پونچھ//غلطی سے سرحد عبور کرنے والی خاتون کو پاکستانی انتظامیہ نے واپس بھیج دیا ہے۔ اس سلسلے میں پونچھ پولیس نے بتایا کہ قانونی لوازمات پورے ہونے کے بعد خاتون کو اہلخانہ کے حوالے کیا جائیگا۔چیلہ ڈانگری گائوں منڈی پونچھ کی50سال کی عمر کی خاتون زرینہ بی دختر قطب الدین نے 4ماہ قبل گذشتہ سال 23ستمبرکو غلطی سے سرحد عبور کی اور پاکستانی زیر انتظام کشمیر پہنچ گئی۔ ایس ایس پی پونچھ رمیش انگرال نے بتایا کہ پاکستانی فوج نے خاتون کو حراست میں لیکر معاملہ بھارتی حکام کے ساتھ اُٹھایا تھااور خاتون کے بارے میں معلومات حاصل کرلیں ۔ مذکورہ خاتون کو پاکستانی زیر انتظام کشمیر انتظامیہ کی جانب سے پونچھ میں انتظامیہ کے افسران کے حوالے کیا گیا ۔انہوں نے بتایا کہ خاتون کی گمشدگی کے بعد اہل خانہ نے پولیس میں گمشدگی رپورٹ درج کرائی تھی لیکن بعد میں یہ معلوم ہوا کہ خاتون غلطی سے سرحد پار چلی گئی تھی۔مذکورہ خاتون کو چکاداں باغ کراسنگ پوائنٹ سے واپس بھیج دیا گیا ۔ اس موقعہ پر پولیس ، سیول انتظامیہ اور فوجی افسران بھی موجود تھے ۔انہوں نے بتایا کہ خاتون کو پاکستانی حکام سے حاصل کیا گیا اور اس کو قانونی لوازمات کے بعد اپنے اہلخانہ کے حوالے کردیا جائے گا۔