سرینگر/بلال فرقانی/حکومت نے سیول سکریٹریٹ کے تمام ملازمین سے کہا ہے کہ کوویڈ مناسب طرز عمل کی پیروی نہ کرنا ،ماسک نہ پہننا اور معاشرتی فاصلے کے اصول پر عمل پیرا نہ ہونے کے مرتکب ملازمین کو سالانہ اضافے(انکریمنٹ) سے ہاتھ دھونا پڑے گا۔حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایک آرڈر میں کہاگیا ہے’’یہ دیکھا گیا ہے کہ سیول سیکرٹریٹ کے مختلف محکموں میں کام کرنے والے کچھ ملازم کورونامناسب رویے کا مظاہرہ نہیں کر رہے ہیں، سماجی دوری کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنا ، چہرے کے ماسک نہیں پہننا یا نامناسب طریقے سے چہرہ کاماسک پہننا شامل ہے۔ ان ملازمین کی جانب سے اس غیر ذمہ دارانہ سلوک سے نہ صرف ان کی اپنی جانوں کو خطرہ لاحق ہے بلکہ اس مقام پر کام کرنے والے دوسرے ملازمین کی زندگیوں کو بھی خطرہ ہے ، اس مسئلے کو حکام نے سنجیدگی سے لیا ہے۔‘‘ حکم نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ سیول سیکریٹریٹ میں کام کرنے والے تمام ملازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مناسب طریقہ کار پر عمل کریں ، چہرے کے ماسک مناسب طریقے سے پہنیں اور معاشرتی فاصلاتی اصولوں پر عمل کریں۔ حکم نامہ میں کہا گیا’’اس سلسلے میں کسی بھی خلاف ورزی کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیا جائے گا اور اس طرح کے ملازمین کے خلاف سالانہ انکریمنٹ ضبط کرنے سمیت تادیبی کاروائی شروع کی جائے گی۔‘‘