بنگلورو//جنوبی افریقہ کے بلے باز فاف ڈو پلیسس رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کے اگلے کپتان ہوں گے ۔ یہ پہلا موقع ہوگا جب وہ آئی پی ایل کی کسی ٹیم کے کپتان ہوں گے ۔ اگرچہ چنئی سپر کنگز (سی ایس کے ) کے ایک اہم کھلاڑی کے طور پر وہ چار بار انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کا خطاب جیت چکے ہیں۔ ایک ریکارڈڈ ویڈیو میں آر سی بی کے سابق کپتان وراٹ کوہلی نے کہا کہ میں کپتانی کی ذمہ داری اپنے دوست کو سونپتے ہوئے بہت خوش ہوں، میں انہیں کافی عرصے سے جانتا ہوں اور ہماری ان سے باقاعدگی سے بات چیت ہوتی ہے ۔ میں انہیں کرکٹ کے میدان سے الگ بھی جانتا ہوں۔ میں فاف کے ساتھ بیٹنگ کرنے کے لیے کافی پرجوش ہوں۔ یہ ٹیم بہت متوازن اور مضبوط ہے اور میں آئی پی ایل کے شروع ہونے کا اور زیادہ انتظار نہیں کر سکتا’’۔ ڈو پلیسس کو آر سی بی نے گزشتہ ماہ ہوئی نیلامی میں 7 کروڑ روپے میں خریدا تھا۔ اس سے قبل وہ سی ایس کے کے علاوہ رائزنگ پونے سپر جائنٹس کے لیے بھی کھیل چکے ہیں۔ ان کے علاوہ گلین میکسویل اور دنیش کارتک بھی کپتانی کے دعویدار تھے ۔ اس موقع پر ڈو پلیسس نے کہا کہ میں اس موقع کا تہہ دل سے مشکور ہوں، کسی غیر ملکی کھلاڑی کو کپتانی دینا کوئی چھوٹی بات نہیں۔(یو این آئی)