کویندر گپتا
۔58سالہ کویندر گپتا کو نائب وزیر اعلیٰ بنایا گیا ہے ۔ کویندر نے اپنی سیاسی زندگی کاآغاز آر ایس ایس ورکر کے طور پر کیا اور ایمرجنسی کے دوران 13ماہ کی جیل بھی کاٹی تھی۔ 2دسمبر1959کو پیدا ہوئے کویندر گپتا نے گریجویشن کی ہے ، ان کی دو بیٹیاں اور ایک بیٹی ہے ، 1978-79میں پنجاب وشو ہندو پریشد کے سیکرٹری رہ چکے ہیں۔ 2005-2010تک جموں میونسپل کارپوریشن کے میئر رہ چکے ہیں۔ 2014میں گاندھی حلقہ سے الیکشن جیتنے کے بعد اسمبلی کے اسپیکر بنے گئے ۔
ست پال شرما
ریاستی بی جے پی کے صدر ست پال شرما کو کابینہ وزیر بنایا گیا ہے ۔ 4اگست 1961کو شرما آر ایس پورہ میں پیدا ہوئے، گریجویشن کے بعد چارٹرڈ اکائوٹنٹ بن گئے ۔ کئی سماجی تنظیموں کے ساتھ جڑے شرما کا تعلق ایک آر ایس ایس سے تعلق رکھنے والے گھرانے سے ہے ، ایمرجنسی کے دوران جیل یاترا کر چکے ستپال شرما نے سیاسی زندگی کا آغاز 1997میں بی جے پی کے ساتھ کیا ۔ 2014میں جموں مغربی حلقہ سے 50629ووٹوں کی لیڈر سے جیت حاصل کی۔
سنیل کمار شرما
15جولائی 1977کو کشتواڑ میں پیدا ہوئے سنیل کمار شرما کو وزیر مملکت سے ترقی دے کر کابینہ درجہ کاوزیر بنایا گیا ہے ۔ گریجویشن تک تعلیم حاصل کر چکے سنیل شرما اکھیل بھارتیہ ودیارتھی پریشدکشتواڑ، اے بی وی پی کے 1994سے1999تک سیکرٹری رہ چکے ہیں۔ انہوں نے 2008میں کشتواڑ حلقہ سے الیکشن لڑا لیکن چنائو ہار گئے۔ 2014میں ایک بار پھرطبع آزمائی کی تو مقدر ان پر مہر بان رہا اور وہ کشتواڑ سے چن لئے گئے۔ انہیں مفتی محمد سعید کی کابینہ میں وزیر مملکت کے طور پر لیا گیا اور تعمیرات عامہ و محکمہ مال کا چارج دیا گیا۔
راجیو جسروٹیہ
۔26اکتوبر1973کو پیدا ہوئے راجیو جسروٹیہ کو بھی کابینہ میں جگہ ملی ہے ۔ انہوں نے اپنے سیاسی کیرئر کی شروعات ایک سٹوڈنٹ لیڈر کے طور پر شروع کی۔ بی جے پی میں آنے کے بعد انہیں ہیرا نگر میونسپل کمیٹی کا چیئر مین چنا گیا اور وہ 4سال تک اس عہدہ پر رہے ۔ اس وقت بی جے پی کے ریاستی جنرل سیکرٹری کی ذمہ دار ی سنبھال رہے ہیں۔ 2014کے اسمبلی انتخابات میں انہیں بی جے پی کے ٹکٹ پر کٹھوعہ سے اتارا گیا جہاں وہ الیکشن جیت گئے۔
دیویندر کمار منیال
ڈاکٹردیویندر کمار منیال پیشہ ور ڈاکٹر ہیں۔ 21اپریل 1969کو پیدا ہوئے منیال کا تعلق سانبہ سے ہے۔ ان کے والد ایک انجینئر تھے اور نیشنل کانفرنس کے ٹکٹ پر سانبہ سے الیکشن لڑا لیکن ناکام رہے ۔ دیویندر منیال نے بی جے پی کا دامن تھاما اور ریزرو حلقہ انتخاب سانبہ سے منتخب ہو گئے۔ درج فہرست ذاتوں ، شیڈیولڈ کاسٹ سے تعلق رکھنے والے منیال کو بالی بھگت کی جگہ پر کابینہ میں شامل کیا گیا ہے ۔
محمد اشرف میر
یکم فروری 1969کو سرینگر میں پیدا ہوئے محمد اشرف میر ایم بی اے ہیں۔ انہوں نے 2008میں عملی سیاسی زندگی میں قدم رکھا اور پی ڈی پی کی ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ لیا لیکن ناکام رہے ۔ تو انہیں کونسل کے لئے نامزد کر لیا گیا ۔ اپریل 2011سے لے کر 2014تک وہ قانون ساز کونسل کے ممبر رہنے کے بعد 2014کے اسمبلی الیکشن میں کامیاب ہو گئے اور ایم ایل اے بن گئے۔ انہیں پی ڈی پی نے کابینہ میں شامل کر لیا ہے ۔
محمد خلیل بند
پی ڈی پی کے ممبر اسمبلی محمد خلیل بند کو بھی کابینہ میں شامل کر لیا گیا ہے ۔کابینہ میں شامل نئے وزراء میںخلیل بند غالباً سب سے زیادہ تجربہ کار ہیں۔ انہوں نے سیاسی زندگی کا آغاز 1967میں نیشنل کانفرنس کے ساتھ کیا اور مختلف عہدوں پر فائز رہنے کے بعد مئی 2002تک اسی پارٹی سے جڑے رہے۔ جون 2002میں انہوں نے پی ڈی پی میں شمولیت اختیار کر لی اور پلوامہ سے الیکشن جیت گئے۔ انہیں مفتی محمد سعید کی پہلی کابینہ میں بھی شامل کیا گیا تھا۔
شکتی راج پریہار
ممبر اسمبلی ڈوڈہ شکتی راج پریہار کو وزیر مملکت کے طور پر شامل کیا گیا ہے ۔ 18جنوری 1970کو پیدا ہوئے پریہار نے ہائر سکینڈری تک تعلیم حاصل کرنے کے بعد فرانسیسی ملٹی نیشنل کمپنی میں کام شروع کیا اور اس کے بعد اپنا کاروبار شروع کردیا۔ 2008میں بی جے پی میں شامل ہونے کے بعد اندروال حلقہ سے الیکشن لڑا لیکن ہار گئے۔ 2014میں انہیں ڈوڈہ حلقہ سے انتخابی میدان میں اتارا گیا جہاں سے وہ الیکشن جیت کر اسمبلی میں پہنچ گئے ۔