جموں// کشمیر میں تعینات جموں سے تعلق رکھنے والے ریزرو زمرہ کے ملازمین نے پریس کلب کے باہر احتجاج رکھا اور وادی میں سیکورٹی کی صورتحال بہتر ہونے تک کشمیر سے جموں منتقلی کا مطالبہ کیا۔ریزروزمرہ ملازمین نے وادی کشمیر کے مختلف اضلاع میں خدمات انجام دینے والے ملازمین کے سیکورٹی خدشات کے پیش نظر جموں منتقلی کا مطالبہ کرنے کے لیے اس احتجاج کو جاری رکھا ہوا ہے۔احتجاج کے دوران مظاہرین میں سے ایک نے کہا”کشمیر میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات نے مختلف اضلاع میں خدمات انجام دینے والے ملازمین میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔ہم ملازمین کے مسائل پر حکام کی خاموشی سے مایوس ہیں‘‘ ۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ ’’پانچ ملازمین کو کام کی جگہ پر قتل کیا گیا ہے۔ ہم گولیوں اور غلط پالیسیوں کا شکار ہیں۔ ہم کہاں جائیں گے؟”۔ایک اوراحتجاجی کا کہنا تھا کہ ’’ہم حکومت کو اپنے تحفظات سے آگاہ کرنے کے لیے پرامن مظاہرے کر رہے ہیں تاہم ملازمین پر توجہ نہیں دی جا رہی ہے ۔ایک اورکا کہنا تھا کہ ’’کشمیر میں ریزرو زمرہ ملازمین کو نجی طور پر کرائے پر رہائش فراہم کرنے والے زمینداروں کو بھی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں اور اس وجہ سے ہمارے لیے وہاں خدمات انجام دینے کے لیے حالات موزوں نہیں ہیں‘‘۔