چیر پرسن ایس ایچ آر سی کی راجوری اورپونچھ میں نشستیں
سرینگر//چیرپرسن ایس ایچ آر سی جسٹس(ریٹائرڈ) بلال نازکی اورممبر جنگ بہادر سنگھ جموال نے پیر پنچال رینج کے راجوری اور پونچھ اضلاع میں7اور8نومبر کو نشستوں کا انعقاد کیا جس دوران ان دونوں اضلاع کے معاملات کی شنوائی کی گئی۔اس موقعہ پر چیرپرسن نے ترقیاتی کمشنر راجوری کو ضلع میںکمیشن کے سب آفس کے قیام کے لئے جگہ کاانتظام کرنے کی ہدایت دی تاکہ لوگوں کو شکایات کے ازالہ کے لئے جموں یا سرینگر کا رُخ نہ کرنا پڑے اوراُن کے معاملات اُن کی دہلیز پر ہی حل کئے جاسکیں۔معزز عہدیداروں نے دونوں اضلاع میں بار ایسوسی ایشن کے ساتھ مختلف معاملات،مسائل اوران علاقوں میںانسانی حقوق کے معاملات پر تبادلہ خیال خیا۔انہوں نے کمیشن کے کام کاج کے بارے میں جانکاری دینے پر بھی زوردیا۔
موٹرسائیکل کی ٹکرمیں کالج طالبہ زخمی
جاویداقبال
مینڈھر//ڈگری کالج مینڈھرکی ایک طالبہ کوایک موٹرسائیکل نے ٹکرمارکرشدیدزخمی کردیاہے اورزخمی طالبہ مینڈھرہسپتال میں زیرعلاج ہے۔تفصیلات کے مطابق فرینہ کوثردخترغلام رسول ساکنہ چھجلہ منکوٹ جوکہ ڈگری کالج مینڈھرکی طالبہ ہے کواس وقت ایک تیزرفتارموٹرسائیکل زیرنمبرJK012-0194نے ٹکرمارکرزخمی کردیاہے جب وہ چھٹی کے بعدکالج کے باہرکھڑی تھی ۔ٹکرمارنے کے بعدموٹرسائیکل سوارموقعہ سے فرارہوگیااورکالج کی دیگرطالبہ نے زخمی طالبہ کوہسپتال پہنچایاجہاں اس کاعلاج چل رہاہے ۔پولیس نے مفرورموٹرسائیکل کی تلاش شروع کردی ہے۔
تھنہ منڈی میں لیگل سروسز ڈے منا یا گیا
طارق شال
راجوری/ لیگل سروسز کمیٹی کی جانب سے احاطہ منصف کورٹ تھنہ منڈی میں کیمپ کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت لیگل سروسز کمیٹی تھنہ منڈی کے چیر مین راجہ منظور احمد خان منصف تھنہ منڈی نے کی جس میںممبران بار ایسو سی ایشن تھنہ منڈی۔ ریٹینر لائرس ایڈوکیٹ ظہور احمد بھٹی ایڈوکیٹ ساجد قیوم شال کے علاوہ کِثیر تعداد میں ضعیف مفلس بیوہ اور خط افلاس سے نیچے بسر کرنے والے اشخاص نے شرکت کی۔ اس موقعہ پر چیر مین لیگل سروسز کمیٹی نے کیمپ کے بارے میں مفصل روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ عدلیہ نے غریب غربا کی مفت خدمات کے لئے ریٹینر لائرس کا انتخاب کیا ہے۔ ایسے افراد اپنے مقدمات کی پیروی کے لئے ان لائرس کی خدمات حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کیمپ اس ماہ کی 18تاریخ تک جاری رہے گا۔
ضلع ترقیاتی کمشنر نے ایس ڈی پی اودفتر کاسنگ بنیادرکھا
طارق شال
راجوری/ / ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری اور ایس ایس پی راجوری یوگل منہاس کے ہاتھوں جمعہ کے روز ریو نیو کمپلیکس تھنہ منڈی میں ایس ڈی پی او دفتر اور ان کی رہائش کے لئے عمارت کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔ اس موقع پر ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری اور ایس ایس پی کے ہمراہ ایڈیشنل ایس پی محمد یوسف۔ ڈی ایس پی امتیاز احمد۔ سب ڈویژنل مجسٹریٹ تھنہ منڈی محمد افضل مرزا۔ سب ڈویژنل پولیس آفیسر تھنہ منڈی افتخار احمد چوہدری، بلاک ڈیویلپمنٹ آفیسر تھنہ منڈی محمد صغیر،تحصیلدار تھنہ منڈی شاہد اقبال۔ایس ایچ او تھنہ منڈی انسپکٹر کرن چلوترا۔ایڈوکیٹ ظہور بھٹی اور سماجی کارکن نذیر گنائی موجود تھے۔ ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری نے کہا کہ ریو نیو کمپلیکس ایک مرکز کی جگہ ہے جہا ں پر ایسی عمارت تعمیر کر کے عوام کی مشکلات کو کم کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دو منزلہ عمارت ہے جس کی تعمیر سے لوگوں کو کافی فائدہ ملے گا۔انہوں نے یقین دھانی کرائی ہے کہ بہت جلد ایس ڈی ایم کے دفتر کے لئے اقدام اٹھائے جائیں گے۔ تھنہ منڈی کے معززین نے تعمیراتی اقدام کے لئے ضلع انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔
پونچھ میں احتیاط کے طورپر15افرادحراست میں
پونچھ//ضلع پولیس نے مجسٹریٹ کی ہدایت پراحتیاط کے طورپر 15افرادکوحراست میں لیاہے۔ ایک سینئرپولیس افسرنے بتایاکہ مجسٹریٹ کی جانب سے 15افرادکوحراست میں لینے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں جس کے بعدپولیس نے ان 15افرادکواحتیاط کے طورپرحراست میں لیا
وفدسی ای اومیونسپل کونسل سے ملاقی
حسین محتشم
پونچھ //ضلع پونچھ کے صدر مقام پر وارڈ نمبر 3،5،6،7 بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ اس حوالے سے ایک وفد سماجی کارکن پرویز احمد آفریدی کی قیادت میں چیف ایگزیکٹو آفیسر میونسپل کونسل پونچھ ارشاد صوفی سے ملاقی ہوا۔اس دوران وفدنے موصوف کو بتایا کہ ان تمام وارڈوں کی راستوں کی خستہ حالت ہے. صفائی کا معقول اہتمام نہیں ہے اور نہ ہی ان وارڈوں میں میونسپل کمیٹی کے زیر اہتمام تعمیراتی کام نہیں کئے جاتے ہیں۔ سی ای او نے وفد میں شامل تمام افراد کے مسائل سننے کے بعد انھیں یقین دلایا کہ ان کے مطالبات حل کریں گے۔
پونچھ میںپی ڈی پی کاماہانہ اجلاس منعقد
حسین محتشم
پونچھ// ڈاک بنگلہ پونچھ میں پی ڈی پی کی ماہانہ میٹنگ زیر صدارت ایم ایل اے پونچھ منعقد ھوئی جس میں پارٹی کارکنان نے اپنے مسائل سے ایم ایل اے کو روشناس کیاجن کوحل کرانے کی ممبرموصوف نے یقین دہانی کرائی۔ اس دوران آنے والے پنچائت انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال بھی کیاگیا اور کہا کہ تمام کارکنان کو ابھی سے انتخابات کی مہم کے سلسلے میں تیاری کرنی ہوگی۔اس موقعہ پر پارٹی کے ضلع صدر نے کچھ بلاک صدور ، زون وضلع سطح کے عہدیداران کاہائی کمان اور ایم ایل اے کے مشورہ سے اعلان کیا "اس موقعہ پر عہدیداران نے پارٹی کی قیادت پر مکمل اعتماد اور یقین کا اظہار کیا اور تن من دھن سے پارٹی کو مضبوطکرنے کا یقین دلایا. ایم ایل اے نے تمام عہدیداران کو مبارکباد دی اور میٹنگ میں شمولیت کیلئے تمام ورکران و لیڈران کا شکریہ ادا کیا۔
ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کارروائی
15گاڑیاں ضبط، 80 چالان کاٹے اور15ہزارجرمانہ وصول
حسین محتشم
پونچھ//اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ افسر پونچھ عبدالرحیم کی قیادت میں محکمہ ٹرانسپورٹ نے پونچھ کے متعدد مقامات پر ناکے لگاکر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیوروں اور ٹرانسپورٹروں کے خلاف شکنجہ کسا۔ جانکاری کے مطابق موصوف نے ناکوں کے دوران 15گاڑیاں ضبط کیں اور80 گاڑیوں کے چالان کاٹے اور 15,500 روپے جرمانہ وصول کیا ۔سرکاری ذرائع کے مطابق اس دورہ کے دوران کل دس موٹر سائکل اور پانچ ٹریکٹر ضبط کئے ۔نمائندہ کے مطابق ناکھوں والی چوک، بس اڈہ، ڈنگس، کلائی اور گنڈی میں ناکے لگاکر اے آر ٹی او نے اور لوڈنگ کرنے والوں اور گا کاغذات کے بغیر گاڑیوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی۔