کشتواڑ//کشتواڑ کو سب ڈویڑن مڑواہ سے جوڑنے والی واحد گاورن انشن مرگن سڑک دس روز بعد سنیچر کو آمدورفت کیلئے بحال کردی گئی جسکے بعد مڑواہ و واڑون میں پھنسے درماندہ مسافر و بیمار کشتواڑ پہنچ گئے۔یہ سڑک23 اکتوبر کو ہوئی بھاری برفباری کے سبب آمدورفت کیلئے بند ہوئی تھی جسے سنیچر کی شام آمدورفت کیلئے بحال کیا گیا۔ گاورن تا انشن70 سے زائدکلومیٹر کی سڑک مرگن ٹاپ پر ہوئی چار فٹ کے قریب برفباری کے سبب بند ہوئی تھی جسکے سبب سینکڑوں مسافر نواپچی انشن میں درماندہ ہوکر رہ گئے تھے۔انتظامیہ نے موسم میں بہتری کے ساتھ ہی اس پر برف ہٹانے کا عمل شروع کیا تھا جسکے بعد دونوں اطراف سے برف ہٹانے کیلئے مشینری کو کام پر لگایا گیا اور دن رات کام کے بعد اسے آمدورفت کیلئے بحال کردیا گیا۔وہیںکشتواڑ سنتھن قومی شاہرہ ہنوز آمدورفت کیلئے بند ہے۔ اگرچہ اس پر برف ہٹانے کا عمل جاری ہے جبکہ اس میں مزید وقت لگے گا اور آنے والے چند روز کے اندر اس پر مکمل طور برف ہٹاکر اسے آمدورفت کے لئے کھول دیا جائے گا۔
واڑون کی سڑکوں پر ہنوز برف جمع | لوگ از خود سڑکوں پر سے برف ہٹانے پر مجبور
عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے دورافتادہ علاقہ جات میں ہوئی امسال کی بھاری برفباری کے سبب عوام جہاں سخت مشکلات سے دوچار ہے وہیںکئی علاقوں میں ہنوز سڑکوں پر بر ف جمع ہے جسکے سبب عوام سخت مشکلات کا سامنا کررہی ہے۔واڑون میں ہوئی تازہ برفباری کے سبب جہاں بھاری نقصان ہوا ہے وہیں متعدد مقامات پر دس روز گزرجانے کے بعد بھی سڑکوں سے برف نہیں ہٹائی گئی۔ کشمیر عظمیٰ کو ملی تفصیلات کے مطابق واڑون کے رکنواس علاقہ کی طرف جانے والی سڑک پر ابھی تک برف نہیں ہٹائی گئی۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ اگرچہ مشینری کو بھیجا گیا لیکن آدھے راستے سے ہی مشین واپس چلی گئی جسکے سبب عوام کو سخت مشکلات سے دوچار ہونا پڑرہا ہے۔ جسکے بعد لوگوں نے خود ہی سڑکوں پر سے بر ف ہٹانا شروع کردی۔