سرکاری تقریبات کا مکمل بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ
ڈوڈہ//ڈوڈہ جرنلسٹ ایسوسیشن نے تمام سرکاری تقریبات کا مکمل بائیکاٹ کا فیصلہ کرتے ہوئے صحافتی برادری کے ساتھ انتظامیہ کے غیر اخلاقی رویہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ڈوڈہ میں منعقد ایک پریس کانفرنس سے مخاطب ہوتے ہوئے صدر چناب ویلی جرنلسٹ ایسوسیشن نصیر احمد کھوڑا نے کہا کہ گذشتہ دنوں گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ ایک میڈیا کوریج کے دوران جی ایم سی کے سربراہ نے گلستان نیوز کے نمائندہ کے ساتھ بد سلوکی کی۔انہوں نے کہا کہ اسی قسم کاایک اور واقعہ ڈوڈہ کی پنچائت پریوت میں پیش آیا جب ایک نامہ نگار اپنے فرائض انجام دے رہا تھا تو وہاں پر ایک ٹھیکیدار نے اس پر حملہ کیا۔صدر چناب ویلی جرنلسٹ ایسوسیشن نے ان واقعات کی مذمت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ سے اعلی سطحی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے تب تک ہر طرح کے سرکاری تقریبات کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا۔انہو ں نے الزام لگایا کہ جی ایم سی انتظامیہ اپنی غلطیوں و بے ضابطگیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشیش کررہی ہے اور میڈیا کے ساتھ آئے روز غیر اخلاقی برتائو کا مظاہرہ کرتی ہے۔کھوڑا نے کہا کہ اس سے پہلے بھی جی ایم سی انتظامیہ نے میڈیا پر ہسپتال میں داخل ہونے پر پابندی عائد کی تھی۔اس دوران سینئر صحافی فیاض پانپوری نے کہا کہ محکمہ صحت و باالخصوص پیرا میڈیکل سٹاف نے کویڈ کے دوران مثالی کام کیا ہے اور ان کے ساتھ ساتھ پرنٹ والیکٹرانک میڈیا نے بھی صف اول کے ورکروں کی طرح کورونا وائرس میں کام کیا ہے لیکن اعلی آفیسران انہیں نظر اندا ز کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میڈیا کے ساتھ سوتیلے پن کا سلوک ڈوڈہ میں ہمیشہ سے رہا ہے۔پانپوری نے کہا کہ جب بھی کسی تقریب میں کوئی اعلیٰ آفیسر شامل ہوتا ہے وہ میڈیا کے ساتھ ہاتھ ملانا گوارا نہیں کرتا ہے اور بدقسمتی سے وہ یہ سمجھتے ہیں کہ انہیں کوئی کام نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں خوشی ہوتی ہے کہ میڈیا پرسن اپنا کام خوش اسلوبی سے انجام دے رہے ہیں اور عوامی مسائل کو ارباب واقتدار تک پہنچانے میں کو ئی کمی نہیں رکھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پرنسپل جی ایم سی نے میڈیا کی پابندی کو لے کر نوٹس لگایا جو کہ جمہوری عمل کے خلاف ہے اور یہ عندیہ دیتا ہے کہ اندر کیا ہورہا ہے۔پانپوری نے کہا کہ ہم اپنی ذمہ داریوں کو بحسن خوبی نبھاتے رہیں گے اور انتظامیہ کی خامیوں کو اجاگر کرتے رہیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں ہر طرح کی سرکاری تقریبات کا مکمل بائیکاٹ کیا جائیگا۔اس موقع پر سید ریاض اندرابی،ارپن کمار،عمر شہزاد ،شہزادہ فیروز،اصغر بٹ بھی موجود رہے۔