سرینگر//محکمہ مال کے امیدوار جو ریونیو سروس(ایگزیکٹو) ڈیپارٹمنٹل امتحانات میں شرکت کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، نے جموں وکشمیر پبلک سروس کمیشن سے اپیل کی ہے کہ وہ محکمانہ امتحانات کے فارم جمع کروانے کے لئے تاریخ میں توسیع کرے۔کے این ایس سے بات کرتے ہوئے کئی امیدواروں نے بتایا کہ نوٹیفکیشن نمبر PSC / EXAM / 2021/19 مورخہ 08/03/2021 کے تحت پبلک سروس کمیشن نے ریونیو سروس (ایگزیکٹو) محکمہ جاتی امتحان کے لئے درخواستیں طلب کی تھیں جس کے لئے آن لائن امتحان فارم جمع کروانے کی آخری تاریخ 14/04/2021 تھی تاہم بہت سے بیکلاگ امیدواروں کے گذشتہ امتحان (سال-20 2019) کا نتیجہ09/04/2021 کو ظاہرہوا تھا اور اس وجہ سے وہ آن لائن امتحانات فارم جمع نہیں کراسکے کیونکہ اس دوران صرف 5 دن کا فاصلہ تھا جس دوران وہ آن لائن فارم جمع کروانے کے لئے درکار تمام ضروری لوازمات کو پورا کرنے میں کامیاب نہیں ہوئے۔انہوں نے کہا کہ بہت سے امیدوار ریاست کے مختلف سرحدی اور دور دراز علاقہ جات میں تعینات ہیں ،جہاں پر انٹرنیٹ کی سہولت میسر نہیں ہیں اور اس حوالے سے امیدواروں کو آن لائن فارم بھرنے کیلئے پہلے دفتروں سے چھٹی حاصل کرنی پڑتی ہے اور بعد میں فارم کے داخلے کیلئے شہروں کی طرف سفر کرنا پڑتا ہے، لہذا اس طرح مذکورہ امیدواروں کو امتحان فارم جمع کروانے کے لئے 5 دن کا وقت ناکافی تھا۔تمام امیدواروں نے آن لائن فارم جمع کروانے کے لئے تاریخ میں نظر ثانی کرنے کی اپیل کی ہے۔اس دوران کنٹرولر امتحانات پبلک سروس کمیشن نے بتایا کہ میں اس معاملے کو اپنے سینئر افسران کے ساتھ اٹھاؤں گا اور اگر اس میں کوئی صحیح چیز ہوگی جس کی ہم مدد کرسکتے ہیں تو ہم ضرور مدد کریں گے۔