بڈگام//جموںوکشمیر میں ترقی کا ایک نیا دور شروع ہوچکا ہے ۔اَگلے دو تین برسوں میں عوام مساوی حصہ داری اور وسیع بنیاد پر ترقی کا ایک نیا نقش راہ محسوس کریں گے ۔ہر وزیر کا جموں وکشمیر کی ترقی اور خوشحالی کا تصور ہے۔اِن باتوں کا اِظہار وزیر مملکت برائے سکل ڈیولپمنٹ ، اَنٹرپرینیور شپ راجیو چندر شیکھر نے مختلف نمائندوں کے ساتھ ڈگری کالج چرارِ شریف کے لان میں تبادلہ خیال کرنے کے دوران کیا ۔اِس سے قبل وزیر مملکت نے 11.65 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے سب ڈسٹرکٹ ہسپتال چرارِ شریف کا اِفتتاح کیا ۔اِس موقعہ پر وزیر موصوف کے ہمراہ ڈی ڈی سی چیئرمین نذیر احمد خان ، ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام شہباز احمد مرزا، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر مشتاق احمد راتھراور ایس ایس پی بڈگام طاہر سلیم کے علاوہ میڈیکل فیکلٹی اور ضلعی اِنتظامیہ کے اَفسران بھی موجود تھے۔وزیر موصوف نے ہسپتال کے تمام حصوں کا معائینہ کیا متعلقہ حکام سے ہسپتال کے کام کاج ، طبی سامان اور دیگر متعلقہ بنیادی ڈھانچے کی دستیابی کے بارے میں معلومات حاصل کی۔اُنہوں نے متعلقہ میڈیکل فیکلٹی ہسپتال اِنتظامیہ کے ساتھ ضلعی اِنتظامیہ کی تعریف کی جنہوں نے کووِڈ۔19 کے بحران میں محنت ، لگن اور تن دہی سے کام کا مظاہرہ کیا۔مرکزی وزیر مملکت نے حضرت شیخ العالم ؒ کی زیارت گاہ پر حاضری دی ۔ بقعہ عالیہ کے سجادہ نشینوں نے اُن کا والہانہ استقبال کیا ۔ اُنہوں نے مقامی اوقاف کمیٹی کے ساتھ بات چیت کی تاکہ ان کے مطالبات اور ضروریات کا جائزہ لیا جاسکے ۔بعد میں وزیر مملکت نے ڈگری کالج کا دورہ کیا ۔