عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) کشمیر، وی کے بردی نے منگل کو پولیس کنٹرول روم سرینگر میں ایک اعلیٰ سطحی سیکورٹی جائزہ اجلاس کی صدارت کی، جس میں وادی بھر میں عید میلاد النبیی(ﷺ) کے موقع پر منعقد ہونے والے اجتماعات اور جلوسوں کے دوران فول پروف انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ میٹنگ میں کشمیر زون کے تمام رینج کے ڈپٹی انسپکٹر جنرلز اور سینئر سپرنٹنڈنٹس آف پولیس (ایس ایس پیز) شریک ہوئے ۔ اجلاس میں خاص طور پر درگاہوں اور آستانوں اور دیگر اہم مذہبی مقامات پر متوقع بڑے اجتماعات کے حوالے سے حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ آئی جی پی کشمیر نے افسران کو ہدایت دی کہ درگاہ حضرت بل سمیت ان تمام مقامات پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے جہاں شب بیداری اور وسیع عوامی شرکت متوقع ہے ۔ انہوں نے حساس مقامات پر نگرانی بڑھانے ، موثر ایریا ڈومینیشن کے لیے گشت میں تیزی لانے اور منظم نگرانی پر زور دیا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکا جا سکے ۔ اس کے ساتھ ساتھ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے مناسب انتظامات کرنے پر بھی زور دیا گیا تاکہ زائرین کو کسی دشواری کا سامنا نہ ہو۔