عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//سیاحتی مقام پہلگام میں لیدر ندی میں ڈوبنے والے سری نگر کے ایک شہری کی تلاش کا آپریشن تیسرے روز بھی جاری ہے۔ 42 سالہ شخص اپنے بیٹے کو بچانے کی کوشش کے دوران ندی کے تیز بہاؤ میں بہہ کر لاپتہ ہو گیا تھا۔شہری کی شناخت محمد اشرف میر ولد غلام محی الدین میر، ساکن اخراج پورہ، جوہر نگر سری نگر کے طور پر ہوئی ہے۔ یہ افسوسناک واقعہ اتوار کے روز پہلگام کے علاقے لنگن بال کے قریب پیش آیا۔واقعے کے فوراً بعد ریاستی آفات سے نمٹنے والے ادارے (ایس ڈی آر ایف) اننت ناگ نے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کیا جو اتوار اور پیر کو مسلسل جاری رہا۔ منگل کو تیسرے روز بھی صبح سے ہی آپریشن دوبارہ شروع کیا گیا تاہم تیز بہاؤ اور دشوار حالات کی وجہ سے تلاش میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔حکام نے بتایا کہ ریسکیو ٹیمیں اور دیگر ایجنسیاں مشترکہ طور پر لاپتہ شہری کی تلاش میں مصروف ہیں۔ مقامی لوگوں نے بھی اس افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور سیاحوں کو دریا کے کنارے احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔