جموں// مرکزی وزیر برائے عملہ، عوامی شکایات اور پنشن ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے پیر کو نئی دہلی کے وگیان بھون میں گڈ گورننس ہفتہ2022 کا افتتاح کیا۔ وزیر نے سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کی یوم پیدائش کی یاد میں پانچ روزہ پرشاسن گاون کی اور ایک ملک گیر مہم کا بھی آغاز کیا۔مہم کے تحت ملک بھر میں ضلع کلکٹروں کے ذریعہ شناخت کی گئی تقریباً 3120 نئی خدمات کو آن لائن سروس ڈیلیوری کے لیے شامل کیا جائے گا۔ گڈ گورننس ہفتہ 2022 کے تیاری کے مرحلے کے دوران، ضلع کلکٹروں نے سروس ڈیلیوری کے لیے8127944 درخواستوں کی بھی نشاندہی کی ہے جن کا ازالہ کیا جائے گا، اس کے ساتھ 1948122 عوامی شکایات کا ریاستی شکایتی پورٹل میں ازالہ کیا جائے گا۔قبل ازیں سکریٹری، محکمہ انتظامی اصلاحات اور عوامی شکایات وی سرینواس نے بتایا کہ23 دسمبر کو ضلعی سطح کی ورکشاپس میں بحث کے لیے373 بہترین گڈ گورننس طریقوں کی نشاندہی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ گڈ گورننس ہفتہ2022 کے دوران عوامی شکایات میں کامیابی کی43 کہانیاں بھی شیئر کی جائیں گی۔اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، اروناچل پردیش کے وزیر اعلی پیما کھانڈو نے کہا کہ ان کی حکومت ہر قسم کی خدمات کی فراہمی کو آسان بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔ چیف منسٹر نے دہرایا کہ ان کی حکومت کم از کم حکومت اور زیادہ سے زیادہ حکمرانی کے منتر پر کاربند ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی حکومت ریاست میں تاثیر اور کارکردگی دونوں کو لانے کے لیے مشن موڈ میں گورننس ریفارمز کر رہی ہے۔