عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر /// لالچوک علاقے میں امیر اکدل کے نزدیک ہفتہ کی صبح ایک ہوٹل عمارت میں آگ نمودار ہوئی۔ آگ سے ہوٹل عمارت کو کافی نقصان پہنچ گیا جبکہ آگ بجھانے کے دوران محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروس نے 18رسوئی گیس سلنڈر بر آمد کر کئے۔ سرینگر کے گھنٹہ گھر لالچوک کے قریب سنیچروار کی صبح اس وقت افر اتفری کا ماحول پھیل گیا جب ایک مقامی ہوٹل میں آگ نمودار ہوئی، جس کے بعد مقامی لوگوں نے محکمہ فائر اینڈ ایمر جنسی سروس کو مطلع کیا جنہوں نے موقعہ پر پہنچ کر آگ بجھانے کیلئے کارورائی شروع کردی۔ محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروس کے ایک سنیئر عہدیدار نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آگ عمارت کے اٹاری والے حصے سے لگی، جس میں ایک ریسٹورنٹ کا کچن ہے۔ انہوں نے کہا کہ فائر سروس اہلکار وں نے ہائیڈرولک پلیٹ فارم کا استعمال کرتے ہوئے تیزی سے آگ پر قابو پا یا۔انہوں نے کہا کہ فائر فائٹنگ آپریشن کے دوران موقع سے 19 گیس سلنڈر برآمد کیے گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے متعلقہ تھانے کو مطلع کر دیا ہے۔ عہدیدار نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ آتش گیر مادے کو گھروں یا تجارتی مقامات پر ذخیرہ نہ کریں۔ انہوں نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ لال چوک کے مصروف تجارتی مرکز میں واقع ایک ریسٹورنٹ کے اٹاری میں صبح 7 بجے کے قریب آگ بھڑک اٹھی، جس سے فائر فائٹنگ ٹیموں نے فوری ردعمل کا اظہار کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ نے آپریشن کے دوران ایک ہائیڈرولک سسٹم کو تعینات کیا جس سے فائر فائٹرز کو مختصر وقت میں آگ پر قابو پانے اور قابو پانے میں مدد ملی۔انہوں نے مزید کہا کہ واقعے میں ریسٹورنٹ کے اٹاری حصے کو نقصان پہنچا، جب کہ فائر سروس اہلکاروں نے پانچ منزلہ عمارت کے باقی حصے کو آگ کی لپیٹ میں آنے سے بچا لیا۔