتر سے جاری ہوئے حکمنامے کے مطابق 16مئی سے راجوری کے سرکاری دفاتر و تعلیمی اداروں کاوقت صبح نو بجے سے دن تین بجے تک رہے گا۔حکمنامے کے مطابق راجوری یونیورسٹی کے اوقات کار میں بھی تبدیلی ہوگی اوریونیورسٹی میں اوقات کار صبح نو بجے سے دن دو بجے رہیںگے ۔