جموں//انتظامیہ کو لوگوں کی دہلیز تک لانے کی کوششوں کے سلسلے میں آج لفٹینٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے ضلع سانبہ کا تفصیلی دورہ کر کے وہاں دیہی ترقی اور بجلی محکموں کی جانب سے ایم جی نریگا ، پی ایم اے وائی ، آئی ڈبلیو ایم پی ، پی ایم ڈی پی ۔ یو ، پی ایم ڈی پی ۔ آر اور دیگر مرکزی معاونت والی سکیموں کے تحت جاری مختلف ترقیاتی کاموں کا جائیزہ لیا ۔ دورے کے دوران سیکرٹری محکمہ دیہی ترقی اور منیجنگ ڈائریکٹر جے پی ڈی سی ایل نے متعلقہ محکموں کی جانب سے جاری ترقیاتی کاموں کے بارے میں مشیر کو تفصیل دی ۔ مشیر نے سلمیری دیہات میں آئی ڈبلیو ایم پی کے تحت منریگا کے استدقاق سے آٹھ لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کئے جانے والے تالاب کا معائینہ کیا ۔ انہوں نے 6 لاکھ 72 ہزار روپے کی لاگت سے پنگول دیہات میں تالاب کی تعمیر کے کام کا بھی معائینہ کیا۔ اسی طرح انہوں نے شجبل دیہات میں 15.50 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کئے جا رہے تالاب کا معائینہ کیا ۔ مشیر نے ضلع کے دیہی شہری اور صنعتی علاقوں میں بجلی کے تقسیم کاری نظام کو مستحکم بنانے کیلئے محکمہ بجلی کی جانب سے جاری ترقیاتی کاموں کا بھی معائینہ کیا ۔ انہوں نے بڑی براہمناں انڈسٹریل اسٹیٹ میں قائم کئے گئے دس ایم وی اے اور 2×10 ایم وی اے رسیونگ سٹیشنوں کا معائینہ کیا اور سانبہ انڈسٹریل اسٹیٹ کے مرحلہ دوم اور ڈی سی آفس سانبہ کے نزدیک تعمیر کئے جا رہے دو نئے 10 ایم وی اے رسیونگ سٹیشنوں پر جاری کام کا بھی معائینہ کیا ۔ مشیر نے ایم ڈی پی ڈی سی کو خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لانے اور تمام ناجائیز بجلی کنیکشن ہٹانے کی ہدایت دی ۔