منڈی //تحصیل منڈی کے لورن علاقے میں آگ کی ایک ہولناک واردات کے دوران ایک رہائشی مکان کی تین منزلیں مکمل طور خاکستر ہوگئیں۔ اتوار کو صبح ساڑھے چار بجے لورن ڈنہ ہبترو میں تین منزلہ مکان جل کر راکھ ہو گیا۔ اس دوران فائر سروس کی گاڑی سڑک نہ ہونے کی وجہ سے موقعہ پرنہیں پہنچ سکی جس کی وجہ سے زیادہ تباہی ہوئی ۔یہ مکان محمد اکبر ولد بشیر احمدکا تھاجو راکھ کے ڈھیر میں بدل گیاہے۔ پولیس اور مقامی لوگوں نے آگ پر قابو پانے کی ہر ممکن کوشش کی مگر کچھ حاصل نہ ہوسکا۔ ایس ایچ او لورن نے بتایا صبح چار بجے بجلی شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگی جس نے آناً فاناً عمارت کی تین منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لیا۔اس دوران مکان کے اندر رکھاہوا لاکھوں روپے مالیت کاگھریلو سامان بھی راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیاہے ۔وہیں پولیس اور مقامی لوگوں کے تعاون سے آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیاگیا۔اس سلسلے میں پولیس نے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے ۔