پونچھ//آل جموں و کشمیر پی ڈی ڈی کیجول لیبرس کے بینر تلے پونچھ میں عارضی بنیادوں پر کام کرنے والے عارضی ملازموں نے اپنے مطالبات کو لے کر منگل کے روزایک احتجاج کیا۔ مظاہرین نے نوکریوں کی مستقلی اور دیگر مانگیں پوری کرنے کی مانگ کی ہے ۔ ضلع صدر چودھری فاروق پونچھی کی قیادت میں مظاہرین نے کہا کہ حکومت کی طرف سے ان کو مستقل کرنے کا اعلان ایک مذاق کے سوا کچھ بھی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم خدمت کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑتے ہیں جس کے عوض ہمیں حقیر تنخواہ وہ بھی سال سال کے بعد دیکھنے کو ملتی ہے جس سے نہ گھر کا چولھا جلتا ہے نہ قرض کی ادائیگی ہوتی ہے۔ انھوںنے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عید پر بھی ان کو تنخواہیں نہیں دی گئی جبکہ وہ لوگ لگاتار اپیل کرتے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس سے قبل بھی کئی بار احتجاج کے ذریعے حکومت کی توجہ اپنے مطالبات کی طرف مبذول کرنے کی کوشش کر چکے ہیں لیکن اس ے باوجود انتظامیہ کی جانب سے کوئی دھیان نہیں دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان کو اپنے محکمہ کی بھر پور خدمت کے عوض بھوک ملتی ہے اور سماج میں بھی رسوائی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔مظاہرین نے ریگولرائزشن پالیسی اختیار کرنے،مینم ویجز ایکٹ پر عمل درآمد کرنے تمام عارضی ملازموں کو مستقل کرنے ،بقایا تنخواہیں واگذار کرنے اور ڈی پی سیکرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے جموں وکشمیر لیفٹیننٹ گورنر سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ان کی مانگیں جلدازجلد پوری کی جائیں ۔