کٹھوعہ//جنگلات و ماحولیات کے وزیر چودھری لال سنگھ نے کہا ہے کہ حکومت ریاست کے روایتی آبی ذخائر کو بحال کرنے کے لئے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے ۔بسوہلی میں کل نیشنل ڈیولپمنٹ فائونڈیشن اور سی سی ڈی یو محکمہ پی ایچ ای کی طرف سے منعقدہ ایک ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہمیں آبی ذخائر کو آلودگی سے پاک رکھنے کے لئے مجموعی کوششیں کرنی چاہئیں۔انہوںنے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ پانی کو صاف رکھنے اپنا بھر پور رول ادا کریں۔اس موقعہ پر پی سی سی جنگلات روی کیسر، چیئرمین ایس پی سی بی بی سدھارتا کمار ، ڈائریکٹر سوشل فارسٹری اشونی گپتا کے علاوہ متعلقہ محکموں کے کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔لال سنگھ نے کہا کہ پنچایتی سطح پر آبی ذخائرکے حوالے سے بیداری پیدا کرنے کے لئے ایک جامع مہم چلائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ آبی ذخائر کو تحفظ دینے کے لئے ہرسو صفائی ستھرائی ممکن ہوسکے گی۔ انہوں نے کہا کہ بسوہلی قصبے میں کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے کے لئے ایک کروڑ روپے مختص رکھے گئے ہیں۔انہوںنے کہا کہ بسوہلی میں بجلی کی صورتحال میں بہتری لانے کے لئے وہاں ایک سولر پاور پلانٹ قائم کرنے کے لئے 7500کنال اراضی کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں سے 200میگاواٹ سولر بجلی تیار کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سٹیٹ پولیوشن کنٹرول بورڈ نے بسوہلی میں ایس پی سی بی کا دفتر تعمیر کرنے کے لئے 3.5کروڑ روپے کا ایک پروجیکٹ رپورٹ تیار کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ رنجیت ساگر جھیل میں ماحولیات دوست سیاحتی بنیادی ڈھانچہ قائم کرنے کے لئے بھی کوششیں کی جارہی ہیں تاکہ اس سے ریاست کا ایک اہم سیاحتی مرکز بنایا جاسکے ۔بعد میں لال سنگھ نے بسوہلی میں آر ایم ایس اے کے تحت تعمیر کئے جارہے 100بستروں پر مشتمل گرلز ہوسٹل کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔