ڈوڈہ//لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو نے ڈوڈہ کا دورہ کر کے ضلع کی ترقیاتی صورتحال اور کووڈ۔19وباکی روکتھام کے لئے ضلع انتظامیہ کی طرف سے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے اس موقعہ پر کئی ترقیاتی پروجیکٹوں جن میں گتھا گاوری لنک سڑک اور گاوری میں نئی ہسپتال عمارت تک اس کی توسیع ، اخروٹ باغ بھدوراہ تک جانے والی چھمباسڑک ، چکا سے داندی بالا ذیلی سڑک اور لاموتھ بھدرواہ پر 41.50میٹر طویل فٹ برج ، پی ایم ڈی پی کے تحت قائم کیا گیا جامع مسجد اور بھدرواہ کے واسکی ناگ مندر کو ہمہ وقت بجلی فراہم کرنے کے لئے ترسیلی نظام شامل ہیں کا ای۔ افتتاح کیا۔اُنہوںنے لالور ، دھانا ، گجر بستی ، واٹر سپلائی سکیم ، L056-NH244 کلومیٹر ، 23ویں آر ڈی 900 سے چِل تک 9کلومیٹر سڑک مسافت اور ایل L021ڈوڈہ سے ملوانہ جاگیر حصہ اوّل تک سڑک کی تجدید و مرمت کا سنگ بنیاد رکھا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے یہ پروجیکٹ ضلع کے عوام کے نام منسوب کئے۔بعدمیں ضلع انتظامیہ کے حکام کے ساتھ منعقدہ میٹنگ میں لیفٹیننٹ گورنر کو ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ نے ضلع بھر میں کووِڈ۔19وَبا کی مؤثر روکتھام ضلع انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے اقدامات کی تفصیل پاور پوائنٹ پرزنٹیشن کے ذریعے دی۔ اُنہوں نے ضلع انتظامیہ کو صحت بنیادی ڈھانچے کو توسیع دینے اور لازمی طبی سازو سامان بشمول آکسیجن سلنڈر ، کنسنٹریٹر اور ایکسرے مشین وغیرہ دستیاب رکھنے کی ہدایت دی ۔ اُنہوں نے ضلع انتظامیہ کے صد فیصد ملازمین کوآروگیہ سیتو ایپ کے دائرے میں لانے کی ہدایت دی ۔انہوں نے پنچایت راج اداروں کے ارکان اور بلدیاتی اداروں کے نمائندگان کو ایپ کے دائرے میں ترجیحی بنیاد پر لانے کے لئے کہا ۔اُنہوں نے حساس آبادی کی ٹیسٹنگ پر توجہ دینے کی بھی ضلع افسران کو ہدایت دی۔لیفٹیننٹ گورنر نے ضلع تمام محکموں کو التوا میں پڑے پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کے لئے کہا ۔جی ایم ڈو ڈہ کو ایک اہم پروجیکٹ قرار دیتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے تعمیراتی ایجنسی کو اگست 2020 کے لآخیر کالج عمارت کی تعمیر مکمل کر کے اہم طبی سازو سامان کا حصول عمل میںلانے کے لئے کہا تاکہ اس ادارے کو فوری طور چالو کیاجاسکے۔
بی ڈی سی چیئرپرسنز ، پنچایتی راج اداروں کے نمائندگان سے تبادلہ خیال
ڈوڈہ//لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو نے ضلع ڈوڈہ کے دورے کے دوران بلاک ڈیولپمنٹ کونسل کے چیئرپرسنز ، میونسپلٹیوں کے صدور اور ضلع کے سرپنچوں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔بی ڈی سی چیئرپرسنز اور پنچایتی راج نمائندگان نے اس موقعہ پر عوام کی اہمیت کے حامل مختلف مسائل اٹھائے جن میں سڑ ک رابطہ ، پینے کے پانی کی سہولیات اور طبی بنیادی ڈھانچہ وغیرہ شامل تھے۔لیفٹیننٹ گورنرنے انہیں بغور سنا اور یقین دِلایا کہ حکومت 73 اور 74 ویں آئینی ترامیم کے تحت جمہوری نظام کے بنیادی اداروں کو مستحکم کرنے کے لئے پُرعزم ہے ۔اُنہوںنے کہا کہ یوٹی حکومت نے بے روزگاری کے مسئلے کا ازالہ کرنے کے لئے مختلف اَسامیوں کے لئے 10ہزار نوجوانوں کی بھرتی کے لئے لائحہ عمل مرتب کیا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ بھرتی قواعد و ضوابط پہلے ہی مرتب کئے گئے ہیں تاکہ اس سے مستحق نوجوان ہی مستفید ہوسکیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ ضلع انتظامیہ اور عوامی نمائندگان کو اس سلسلے میں بے روزگار نوجوانوں کو بھرتی مہم سے مستفید ہونے کے لئے اُنہیں صلاح و مشورہ فراہم کرنے کے لئے اقدامات اٹھانے چاہیئے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے پنچایتی راج اداروں، میونسپلٹیوں اور ضلع انتظامیہ کو کووِڈ۔19 کی روکتھام کے لئے احتیاطی تدابیر سے متعلق عوام میں جانکاری عام کرنے کے لئے کہا ۔