منڈی//فوج کی 40آر آر کی جانب سے سرحدی علاقہ ساوجیاں کی حد متارکہ نیڑیاں میں عوام کے لئے ایک میڈیکل اور ویٹرنری کیمپ کا اہتمام کیا گیا۔اس کیمپ میں ساوجیاں،گگڑیاں،نیڑیاں،آنگن پتھری کے سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے شریک ہوکر اپنا اور اپنے مال مویشیوں کا طبی معائنہ کروایا اور ادویات حاصل کیں۔اس موقعہ پر فوج اور سیول ماہر ڈاکٹروں نے مریضوں کی طبی جانچ کی اور ان میں ادویات تقسیم کیں۔جانوروں کے کیمپ کے موقعہ پر فوج نے آسٹریلیائی نسل کے ایک گھوڑے کی نمائش بھی کی جبکہ متعدد چرواہوں نے اپنے مال مویشیوں کی طبی جانچ کرواکر مفت میں ادویات حاصل کیں۔دوران کیمپ سکولی بچوں کی طرف سے رنگا رنگ تمدنی پروگرام پیش کیاگیا جن میں کمانڈنگ افسر نے انعامات تقسیم کئے۔اپنے خطاب میں کمانڈنگ افسر روی راج چوہان نے کہاکہ اس سرحدی علاقے میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے آپریشن سدبھائونا کے تحت اس طرح کے پروگرام منعقد کئے جاتے ہیں اور یہ کیمپ آئندہ بھی ہوتے رہیں گے۔انہوں نے کہاکہ فوج سرحدی عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے ہمیشہ تیار رہتی ہے اور حد متارکہ کے قریب واقع اس علاقے کے لوگوں نے امن و امان بنائے رکھنے میں فوج کا ہروقت ساتھ دیاہے۔سرپنچ گگڑیاں نے فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ایسے کیمپوں کے انعقاد کا سلسلہ جاری رہناچاہئے۔انہوں نے فوجی حکام سے مانگ کی کہ آرمی گڈ ویل سکول کے طلباکیلئے منی بس کا اہتمام کیاجائے تاکہ انہیں آنے جانے میں آسانی ہوسکے۔